بیڑ کی گلزار رضا ٹرسٹ کے خلاف ایف آئی آر درج، دو گرفتاریاں، مذہب کے نام پر کروڑوں روپے بٹورنے کا الزام
مہاراشٹر کے بیڑ ضلع میں فلسطینیوں کے لیے امداد جمع کرنے کے نام پر مبینہ طور پر 4 کروڑ روپے سے زائد جمع کیے گئے۔

Published : January 9, 2026 at 9:14 AM IST
بیڑ: مہاراشٹر کے بیڑ ضلع میں گلزار رضا ٹرسٹ کے چار ٹسٹیوں کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ ان پر الزام لگایا گیا ہے کہ، ان افراد نے اسرائیل کے ساتھ جاری جنگ میں فلسطین کی مدد کے لیے مبینہ طور پر 4 کروڑ روپے سے زیادہ کی رقم جمع کی۔
پولیس اہلکار نے جانکاری دیتے ہوئے کہا کہ، "مقامی پولیس اور اس کے انسداد دہشت گردی یونٹ کے پاس مشتبہ دہشت گردی کی فنڈنگ کے بارے میں مخصوص معلومات تھیں۔ ماجلگاؤں کے پترودا گاؤں میں تلاشی لی گئی۔ ملزمان نے فلسطین کی حمایت کے بہانے 4 کروڑ روپے سے زیادہ کی رقم جمع کی۔"
پی ٹی آئی سے بات کرتے ہوئے پولیس نے مزید جانکاری دیتے ہوئے کہا کہ، یہ رقم ایک ٹرسٹ (گلزار رضا ٹرسٹ) کے بینک اکاؤنٹ میں جمع کی گئی جو چیریٹی کمشنر کے پاس رجسٹرڈ نہیں ہے۔
پولیس اہلکار نے مزید کہا کہ پولیس اس بات کی تصدیق کر رہی ہے کہ آیا ملزمان کے کسی ممنوعہ تنظیم سے روابط ہیں اور کیا ان کی طرف سے جمع کی گئی رقم دہشت گردی کی فنڈنگ کا حصہ تھی۔
گلزار رضا ٹرسٹ کے خلاف ایف آئی آر
مذہبی کام کے نام پر عوام سے کروڑوں روپے بٹورنے اور جعلی دستاویزات کی بنیاد پر بینکوں اور محکمہ انکم ٹیکس کو دھوکہ دینے والے 'گلزار رضا' نامی بوگس ٹرسٹ کا پردہ فاش کرنے کا اے ٹی ایس نے دعویٰ کیا ہے۔ انسداد دہشت گردی اسکواڈ (اے ٹی ایس) کی جانب سے کی گئی مکمل تحقیقات میں یہ انکشاف ہوا ہے۔ اس ٹرسٹ پر 4 کروڑ 73 لاکھ 67 ہزار روپے کے غبن کرنے کا الزام لگایا گیا ہے۔ اس معاملے میں اے ٹی ایس ٹیم نے بیڑ کے ماجلگاؤں دیہی پولیس اسٹیشن میں چار ٹرسٹیوں کے خلاف دھوکہ دہی کا معاملہ درج کیا ہے۔ اس کیس میں درج ہونے والوں کے نام کلیم شیخ (مقام صدر بازار، امباجوگئی)، مزمل نور سید (مقام پتروڈ، ضلع ماجلگاؤں)، احمد الدین قیصر قاضی (مقام کاج، بیڑ)، توفیق جاوید قاضی (مقام اندھیری) ہیں۔
گلزار رضا ٹرسٹ شک کی زد میں آئی
انسداد دہشت گردی اسکواڈ کی سمبھاجی نگر یونٹ بیڑ ضلع میں مختلف این جی اوز اور ٹرسٹوں کی باقاعدگی سے جانچ کرتی ہے۔ ایسے میں تنظیم 'گلزار رضا' شک کی زد میں آ گئی۔ اس تنظیم کی ویب سائٹ اور سوشل میڈیا پر موجود معلومات کے مطابق یہ انکشاف ہوا ہے کہ یہ تنظیم مذہبی کاموں کے لیے چندہ اکٹھا کر رہی تھی۔ تکنیکی جانچ کے بعد چونکا دینے والی حقیقت سامنے آئی ہے اور اس کارروائی سے بیڑ سمیت پورے ضلع میں سنسنی پھیل گئی ہے۔ 'گلزار رضا ٹرسٹ' نے ایکسس بینک کی لاتور برانچ میں 5 اکاؤنٹس کھولے۔ اس کے لیے انھوں نے یہ بہانہ بنا کر بینک کو گمراہ کیا کہ وقف بورڈ اور اہلیانگر کی ایک اور تنظیم 'فیضانِ کنز الایمان' کا رجسٹریشن نمبر ان کا ہے۔ تحقیقات میں یہ بھی پتہ چلا ہے کہ ٹرسٹ نے نیتی آیوگ کے درپن پورٹل پر رجسٹریشن کے دوران فرضی نمبر کا استعمال کیا تھا۔
(پی ٹی آئی کی مشمولات کے ساتھ)
یہ بھی پڑھیں:

