جیسلمیر سرحد پر دراندازی کی کوشش ناکام، پاکستانی شہری گرفتار
ایک پاکستانی شخص کو اس وقت گرفتار کیا گیا جب وہ راجستھان میں ہند۔پاک سرحد پر بھارتی علاقے میں داخل ہونے کی کوشش کررہا تھا۔

Published : January 1, 2026 at 3:33 PM IST
جیسلمیر : راجستھان کے سرحدی ضلع جیسلمیر میں بارڈر سیکیورٹی فورس (بی ایس ایف) نے بھارت–پاکستان بین الاقوامی سرحد پر دراندازی کی ایک کوشش ناکام بناتے ہوئے ایک پاکستانی شہری کو گرفتار کر لیا ہے۔ یہ کارروائی بی ایس ایف کی 72ویں بٹالین نے ناچنا سیکٹر میں معمول کی گشت کے دوران انجام دی۔ بی ایس ایف اہلکاروں نے ایک مشتبہ شخص کو سرحدی باڑ عبور کرتے ہوئے بھارتی حدود کی طرف آتے دیکھا، جس کے بعد علاقے کو گھیرے میں لے کر اسے حراست میں لے لیا گیا۔ گرفتار شخص کو فوری طور پر قریبی بارڈر آؤٹ پوسٹ منتقل کیا گیا۔
ابتدائی تفتیش کے دوران ملزم نے اپنی شناخت عشرت (35) ولد رانا محمد اسلم، ساکن ضلع سرگودھا، پنجاب (پاکستان) کے طور پر بتائی۔ بی ایس ایف حکام کے مطابق تفتیش کے دوران عشرت شدید گھبراہٹ اور بے چینی کا شکار دکھائی دیا اور اس نے بار بار اپنے بیانات تبدیل کیے۔ حکام کا کہنا ہے کہ تلاشی کے دوران ملزم کے قبضے سے کوئی ہتھیار، دستاویزات یا مشتبہ مواد برآمد نہیں ہوا، تاہم اس کے ذہنی توازن کا جائزہ لینے کے لیے طبی معائنہ کرایا جا رہا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: دراندازی کو ناکام بنانے کے لیے سرحد پر بی ایس ایف اہلکار الرٹ - BSF ON IB
اس وقت بی ایس ایف اور دیگر سیکیورٹی ایجنسیاں مشترکہ طور پر اس سے پوچھ گچھ کر رہی ہیں۔ ناچنا علاقہ اسٹریٹجک اعتبار سے انتہائی حساس مانا جاتا ہے، جہاں دشوار گزار زمین اور سردیوں میں گھنے کہرے کے باعث نگرانی مشکل ہو جاتی ہے۔ ایسے میں پاکستان کے ایک اہم فوجی مرکز سرگودھا سے پیدل سرحد تک پہنچنا کئی سوالات کو جنم دے رہا ہے۔ تمام قانونی کارروائی مکمل ہونے کے بعد ملزم کو ناچنا پولیس کے حوالے کیا جائے گا۔

