جموں کشمیر کرکٹ ٹیم نے تاریخ رقم کر دی، پہلی بار رنجی ٹرافی فائنل میں رسائی
میچ میں کشمیر کے تیز گیند باز عاقب نبی نے بنگال کے نو بلے بازوں کو آؤٹ کرکے میچ میں اپنی گرفت مضبوط کر لی۔

By ETV Bharat Jammu & Kashmir Team
Published : February 18, 2026 at 11:33 AM IST
|Updated : February 18, 2026 at 11:51 AM IST
جموں (عامر تانترے) : جموں و کشمیر کرکٹ ٹیم نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے رنجی ٹرافی کی تاریخ میں پہلی بار فائنل تک رسائی حاصل کر کے ایک نیا سنگ میل عبور کر لیا۔ سیمی فائنل مقابلے میں جموں کشمیر کی ٹیم نے مضبوط حریف بنگال کو چھ وکٹوں سے شکست دے کر یہ تاریخی کامیابی اپنے نام کر لی۔
پارس ڈوگرہ کی قیادت میں جموں کشمیر کی ٹیم نے میچ کے ہر شعبے میں غیر معمولی کارکردگی کا مظاہرہ کرکے حریف کو کبھی بھی حاوی ہونے کا موقع نہیں دیا۔ میچ میں کشمیر کے ابھرتے تیز گیند باز عاقب نبی نے بہترین کاکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پہلی اننگ میں پانچ اور دوسری میں بنگال کے چار بلے بازوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔ نو وکٹیں حاصل کر کے عاقب نے حریف ٹیم کی بیٹنگ لائن اَپ کو تہس نہس کر دیا، جبکہ بائیں ہاتھ کے فاسٹ بولر سنیل کمار نے میچ میں سات وکٹیں حاصل کیں۔
آج یعنی بدھ کو کھیل کے آخری روز جموں کشمیر ٹیم نے کھیل کا آغاز 43 رنز پر دو وکٹوں کے نقصان پر کیا۔ شبھم پنڈیر جلد آؤٹ ہوگئے، تاہم نائٹ واچ مین ونشج شرما نے ذمہ دارانہ بیٹنگ جاری رکھتے ہوئے 43 قیمتی رنز اسکور کیے۔ کپتان پارس ڈوگرا نے ان کا ساتھ دیا مگر وہ بھی صرف نو رنز کے ذاتی اسکور پر پویلین لوٹ گئے۔
اس موقع پر آئی پی ایل میں اپنی جارحانہ بیٹنگ کے لیے مشہور عبدالصمد کریز پر آئے اور چوکے اور چھکوں کی مدد سے بنگال کے بولرز پر دباؤ بڑھا دیا۔ انہوں نے 29 رنز کی اہم اننگز کھیلتے ہوئے ٹیم کو چوتھے دن کے پہلے ہی سیشن میں 126 رنز کا ہدف حاصل کروا دیا۔
عمر عبداللہ نے پیش کی مبارکباد
جموں و کشمیر کے وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے جموں و کشمیر کرکٹ ٹیم کو رنجی ٹرافی میں شاندار کامیابی پر کھلاڑیوں کو مبارکباد دی۔ عمر عبداللہ نے کھلاڑیوں کے ساتھ ساتھ کوچز اور معاون عملے کی اجتماعی کوشش اور لگن کی بھی تعریف کی۔
وزیر اعلیٰ نے جموں و کشمیر کے لوگوں کی طرف سے بھی مبارکباد پیش کی اور اس اعتماد کا اظہار کیا کہ ’’خطے کے کرکٹرز جلد ہی بین الاقوامی سطح پر اپنی شناخت بنائیں گے۔‘‘
Chief Minister congratulated J&K Cricket Team on their historic victory over Madhya Pradesh in the Ranji Trophy, which has secured them a place in the semi-finals. He extended his best wishes to the team for their semi-final match scheduled on 15 February.
— Office of Chief Minister, J&K (@CM_JnK) February 9, 2026
ایل جی منوج سنہا کا پیغام
جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے بھی جموں کشمیر کرکٹ ٹیم کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے کہا: ’’کرکٹ ٹیم کو رنجی سیمی فائنل میں شاندار جیت پر مبارکباد! آپ نے جموں و کشمیر کی اسپورٹس تاریخ میں ایک نیا سنہرا باب رقم کیا ہے۔ پوری یوٹی کو آپ کی غیر معمولی کارکردگی پر فخر ہے۔ دعا ہے کہ آپ جیتنے کی اس رفتار کو جاری رکھیں اور جموں و کشمیر کا نام روشن کریں۔‘‘
یہ بھی پڑھیں:

