گلمرگ میں چنار اوپن ونٹر گیمز کا اختتام
فوج کے زیر اہتمام منعقدہ اس ٹورنامنٹ میں کل 660ایتھلیٹس نے شرکت کی جن میں 166خواتین ایتھلیٹس بھی شامل تھیں۔

By ETV Bharat Jammu & Kashmir Team
Published : February 21, 2026 at 11:53 AM IST
گلمرگ (کوثر عرفات) : قدرتی خوبصورتی اور برف پوش ڈھلوانوں کے لیے مشہور سیاحتی مقام گلمرگ میں منعقدہ چنار اوپن ونٹر گیمز 2026 کامیابی کے ساتھ اختتام پذیر ہو گئے۔ برف سے ڈھکے دلکش مناظر کے درمیان منعقد ہوئے ان کھیلوں کی تقریب نے نہ صرف شائقین کھیل کو محظوظ کیا بلکہ کشمیر کے نوجوانوں کے جوش، صلاحیت اور مثبت توانائی کو بھی نئی سمت دی۔
چنار کور کے ڈیگر ڈویژن کے زیر اہتمام منعقد ان کھیلوں کا مقصد ’’نوجوانوں کو تعمیری سرگرمیوں کی جانب راغب کرنا اور انہیں اپنی پوشیدہ صلاحیتوں کے اظہار اور نکھارنے کا موقع فراہم کرنا تھا۔‘‘
رواں برس مقابلوں میں ریکارڈ شرکت دیکھنے کو ملی جہاں مجموعی طور پر 660 کھلاڑیوں نے آٹھ مختلف ایونٹس میں شرکت کی۔ ان میں سے 166 لڑکیاں اور 494 لڑکے شامل تھے۔ کھیل مقابلوں میں خواتین کی شرکت سے سرمائی کھیلوں کے فروغ اور اس جانب لڑکوں کا بڑھتا رجحان بھی واضح ہوا۔
مقابلوں میں اسکیئنگ ریس، سنو بورڈنگ ایونٹس اور آئس اسکیٹنگ مظاہرے شامل تھے۔ ان دلکش مقابلوں نے نہ صرف مقامی باشندوں بلکہ یہاں سیر پر آئے سیلانوں اور کھیلوں شائقین کی بڑی تعداد کو اپنی جانب متوجہ کیا۔
اختتامی تقریب کے دوران ناردرن کمانڈ کے جنرل آفیسر کمانڈنگ ان چیف لیفٹیننٹ جنرل پرتیک شرما نے بھی شرکت کی۔ انہوں نے منتظمین کی کاوشوں کو سراہا اور نوجوان کھلاڑیوں کے جذبے اور نظم و ضبط کی بھی تعریف کی۔ انہوں نے کہا: ’’ایسے اقدامات نوجوان نسل کو مثبت سرگرمیوں کی طرف راغب کرنے اور امن و ترقی کے پیغام کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔‘‘
انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ’’کھیلوں کے ذریعے نوجوانوں کو مواقع فراہم کرنے اور خطے میں مثبت ماحول کو فروغ دینے کی کوششیں جاری رہیں گی۔‘‘
اس موقع پر ڈی سی بارہمولہ، منگا شیرپا، نے میڈیا نمائندوں کو بتایا کہ گلمرگ تیزی سے سرمائی کھیلوں کے اہم مرکز کے طور پر اپنی شناخت مضبوط کر رہا ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ ملک کی مختلف ریاستوں سے نوجوان یہاں آکر اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کریں گے۔
یہ بھی پڑھیں:

