ETV Bharat / jammu-and-kashmir
عوامی حقوق کے تحفظ کے لیے ہر محاذ پر جدوجہد کریں گے: عمر جان
عمر جان نے بی جے پی حکومت پر الزام عائد کیاکہ جموں وکشمیر اور لداخ کے عوام سے کیے گئے وعدوں کو پورا نہیں کیاگیا۔


Published : January 11, 2026 at 6:12 PM IST
|Updated : January 11, 2026 at 8:07 PM IST
پلوامہ : جے کے پی سی سی کے ضلع صدر پلوامہ عمر جان نے کہا ہے کہ کانگریس پارٹی جموں و کشمیر کے عوام، بالخصوص مزدور طبقے کے حقوق کے تحفظ کے لیے ہر محاذ پر جدوجہد جاری رکھے گی۔ وہ منریگا بچاؤ سنگرام کے تحت ضلع ہیڈکوارٹر پلوامہ میں منعقدہ ایک پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔
پریس کانفرنس کے دوران عمر جان نے مہاتما گاندھی نیشنل رورل ایمپلائمنٹ گارنٹی ایکٹ (منریگا) کے تحت مزدوروں کے حقوق کے تحفظ پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ مرکزی حکومت کی جانب سے منریگا کو وکست بھارت (روزگار اور روزی روٹی کی ضمانت کا قانون) ایکٹ 2025 سے بدلنے کی کوشش کی جا رہی ہے، جس کی کانگریس پارٹی ملک بھر میں مخالفت کر رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اگرچہ نئی اسکیم میں روزگار کے دنوں کو 125 تک بڑھانے، دیہی بنیادی ڈھانچے، آبی تحفظ، موسمیاتی استحکام اور ڈیجیٹل نظام کو مضبوط بنانے کی بات کی جا رہی ہے، تاہم کانگریس پارٹی منریگا جیسے تاریخی اور عوامی فلاحی قانون کو ختم یا اس کا نام تبدیل کرنے کے خلاف ہے، کیونکہ یہ قانون غریب اور مزدور طبقے کے لیے ایک مضبوط ضمانت ہے۔
عمر جان نے اس موقع پر بی جے پی حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ حکومت جموں و کشمیر اور لداخ کے عوام سے کیے گئے وعدے پورے کرنے میں مکمل طور پر ناکام رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریاستی درجہ کی بحالی کا وعدہ نہ صرف بی جے پی حکومت بلکہ معزز سپریم کورٹ کی جانب سے بھی کیا گیا ہے، جسے فوری طور پر پورا کیا جانا چاہیے۔
یہ بھی پڑھیں: کانگریس کا جموں میں منریگا بچاؤ سنگرام پر ایک روزہ ورکشاپ، 'بی جے پی بار بار مہاتما گاندھی کو مارنے کی کوشش کر رہی ہے'
انہوں نے واضح کیا کہ کانگریس پارٹی منریگا کے تحفظ اور جموں و کشمیر کے عوام کے آئینی، سیاسی اور معاشی حقوق کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔

