گلمرگ میں کھیلو انڈیا ونٹر گیمز کے چھٹے ایڈیشن کا آغاز
تین روزہ کھیلوانڈیا ونٹر گیمز میں تین سو ایتھلیٹ شرکت کر رہے ہیں جبکہ کھلاڑیوں اور عملہ کی حفاظت کے پختہ انتظامات کیے گئے ہیں۔

By ETV Bharat Jammu & Kashmir Team
Published : February 23, 2026 at 12:31 PM IST
|Updated : February 23, 2026 at 2:00 PM IST
کوثر عرفات، میر فرحت مقبول
گلمرگ، سرینگر : دنیا بھر میں اپنی قدرتی خوبصورتی اور برف پوش ڈھلوانوں کے لیے مشہور سیاحتی مقام گلمرگ میں آج کھیلو انڈیا ونٹر گیمز کے چھٹے ایڈیشن کا باقاعدہ آغاز ہو گیا۔ اس تین روزہ قومی ونٹر گیمز میلے میں ملک کی مختلف ریاستوں سے آئے تین سو سے زائد ایتھلیٹ شرکت کر رہے ہیں، جبکہ کوچز اور تکنیکی عملے سمیت مندوبین کی مجموعی تعداد چھ سو تک پہنچنے کی توقع ہے۔
افتتاحی تقریب مرکزی اسکی ڈھلوان پر منعقد ہوئی، جہاں کھلاڑیوں اور شائقین کھیل کی بڑی تعداد موجود تھی۔ افتتاحی تقریب میں جموں کشمیر کے ایل جی منوج سنہا، وزیر کھیل ستیش شرما سمیت دیگر افسران بھی موجود رہے۔
ایونٹ کے دوران الپائن اسکیئنگ، نارڈک اسکیئنگ اور اسنو بورڈنگ اہم مقابلے ہوں گے، جن کے لیے کونگڈوری سلوپ، گلمرگ کلب اور دیگر مقامات کو مرکزی وینیوز کے طور پر تیار کیا گیا ہے۔
جموں و کشمیر کے وزیر کھیل ستیش شرما نے افتتاحی تقریب کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ’’حکومت نے کھلاڑیوں کے لیے بہترین سہولیات فراہم کی ہیں تاکہ وہ خوشگوار ماحول میں اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کر سکیں۔‘‘ انہوں نے امید ظاہر کی کہ ’’اس سال کے مقابلے نہ صرف یادگار ثابت ہوں گے بلکہ گلمرگ کو عالمی سرمائی کھیلوں کے نقشے پر مزید مضبوط مقام دلائیں گے۔‘‘
انتظامیہ کے مطابق کھیلوں کے کامیاب انعقاد کے لیے سیاحت، صحت، پولیس، کھیل اور سول انتظامیہ سمیت تمام محکموں نے مشترکہ طور پر انتظامات کو حتمی شکل دی ہے۔ کھلاڑیوں کی آمد کے باعث گلمرگ میں گزشتہ شام سے ہی غیر معمولی گہما گہمی دیکھی گئی اور سیاحوں کی تعداد میں بھی نمایاں اضافہ دیکھنے کو ملا۔
ادھر، ٹریفک پولیس نے بڑھتے رش کے پیش نظر یک طرفہ ٹریفک نظام نافذ کیا ہے تاکہ کھلاڑیوں اور سیاحوں کی آمد و رفت میں کسی قسم کی دشواری پیش نہ آئے۔
کھیلو انڈیا ونٹر گیمز کو سیاحتی سرگرمیوں کے فروغ کے لیے بھی اہم قرار دیا جا رہا ہے، کیونکہ حالیہ برفباری کے بعد گلمرگ میں سیاحت نے دوبارہ رفتار پکڑی ہے اور مقامی ہوٹل و ٹورزم صنعت کو نئی امید ملی ہے۔
یہ بھی پڑھیں:

