ترواننت پورم سے دہلی جانے والی ایئر انڈیا پرواز کی ہنگامی لینڈنگ، انجن میں خرابی کا خدشہ
خطرے کو بھانپتے ہوئے پائلٹس نے فوری طور پر ایئر ٹریفک کنٹرول کو پی اے این۔پی اے این ایمرجنسی سگنل جاری کردیا۔

Published : March 11, 2026 at 1:55 PM IST
ترواننت پورم: بدھ کے روز ایک بڑا فضائی حادثہ اس وقت ٹل گیا جب ایئر انڈیا کی ترواننت پورم سے نئی دہلی جانے والی پرواز نے ٹیک آف کے کچھ ہی دیر بعد ہنگامی لینڈنگ کر لی۔ اطلاعات کے مطابق پرواز اے آئی 830، جو کہ ایئربس اے 321 طیارے کے ذریعہ چلائی جا رہی تھی، ترواننت پورم انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے روانہ ہونے کے فوراً بعد پائلٹس کو کاک پٹ میں انتباہ ملا کہ دوسرے انجن میں تیل کی مقدار کم ہے اور آئل پریشر صفر ہو چکا ہے۔
خطرے کو بھانپتے ہوئے پائلٹس نے فوری طور پر اس انجن کو ہوا میں ہی بند کر دیا اور ایئر ٹریفک کنٹرول کو پی اے این۔پی اے این ایمرجنسی سگنل جاری کیا، جو کسی سنگین صورتِ حال میں ترجیحی لینڈنگ کی اجازت کے لیے دیا جاتا ہے۔ ایئر ٹریفک کنٹرول نے طیارے کو فوراً واپس ترواننت پورم آنے کی اجازت دی، جس کے بعد جہاز بحفاظت ایئرپورٹ پر اتر گیا۔ تمام مسافروں اور عملے کو محفوظ طریقے سے باہر نکال لیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں: لکھنؤ: اڑان بھرتے ہی نائب وزیر اعلیٰ کیشو موریہ کا ہیلی کاپٹر دھویں سے بھر گیا، ایمرجنسی لینڈنگ
ایئرپورٹ کے ترجمان مہیش گپتن کے مطابق طیارے کو ایئرکرافٹ آن گراونڈ قرار دے کر تکنیکی معائنہ کے لیے روک دیا گیا ہے۔ ایئرلائن کے انجینئر اس بات کی تحقیقات کر رہے ہیں کہ آیا انجن میں خرابی کسی آئل لیک کی وجہ سے پیدا ہوئی۔ حکام کے مطابق بروقت فیصلہ اور پائلٹس کی پیشہ ورانہ مہارت کے باعث ایک ممکنہ بڑا حادثہ ٹل گیا اور تمام مسافر محفوظ رہے۔

