'سب ذیابیطس کا شکار ہو رہے ہیں..' شکر کی بڑھتی قیمتوں پر بہار کے وزیر شرون کمار کا بیان
بہار کے ریاستی وزیر نے عجیب و غریب بیان دیتے ہوئے کہا کہ سب کو ذیابیطس ہو گیا، اب مٹھائی کون کھاتا ہے؟

Published : August 22, 2026 at 12:40 PM IST
پٹنہ: (اویناش کمار) ملک بھر کے بازاروں میں تہواروں سے پہلے شکر کے دام پچھلے کچھ دنوں کے اندر 40 فیصد تک بڑھ گئے ہیں۔ 10 دن پہلے تک شکر کی قیمتیں 45 روپے سے 50 روپے تھیں، جو اب 65 روپے سے 70 روپے فی کلو بک رہی ہے۔ اس دوران شکر کی بڑھتی قیمتوں پر جے ڈی یو لیڈر اور بہار حکومت کے وزیر شرون کمار نے عجیب و غریب بیان دیا۔
بہار حکومت کے وزیر شرون کمار نے شکر کی بڑھتی قیمتوں پر بیان دیتے ہوئے کہا کہ "ویسے بھی لوگ شکر کم کھا رہے ہیں، آج کل تو سب ذیابیطس کے شکار ہو رہے ہیں، اب مٹھائی کون کھاتا ہے؟ شکر کے دام بڑھنے سے کوئی فرق نہیں پڑے گا۔"
Patna, Bihar: On prices of sugar, Minister Shravan Kumar says, "Nowadays, everyone seems to be cutting down on sweets, and many people are suffering from diabetes. I don’t think the rise in sugar prices will make much difference..'' pic.twitter.com/A4JEAxWv4F
— IANS (@ians_india) August 20, 2026
وزیر کا بیان وائرل
وزیر شرون کمار نے یہ باتیں اس وقت کہیں۔ جب پٹنہ ایئرپورٹ پر میڈیا نے سوال کیا کہ "شکر کے دام بڑھ گئے ہیں۔ اس سے عام لوگ متاثر ہو رہے ہیں؟" میڈیا کے اسی سوال کا جواب وزیر نے اس انداز میں دیا۔ وزیر کا یہ بیان سوشل میڈیا پر خوب وائرل ہو رہا ہے۔ سوشل میڈیا انفلوئنسرز کے ساتھ ساتھ لوگ ان کے اس بیان والی ویڈیو کو شیئر کر رہے ہیں۔
شکر کی قیمتوں میں اچھال
رپورٹ کے مطابق پٹنہ کی تھوک مارکیٹ میں چینی کی قیمت میں 35 فیصد کا اضافہ ہوا ہے۔ پچھلے ایک مہینے میں شکر کی قیمت میں 1600 روپے فی کوئنٹل اضافہ ہوا ہے۔ پہلے قیمت 4800 روپے فی کوئنٹل تھی، لیکن اب وہی چینی 6400 روپے فی کوئنٹل مل رہی ہے۔ خوردہ بازار میں شکر کی قیمت 65 سے 70 روپے فی کلو ہو گئی ہے۔
کالا بازاری پر سخت حکم
ایسے میں شکر کی بڑھتی قیمتوں کو لے کر لوگوں کو اب کالا بازاری کا اندیشہ ہے۔ اس کے پیشِ نظر بہار کے وزیر برائے گنا صنعت سنجے کمار نے حکم جاری کیا ہے کہ جو بھی شکر کی کالا بازاری کرے گا، اس کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ اگر کسی بھی تاجر کے پاس 400 ٹن سے زیادہ شکر پائی گئی تو ان پر ایف آئی آر درج کی جائے گی۔ حکام کو اسٹاک کی تصدیق کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔
مزید پڑھیں: تہوار کے موسم سے عین قبل شکرکی قیمتوں میں اضافہ، ایتھنول نہیں دیگر عوامل ہیں وجہ، مرکز کا دعویٰ

