ETV Bharat / sports

ٹیسٹ ٹیم میں عاقب نبی کے انتخاب پر وادی کے نوجوانوں میں خوشی کی لہر

بھارتی ٹیسٹ اسکواڈ میں عاقب نبی کے انتخاب پر ان کے آبائی علاقے بارہمولہ کے نوجوانوں نے خوشی کا اظہار کیا ہے۔

ٹیسٹ ٹیم میں عاقب نبی کے انتخاب پر وادی کے نوجوانوں میں خوشی کی لہر
ٹیسٹ ٹیم میں عاقب نبی کے انتخاب پر وادی کے نوجوانوں میں خوشی کی لہر (ETV Bharat)
author img

By ETV Bharat Urdu Team

Published : August 3, 2026 at 1:11 PM IST

|

Updated : August 3, 2026 at 1:23 PM IST

3 Min Read
Choose ETV Bharat

بارہمولہ: جموں و کشمیر کی کرکٹ تاریخ میں آج ایک نیا اور سنہرا باب رقم ہو گیا ہے۔ وادی کے مایہ ناز تیز گیند باز عاقب نبی ڈار بھارتی ٹیسٹ اسکواڈ میں جگہ بنانے والے کشمیر کے پہلے کرکٹر بن گئے ہیں۔ بی سی سی آئی کی جانب سے سری لنکا کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے لیے زخمی جسپریت بمراہ کی جگہ عاقب نبی کے نام کے اعلان کے بعد ان کے آبائی شہر بارہمولہ سمیت پوری وادی میں خوشی کا ماحول ہے۔

ٹیسٹ ٹیم میں عاقب نبی کے انتخاب پر بارہمولہ کرکٹ فورم کے صدر، زبیر ڈار کا رد عمل (ETV Bharat)

ضلع بارہمولہ سے تعلق رکھنے والے 29 سالہ عاقب نبی کے اس تاریخی انتخاب پر مقامی نوجوانوں اور کھلاڑیوں نے خوشی اور نیک تمناؤں کا اظہار کیا ہے۔ مقامی نوجوانوں نے اپنے ردِعمل میں کہا کہ انہیں پوری امید ہے کہ وہ انڈین کرکٹ ٹیم کی پلیئنگ الیون کا حصہ بن کر بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کریں گے اور ملک و قوم کا نام روشن کریں گے۔

بارہمولہ کرکٹ فورم کے صدر، زبیر ڈار نے اس کامیابی پر فخر کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ 'عاقب نبی خالصتاً ریڈ بال کرکٹ (ٹیسٹ کرکٹ) کے ماہر گیند باز ہیں۔ انہوں نے رنجی ٹرافی میں کافی اچھی پرفارمنس دی ہے، اب وقت آ گیا ہے کہ وہ ایک بار پھر ملک کا نام روشن کریں۔' عاقب نبی کا یہ انتخاب وادی کے ہزاروں ابھرتے ہوئے نوجوان کرکٹرز کے لیے ایک مشعلِ راہ ثابت ہوگا۔

قابل ذکر ہے کہ 29 سالہ نبی، جس کا تعلق کشمیر کے بارہمولہ کے ایک دور افتادہ گاؤں سے ہے، پرویز رسول اور عمران ملک کے بعد جموں و کشمیر کے تیسرے کھلاڑی ہیں جنہوں نے قومی ٹیم میں سینئر کال اپ حاصل کی۔ رسول اور ملک بھارت کے لیے محدود اوورز کے فارمیٹ میں کھیلے۔


عاقب نبی نے گذشتہ دو رنجی ٹرافی سیزن میں 104 وکٹیں حاصل کیں، جن میں 2025-26 کی مہم میں 60 وکٹیں بھی شامل ہیں، جس نے جموں اور کشمیر کی پہلی رنجی ٹرافی کی فتح میں اہم کردار ادا کیا۔

Last Updated : August 3, 2026 at 1:23 PM IST