بنگلہ دیش سے لائی گئی سنالی خاتون نے بیٹے کو دیا جنم، ماں اور نومولود کی حالت مستحکم
سپریم کورٹ کی ہدایت کےبعد سنالی کو گزشتہ ماہ اس کے نابالغ بیٹے صابر کے ساتھ مالدہ سرحد کے راستے ہندوستان واپس لایا گیا تھا۔

Published : January 5, 2026 at 7:48 PM IST
رامپورہاٹ (مغربی بنگال): مغربی بنگال کے بیر بھوم ضلع سے جلاوطن مہاجر کارکن سنالی خاتون نے پیر کی صبح رام پورہاٹ گورنمنٹ میڈیکل کالج اور اسپتال میں ایک بیٹے کو جنم دیا۔ سپریم کورٹ کی مداخلت کے بعد سنالی کو 5 دسمبر کو بنگلہ دیش سے ہندوستان واپس لایا گیا تھا۔
خبر ملتے ہی ترنمول کانگریس کے راجیہ سبھا ایم پی سمیر الاسلام نومولود اور ماں کو دیکھنے اسپتال گئے۔ ہسپتال کے ڈاکٹروں سے بات کرنے کے بعد سمیر الاسلام نے بتایا کہ ماں اور بچہ دونوں کی حالت مستحکم ہیں۔
انہوں نے کہا ہمارے لیڈر ابھیشیک بنرجی نے اس بارے میں ٹویٹ کیا ہے۔ وہ منگل کو ماں اور نومولود سے ملاقات کریں گے۔ سنالی کی والدہ نے کہا کہ ہم بہت خوش ہیں کیونکہ خاندان کی خواہش تھی کہ بچہ مغربی بنگال میں پیدا ہو۔ طویل جدوجہد کے بعد ان کی خواہش پوری ہوئی ہے۔ ماں نے کہا انہوں نے ابھی تک بچے کو نہیں دیکھا۔ ہم نے اتوار کو سنالی کو اسپتال میں داخل کرایا، اور آج بچے کی پیدائش ہوئی ہے۔ ہم بہت خوش ہیں۔"
طویل عرصے تک غیر یقینی صورتحال کے بعد سنالی دسمبر میں بنگلہ دیش سے ہندوستان واپس آئی۔ اب اس نے ایک بیٹے کو جنم دیا ہے۔ بیر بھوم کے پائیکر کی رہنے والی سنالی خاتون کو دہلی پولیس نے گزشتہ سال جولائی میں بنگلہ دیشی شہری ہونے کے شبہ میں گرفتار کیا تھا اور بعد میں اسے پڑوسی ملک بنگلہ دیش بھیج دیا گیا تھا۔ ملک بدری کے وقت سونالی حاملہ تھیں۔ سنالی کو ان کے شوہر اور نابالغ بیٹے اور تین دیگر کے ساتھ آسام کی سرحد کے پار بنگلہ دیش بھیج دیا گیا۔
اس واقعہ کے سامنے آنے کے بعد ترنمول کانگریس نے قانونی جنگ شروع کر دی۔ ہائی کورٹ سے سپریم کورٹ میں اپیل کے بعد بنگلہ دیش کی ایک عدالت نے سبھی کو مشروط ضمانت دے دی لیکن انہیں ہندوستان واپس آنے سے روک دیا۔ تاہم، دسمبر میں، بنگلہ دیش نے حاملہ سنالی اور اس کے نابالغ بیٹے کو ہندوستان واپس آنے کی اجازت دی۔ اس کے بعد بیر بھوم کی نوجوان خاتون مالدہ بارڈر کے راستے اپنے نابالغ بچے کے ساتھ ہندوستان واپس آئی۔ ان کے خاندان کے کچھ افراد بنگلہ دیش میں رہ گئے ہیں۔
پچھلے کچھ مہینوں سے ملک کے مختلف حصوں میں بنگالی بولنے والے تارکین وطن کارکنوں پر حملے ہو رہے ہیں۔ دہلی میں سنالی اور اس کے اہل خانہ کے ساتھ پیش آنے والے اس واقعے کا کافی چرچا ہوا ہے۔ سنالی اور اس کے خاندان کو ابتدائی طور پر واپس بھیج دیا گیا، اور قانونی جنگ شروع ہو گئی۔ مرکزی حکومت نے مسلسل ان کی ملک واپسی کی مخالفت کی، لیکن سپریم کورٹ نے ان کے دلائل کو مسترد کر دیا۔
سپریم کورٹ نے بعد میں مرکزی حکومت کو ہدایت کی کہ وہ سنالی کو ہندوستان واپس لانے کے لیے ہر ضروری اقدام کرے۔ اس سے دونوں حکومتوں کے درمیان بات چیت ہوئی جس کے بعد سنالی ہندوستان واپس آگئی۔

