آئی ڈی ایف سی فرسٹ بینک گھوٹالہ: ماسٹر مائنڈ سمیت چار گرفتار، اعلیٰ سطحی تحقیقاتی کمیٹی تشکیل
گرفتار شدگان میں ریبھَو رِشی، ابھیشیک سنگھلا اور سواتی شامل ہیں۔ تمام ملزمان کا پنچکولہ سیکٹر 6 اسپتال میں طبی معائنہ کرایا گیا۔

Published : February 25, 2026 at 2:15 PM IST
چندی گڑھ : آئی ڈی ایف سی فرسٹ بنک سے متعلق مبینہ گھوٹالے کے معاملے میں ہریانہ ویجلنس اور اینٹی کرپشن بیورو نے دیر رات بڑی کارروائی کرتے ہوئے ماسٹر مائنڈ ریبھَو رِشی سمیت چار افراد کو گرفتار کر لیا۔ اس کیس کی جانچ کے لیے ریاستی حکومت نے چار رکنی اعلیٰ سطحی کمیٹی بھی تشکیل دے دی ہے۔
گرفتار شدگان میں ریبھَو رِشی (بینک منیجر)، ابھیشیک سنگھلا، ابھیے (ریلیشن شپ منیجر) اور سواتی شامل ہیں۔ تمام ملزمان کا پنچکولہ سیکٹر 6 اسپتال میں طبی معائنہ کرایا گیا۔ اینٹی کرپشن بیورو اس معاملے میں تفصیلی تفتیش کر رہا ہے۔
اینٹی کرپشن بیورو کے ڈی جی پی اے ایس چاولہ کے مطابق 23 فروری کو پنچایت محکمہ کی جانب سے ایک خط موصول ہوا تھا، جس میں مبینہ خرد برد کی اطلاع دی گئی تھی۔ اس کے بعد اے سی بی نے مقدمہ نمبر 4 درج کیا۔ ابتدائی تحقیقات میں ریبھَو رِشی اور ابھیے کو حراست میں لیا گیا، جو مبینہ طور پر پوری اسکیم کے منصوبہ ساز تھے۔
حکام کے مطابق تقریباً 300 کروڑ روپے "سواستک دیش پروجیکٹ" نامی اکاؤنٹ میں منتقل کیے گئے تھے، جبکہ کچھ رقم اے یو اسمال فینانس بینک میں بھی گئی۔ سواتی سنگھلا ایک نجی کمپنی کی مالک اور ابھیے کی اہلیہ ہیں، جبکہ ابھیشیک بھائی ہے۔
وزیر اعلیٰ نایب سنگھ سینی نے اسمبلی میں بتایا کہ مجموعی طور پر 590 کروڑ روپے حکومت کے کھاتے میں واپس جمع کرادیے گئے ہیں، جن میں 556 کروڑ روپے اصل رقم اور تقریباً 22 کروڑ روپے سود شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے 24 گھنٹوں کے اندر پوری رقم ریکور کرلی تھی۔
وزیر اعلیٰ کے مطابق اس گھوٹالے میں بینک کی چنڈی گڑھ برانچ کے نچلے درجے کے کچھ ملازمین کی ملی بھگت سامنے آئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر کسی سرکاری افسر کے ملوث ہونے کے شواہد ملے تو اس کے خلاف بھی سخت کارروائی کی جائے گی۔
یہ بھی پڑھیں: آن لائن بچت اکاؤنٹس کے لیے ویڈیو کے وائی سی خدمات
حکومت نے مالیات کے ایڈیشنل چیف سیکریٹری ارون گپتا کی سربراہی میں ایک ہائی لیول کمیٹی قائم کی ہے۔ کمیٹی نہ صرف ذمہ داران کی نشاندہی کرے گی بلکہ آئندہ ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے ضروری اصلاحات بھی تجویز کرے گی۔ ملزمان کو آج عدالت میں پیش کیا جائے گا۔

