ہاکی ایشین چیمپئنز ٹرافی: بھارت نے جنوبی کوریا کو ہرا کر فائنل میں جگہ بنائی، جاپان سے ہوگا خطابی مقابلہ
ہندوستانی ٹیم ٹورنامنٹ میں اب تک ناقابلِ شکست رہی ہے اور اپنے تمام پانچ میچ جیت کر پوائنٹس ٹیبل پر ٹاپ پوزیشن پر رہی۔


Published : November 5, 2026 at 12:55 PM IST
موہالی (پنجاب): ہاکی ایشین چیمپئنز ٹرافی 2026 اپنے آخری پڑاؤ پر پہنچ چکی ہے اور بدھ کی رات ٹورنامنٹ کی دوسری فائنلسٹ ٹیم کا نام بھی طے ہو گیا ہے۔ موہالی کے اولمپین بلبیر سنگھ سینئر انٹرنیشنل ہاکی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے ایشین چیمپئنز ٹرافی کے دوسرے سیمی فائنل میں دفاعی چیمپئن بھارت نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے جنوبی کوریا کو 1-8 کے بھاری فرق سے عبرتناک شکست دے کر فائنل کا ٹکٹ حاصل کر لیا۔
اس یکطرفہ مقابلے میں بھارت کی طرف سے لاکڑا نے چوتھے اور 13ویں منٹ میں، جب کہ دلپریت سنگھ نے 21ویں اور 25ویں منٹ میں دو دو شاندار گول کیے۔ ان کے علاوہ کپتان ہرمن پریت سنگھ نے نویں منٹ میں، سکھجیت سنگھ نے 21ویں منٹ میں، انگد بیر سنگھ نے 36ویں منٹ میں اور وویک ساگر پرساد نے 54ویں منٹ میں گول داغے۔ ان گولز کی بدولت بھارت نے ریکارڈ ساتویں بار اس باوقار ٹورنامنٹ کے خطابی مقابلے (فائنل) میں جگہ بنائی، جب کہ جنوبی کوریا کے لیے واحد گول سانگجون ہان نے نویں منٹ میں کیا۔ بہترین کارکردگی پر دلپریت کو 'پلیئر آف دی میچ' چنا گیا۔
WAS THERE EVER ANY DOUBT?! 🇮🇳🔥 The unbeaten hosts make a thunderous statement, storming past Korea 8-1 to book their place in the FINAL of the Hero Asian Champions Trophy Punjab 2026! 💪🏑 UP NEXT: JAPAN IN THE FINAL! 🇯🇵 🗓️ Thursday, November 5 ⏰ 7:00 PM IST One more step to glory! 🇮🇳🏆 #HockeyIsBack #HACT2026 #SatSriAkalAsia #IndiaKaGame
— Hockey India (@TheHockeyIndia) November 4, 2026
پنالٹی شوٹ آؤٹ میں ملیشیا کو شکست
اس سے قبل، ٹورنامنٹ کے پہلے سیمی فائنل میں ایک سنسنی خیز مقابلے کے بعد جاپان نے پنالٹی شوٹ آؤٹ میں ملیشیا کو 3-5 سے ہرا کر فائنل میں اپنی جگہ پہلے ہی پکی کر لی تھی۔ اب فائنل میں روایتی حریفوں کے درمیان ٹرافی کے لیے سخت مقابلہ متوقع ہے، جس کا فینز بے صبری سے انتظار کر رہے ہیں۔
فائنل مقابلہ
دفاعی چیمپئن اور پانچ بار کی چیمپئن ہندوستانی مردوں کی ہاکی ٹیم اب جمعرات، 5 نومبر کو موہالی میں فائنل میں جاپان کا سامنا کرے گی۔ اس میچ میں بھارت اپنا چھٹا خطاب جیت کر اپنے ریکارڈ کو مزید بہتر کرنے کی کوشش کرے گا۔ واضح رہے کہ میزبان ٹیم بھارت ٹورنامنٹ میں اب تک ناقابلِ شکست رہی ہے۔ اس نے چھ ٹیموں کے راؤنڈ رابن مرحلے میں اپنے تمام پانچ میچ جیت کر پہلا مقام حاصل کیا تھا۔
ایشیائی چیمپئنز ٹرافی کی سب سے کامیاب ٹیم
ایشیائی چیمپئنز ٹرافی کی شروعات 2011 میں ہوئی تھی۔ اس ٹورنامنٹ کی سب سے کامیاب ٹیم بھارت کی ہی ہے۔ اس نے پانچ بار (2011، 2016، 2018*، 2023 اور 2024 میں) ٹرافی پر قبضہ جمایا ہے۔ اس کے بعد پاکستان دوسری سب سے کامیاب ٹیم ہے جس نے 3 بار یہ خطاب جیتا ہے۔ پہلی بار اس چیمپئن شپ کا انعقاد چین کے اورڈوس (Ordos) میں کیا گیا تھا، جس میں چھ ٹیموں یعنی چین، بھارت، ملیشیا، پاکستان، جنوبی کوریا اور جاپان نے حصہ لیا تھا۔

