سرینگر میں " گوشہ فیاض دلبر "کی رسم رونمائی
سہ ماہی کوہ ماراں کے تازہ شمارے کی رسم رونمائی سے قبل سارہ سلطان نے ڈاکٹر شاہ فیصل کا تحریر کردہ تبصرہ پیش کیا۔

Published : January 11, 2026 at 10:08 PM IST
|Updated : February 21, 2026 at 2:25 PM IST
سرینگر(پرویز الدین ): سہ ماہی کوہ ماراں کے زیر اہتمام سرینگر کے ایک مقامی ہوٹل میں اتوار کو ایک ادبی تقریب کا اہتمام کیا گیا جس دوران سہ ماہی کوہ ماراں کے تازہ شمارے گوشہ فیاض دلبر کی رسم رونمائی انجام دی گئی ۔ تقریب کی صدارت سابق صدر شعبہ صحافت، کشمیر یونیورسٹی پروفیسر ناصر مرزا نے انجام دی جبکہ ان کے ہمراہ ایوان صدرات میں نامور صحافی جاوید آزر ،فکشن نگار محی الدین ریشی اور غلام نبی شاہد بھی موجود رہے ۔تقریب کے آغاز میں سہ ماہی کوہ ماراں کے مدیر اعلیٰ سہیل سالم نے سبھی مہمانوں کا استقبال کیا۔
تقریب کے دوران کوہ ماراں کے تازہ شمارے کی رسم رونمائی سے قبل سارہ سلطان نے انڈین ایڈمسٹریٹیو سروس کے سینئر افسر ڈاکٹر شاہ فیصل کا تحریر کردہ تبصرہ پیش کیا۔ اس موقعے پر مقررین نے فیاض دلبر کی ادبی خدمات کا اعتراف کرتے ہوئے ان کے تئیں خراج تحسین پیش کیا ۔ اپنے صدارتی کلمات میں پروفیسر ناصر مرزا نے فیاض دلبر کی علمی و ادبی خدمات پر روشنی ڈالتے ہوئے سہ ماہی کوہ ماران کو ان پر خصوصی گوشہ شائع کرنے پر مبارکباد پیش کی۔

پروفیسر ناصر نے کہا کہ فیاض دلبر کی ہمہ جہت شخصیت پر عمدہ گوشہ تیار کیا گیا ہے جو کہ ایک تاریخی دستاویز بن گئی ہے۔ اپنے خطاب کے دوران جاوید آزر ،محی الدین ریشی اور غلام نبی شاہد نے فیاض دلبر سے وابستہ یادوں کو پھر سے تازہ کیا اور ان کی ادبی شخصیت پر اپنے خیالات کا اظہار بھی کیا۔
فیاض دلبر کشمیر کے ایک کہنہ مشق صحافی ، شاعر اور ادیب تھے جنکا گزشتہ سال کے اواخر میں ستر سال کی عمر میں انتقال ہوا۔ وہ کینسر کے عارضے میں مبتلا تھے۔ فیاض دلبر کو انکی اردو اور کشمیری شاعری کیلئے پہچانا جاتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: کشمیری شاعر عبدالاحد آزاد کی ادبی خدمات پر یک روزہ سیمنار منعقد
تقریب میں وادی کے اطراف و اکناف سے آئے ادباء و شعراء اور معزز شخصیات نے شرکت کی ۔آخر پر کوہ ماراں کے مدیر اعلیٰ سہیل سالم نے سبھی مہمانوں کا شکریہ ادا کیا جبکہ نظامت کے فرائض ڈاکٹر شہزادہ سلیم نے انجام دیے۔

