ETV Bharat / sports

عاقب نبی سری لنکا کے خلاف سیریز کیلئے ٹیسٹ ٹیم میں شامل، ٹیسٹ میچ کے لیے منتخب ہونے والے پہلے کشمیری کرکٹر

وہ ٹیسٹ میچ کے لیے منتخب ہونے والے جموں کشمیر کے پہلے کرکٹر بن گئے ہیں۔ ان کا ڈیبیو میچ یوٹی کیلئے یادگار پل ہوگا۔

عاقب نبی
عاقب نبی (File Photo: IANS)
author img

By ETV Bharat Urdu Team

Published : August 3, 2026 at 10:55 AM IST

3 Min Read
Choose ETV Bharat

جموں: (عامر تانترے) جموں و کشمیر کے بارہمولہ سے تعلق رکھنے والے تیز گیند باز عاقب نبی کو سری لنکا کے خلاف دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے لیے پہلی بار بھارتی ٹیسٹ ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔ انہیں زخمی جسپریت بمراہ کے متبادل کے طور پر ٹیم میں نامزد کیا گیا ہے۔

جسپریت بمراہ گھٹنے کی انجری (چوٹ) کی وجہ سے سیریز سے باہر ہو گئے تھے اور عاقب نبی ان کی جگہ لینے کے لیے سب سے مضبوط امیدوار تھے۔ دونوں ممالک کے درمیان دو ٹیسٹ میچوں کی یہ سیریز 15 اگست سے شروع ہوگی۔

رنجی ٹرافی کے گذشتہ سیزن میں 60 وکٹیں لینے والے گیند باز عاقب نبی اپنی شاندار کارکردگی کی بدولت گذشتہ دو برسوں سے سلیکشن کمیٹی کا دروازہ کھٹکھٹا رہے تھے۔ ڈومیسٹک کرکٹ کے اس اہم ٹورنامنٹ میں ان کی 60 وکٹوں کی بدولت جموں و کشمیر نے اپنی تاریخ کا پہلا رنجی ٹرافی ٹائٹل جیتا تھا۔ اس جیت کو جے کے کرکٹ ٹیم کی اب تک کی سب سے بڑی کامیابی کے طور پر دیکھا گیا، جسے چند سال پہلے تک اس کھیل میں ایک کمزور ٹیم سمجھا جاتا تھا۔

قابل ذکر ہے کہ جموں و کشمیر کے 29 سالہ تیز گیند باز نے حال ہی میں انڈیا اے ٹیم کے ساتھ سری لنکا کا دورہ کیا تھا اور اپنی کارکردگی سے سلیکٹرز کو متاثر کیا تھا۔

وہ ٹیسٹ میچ کے لیے منتخب ہونے والے جموں و کشمیر کے تاریخ کے پہلے کرکٹر بن گئے ہیں۔ اب سب کی نظریں ان کے ڈیبیو میچ پر ہوں گی، جو ان کے، ان کے خاندان اور پوری یونین ٹریٹری کے لیے ایک تاریخی دن ہوگا۔

رنجی ٹرافی میں شاندار کارکردگی کے بعد، عاقب نبی کو انڈین پریمیئر لیگ کی نیلامی کے دوران دہلی کیپیٹلز نے 8.40 کروڑ روپے میں خریدا تھا اور انہوں نے لنگی نگیڈی، مچل اسٹارک اور دیگر کھلاڑیوں کے ساتھ کھیلا۔ اگرچہ آئی پی ایل میں ان کی کارکردگی اتنی اچھی نہیں تھی، لیکن انہوں نے گیند پر بہترین کنٹرول اور تسلسل سے اپنے ساتھی کھلاڑیوں کو متاثر کیا۔ اس وقت انہیں ملک میں بمراہ اور سراج کے ساتھ ٹیسٹ کرکٹ کا بہترین باؤلر مانا جاتا ہے۔