ETV Bharat / jammu-and-kashmir
اننت ناگ کی تمام خستہ حال سڑکوں کی مرمت اور 35 کلومیٹر سڑکوں پر میکڈم بچھانے کا کام جاری
محکمہ کا کہنا ہے کہ جو سڑکیں طویل عرصے سے خستہ حال ہیں، ان کی بھی ترجیحی بنیادوں پر مرمت عمل میں لائی جائے گی۔

Published : September 1, 2026 at 5:25 PM IST
اننت ناگ: (فیاض لولو) جنوبی کشمیر کے ضلع اننت ناگ میں خستہ حال سڑکوں کی حالت بہتر بنانے اور عوام کو بہتر سفری سہولیات فراہم کرنے کے لیے محکمہ روڈز اینڈ بلڈنگز کی جانب سے بڑے پیمانے پر کام شروع کیا گیا ہے۔ محکمہ کے مطابق ضلع کے مختلف علاقوں میں سڑکوں پر میکڈم بچھانے کا کام جاری ہے، جبکہ دیگر خستہ حال سڑکوں کی مرمت بھی مرحلہ وار انجام دی جائے گی۔
اے سی آر اینڈ بی انجینئر سعید اشفاق احمد کے مطابق رواں سال ضلع اننت ناگ میں تقریباً 35 کلومیٹر سڑکوں پر میکڈم بچھانے کا منصوبہ شروع کیا گیا ہے۔ ضلع کے متعدد علاقوں میں اس وقت میکڈم ڈالنے کا کام جاری ہے، جبکہ آنے والے دنوں میں مزید علاقوں کو بھی اس عمل میں شامل کیا جائے گا۔
محکمہ کا کہنا ہے کہ ضلع میں جو سڑکیں طویل عرصے سے خستہ حالی کا شکار ہیں، ان کی بھی ترجیحی بنیادوں پر مرمت عمل میں لائی جائے گی۔ خاص طور پر حالیہ عرصے میں شدید بارشوں، سیلابی صورتحال اور دیگر موسمی حالات کے باعث جن سڑکوں کو نقصان پہنچا ہے، ان کی بحالی پر بھی توجہ دی جا رہی ہے۔
اے سی آر اینڈ بی کے مطابق بعض علاقوں میں کلورٹس اور دیگر نکاسیٔ آب کے ڈھانچوں کو نقصان پہنچنے کے باعث سڑکیں خراب ہوئی تھیں، جبکہ بعض مقامات پر پلوں کو بھی نقصان پہنچا تھا۔ ایسے مقامات پر بھی محکمہ کی جانب سے ضروری تعمیر و مرمت کا کام شروع کیا گیا ہے تاکہ سڑکوں کی بحالی کے ساتھ ساتھ آمدورفت کو بھی محفوظ اور آسان بنایا جا سکے۔
محکمہ روڈز اینڈ بلڈنگز کا کہنا ہے کہ سڑکوں کی مرمت اور میکڈم بچھانے کے کام کے دوران معیار کا خاص خیال رکھا جا رہا ہے، تاکہ تعمیر شدہ سڑکیں طویل عرصے تک عوام کے لیے قابل استعمال رہیں۔ متعلقہ افسران کی جانب سے جاری ترقیاتی کاموں کی نگرانی بھی کی جا رہی ہے۔
دوسری جانب ضلع اننت ناگ کے عوامی حلقوں نے سڑکوں کی مرمت اور میکڈم بچھانے کے کام کے آغاز پر اطمینان کا اظہار کیا ہے۔ عوام کا کہنا ہے کہ کئی علاقوں میں سڑکوں کی حالت خراب ہونے کی وجہ سے روزانہ سفر کرنے والے لوگوں، طلبہ، مریضوں اور ٹرانسپورٹروں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا تھا۔
عوامی حلقوں نے امید ظاہر کی ہے کہ ضلع کی تمام خستہ حال سڑکوں کی نشاندہی کرکے ان کی جلد از جلد مرمت کی جائے گی اور 35 کلومیٹر سڑکوں پر میکڈم بچھانے کا کام مقررہ مدت کے اندر مکمل کیا جائے گا۔ عوام نے محکمہ آر اینڈ بی سے مطالبہ کیا ہے کہ دور دراز علاقوں کی سڑکوں کو بھی ترجیح دی جائے تاکہ ضلع کے تمام علاقوں کے لوگوں کو بہتر اور محفوظ سفری سہولیات میسر آسکیں۔

