2024 سنبھل تشدد: کلیدی ملزم شارق ساٹھا کے خلاف ریڈ کارنر نوٹس جاری
پولیس کے مطابق ساٹھا جعلی پاسپورٹ کے ذریعہ دبئی فرار ہوگیا تھا اور اس کے اہل خانہ اکثر وہاں کا سفر کرتے رہے ہیں۔

Published : August 22, 2026 at 11:42 AM IST
سنبھل: ایک پولیس اہلکار نے جمعہ کو بتایا کہ انٹرپول نے مفرور گینگسٹر شارق ساٹھا کے خلاف ریڈ کارنر نوٹس جاری کر دیا ہے۔ ساٹھا پر 2024 میں اتر پردیش کے سنبھل میں تشدد کی سازش رچنے کا الزام ہے۔
سنبھل کے پولیس سپرنٹنڈنٹ (اب بجنور کے ایس پی) کرشن کمار بشنوئی نے جمعہ کو نامہ نگاروں کو بتایا کہ 24 نومبر 2024 کے تشدد کے کلیدی ملزم ساٹھا کو پہلے ہی عدالت نے مفرور مجرم قرار دیا تھا، اور اس کے اثاثوں کو ضبط کرنے کی کارروائی شروع کر دی گئی تھی۔
ضروری رسمی کارروائیوں کو مکمل کرنے کے بعد، اتر پردیش پولیس نے اکتوبر 2025 میں سینٹرل بیورو آف انویسٹی گیشن (سی بی آئی) سے درخواست کی تھی کہ وہ انٹرپول سے رابطہ کرے اور ساٹھا کے خلاف ریڈ کارنر نوٹس جاری کرنے کو کہے۔
پولیس کا دعویٰ ہے کہ ساٹھا جعلی پاسپورٹ کا استعمال کرتے ہوئے دبئی فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا تھا اور اس کے اہل خانہ اکثر اس مقام کا سفر کرتے رہے ہیں۔ پولیس نے اس پر کڑی نظر رکھی اور سی بی آئی کو ایک تفصیلی رپورٹ پیش کی، جس کے بعد سی بی آئی نے ریڈ کارنر نوٹس جاری کرنے کے لیے انٹرپول کے ساتھ رابطہ کیا۔
بشنوئی نے کہا کہ اب اسے (شارق ساٹھا) گرفتار کرنے اور ہندوستان واپس لانے کی کوششیں کی جائیں گی، تاکہ 24 نومبر 2024 کے واقعے اور اس کے خلاف پہلے سے ہی درج 55 سے 60 دیگر مجرمانہ مقدمات کے بارے میں قانونی کارروائی کی جاسکے۔
سنبھل میں 24 نومبر 2024 کو اس وقت کشیدگی پھیل گئی تھی جب عدالت کے حکم پر ہورہے شاہی جامع مسجد کے سروے کے دوران احتجاج شروع ہوا۔ اس دوران مقامی لوگوں کی سیکورٹی فورسز کے ساتھ جھڑپ ہوئی۔ تشدد میں چار افراد ہلاک اور درجنوں زخمی ہوئے۔
ایس پی نے بتایا کہ تحقیقات کے دوران کیس میں ساٹھا کا نام کلیدی سازشی کے طور پر سامنے آیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ شخص برسوں پہلے ملک سے فرار ہوا تھا اور تب سے مفرور ہے۔
متعدد پولیس چھاپوں کے باوجود، ساٹھا کا پتہ نہیں چل سکا۔ اس کے نتیجے میں، بھارتیہ نیاے سنہتا (بی این ایس) کی دفعہ 84 کے تحت اس کی رہائش گاہ پر ایک نوٹس چسپاں کر دیا گیا۔ بشنوئی نے بتایا کہ ساٹھا کے خلاف ایک لک آؤٹ سرکلر پہلے ہی جاری کیا جا چکا ہے۔ ریڈ کارنر نوٹس ایک بین الاقوامی درخواست ہے جو انٹرپول کی طرف سے دنیا بھر میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کو جاری کی جاتی ہے۔ اس کا مقصد کسی ایسے فرد کو تلاش کرنا اور عارضی طور پر گرفتار کرنا ہے جو قانونی کارروائی یا سزا سنانے کے لیے مطلوب ہو۔
پولیس کے مطابق، بیرون ملک سے کام کرتے ہوئے، ساٹھا دہلی این سی آر اور اتر پردیش میں گاڑیوں کی چوری سمیت مختلف منظم مجرمانہ سرگرمیوں میں ملوث تھا۔
یہ بھی پڑھیں:

