راجستھان میں بھارت پاکستان سرحد پر مشتبہ پاکستانی نوجوان گرفتار
بی ایس ایف نے بھارت پاکستان سرحد سے متصل باڑمیر میں ایک پاکستانی شہری کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔

Published : November 27, 2025 at 2:42 PM IST
باڑمیر: بارڈر سکیورٹی فورس (بی ایس ایف) کے اہلکاروں نے راجستھان کے سرحدی ضلع باڑمیر میں ہندوستان-پاکستان سرحد پر ایک مشتبہ پاکستانی شہری کو گرفتار کیا ہے۔ بی ایس ایف کے مطابق نوجوان رات کی تاریکی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے بھارت میں گھس آیا اور مویشیوں کے ایک باڑے میں چھپ گیا لیکن بی ایس ایف نے اسے پکڑ لیا۔ پوچھ گچھ کے بعد بی ایس ایف نے ملزم کو پولیس کے حوالے کر دیا ہے۔ ابتدائی پوچھ گچھ کے دوران اس کے پاس سے کوئی مشکوک چیز نہیں ملی تاہم سکیورٹی ایجنسیاں واقعے کو سنگین قرار دے رہی ہیں اور جانچ کا آغاز کر دیا ہے۔
باڑمیر کے سپرنٹنڈنٹ آف پولیس نریندر سنگھ مینا کے مطابق بی ایس ایف کے اہلکاروں نے بدھ کو سیڈوا پولیس اسٹیشن کے حلقے میں ایک پاکستانی شہری کو گرفتار کیا۔ نوجوان سرحد کے پاس واقع جاٹوں کا بیرا گاؤں میں مویشیوں کے ایک باڑے میں چھپا ہوا تھا۔ گاؤں والوں کی اطلاع پر بی ایس ایف کے اہلکار پہنچے اور اسے پکڑ لیا۔
ایس ایس پی کے مطابق پوچھ گچھ کے دوران اس نے اپنا نام 24 سالہ ہندال ولد برسا ساکن نیاتلہ، تحصیل چھاچھرو، ضلع میٹھی، پاکستان بتایا۔ بی ایس ایف نے اسے سیڈوا پولیس اسٹیشن کے حوالے کر دیا ہے۔ اب پولیس کے علاوہ مختلف سکیورٹی ایجنسیاں اس سے پوچھ گچھ کریں گی۔ فی الحال اس کے پاس سے کوئی مشکوک چیز نہیں ملی ہے۔
اس بات کی جانکاری اکٹھی کی جا رہی ہیں کہ یہ پاکستانی شہری کس طرح سرحد پار کر کے بھارت میں داخل ہوا۔ اس کے قدموں کے نشانات کی تلاش کی جا رہی ہے تاکہ یہ معلوم کیا جا سکے کہ اس نے بھارت میں داخل ہونے کے لیے کون سا راستہ اختیار کیا۔ اس سے مستقبل میں ایسے واقعات کو روکنے میں مدد ملے گی۔ اس مشکوک نوجوان سے فی الحال پوچھ گچھ کی جا رہی ہے۔ اس سے قبل، آٹھ اکتوبر کو بی ایس ایف نے ایک پاکستانی شہری اور اس کے سات سالہ بیٹے کو بھارت پاکستان سرحد کے زیرو پوائنٹ پر گرفتار کیا تھا۔

