ETV Bharat / jammu-and-kashmir
کشتواڑ سڑک نہ ہونے پر خاتون مریضہ کو کندھوں پر اٹھا کر اسپتال پہنچایا گیا
واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد عوامی نمائندوں، بالخصوص حلقہ اندروال کے سیاسی قیادت کی توجہ مبذول ہوئی۔

Published : January 5, 2026 at 10:15 PM IST
|Updated : January 5, 2026 at 10:50 PM IST
جموں: ( محمد اشرف گنائی) ضلع کشتواڑ کے دور افتادہ علاقے مروہ کی پسر بستی میں بنیادی سہولیات کی شدید کمی ایک بار پھر منظرِ عام پر آگئی، جہاں ایک خاتون مریضہ کو سڑک رابطہ نہ ہونے کی وجہ سے کندھوں اور کارٹ پر اٹھا کر کمیونٹی ہیلتھ سینٹر نوپاچی پہنچایا گیا۔ مریضہ کی شناخت فاطمہ بیگم زوجہ غلام احمد لون، ساکن پسر کے طور پر کی گئی ہے، جنہیں فوری طبی امداد کی اشد ضرورت تھی۔
سماجی رابطے کی ویبسائٹ فیس بک پر دستیاب ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ علاقے میں سڑک کی عدم موجودگی کے باعث کسی بھی قسم کی گاڑی کا آنا جانا ممکن نہیں، جس کی وجہ سے لوگوں کو مریضہ کو اپنی جان خطرے میں ڈال کر طویل فاصلے تک منتقل کرنا پڑا۔ گاؤں والوں نے الزام عائد کیا کہ سڑک کی تعمیر کے حوالے سے متعدد وعدے کیے گئے، خاص طور پر انتخابی ادوار اور سوشل میڈیا پر، مگر زمینی سطح پر آج تک کوئی ٹھوس پیش رفت نظر نہیں آئی۔
مقامی لوگوں نے انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ سڑک کی تعمیر کے وعدے پر بروقت عمل درآمد کو یقینی بنایا جائے تاکہ آئندہ کسی مریض یا عام شہری کو اس طرح کے کربناک حالات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد عوامی نمائندوں، بالخصوص حلقہ اندروال کے سیاسی قیادت کی توجہ مبذول ہوئی۔ ای ٹی وی بھارت کے نمائندے نے اس حوالے سے ایم ایل اے اندروال پری لال شرما سے رابطہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ مریضہ کو اٹھا کر لے جانے والے لوگوں کا مطالبہ بالکل جائز ہے کیونکہ پسر گاؤں کی آبادی 250 سے زائد نفوس پر مشتمل ہے۔
ایم ایل اے پری لال شرما کے مطابق انہوں نے اس سڑک کے مسئلے کو تین ماہ قبل پردھان منتری گرام سڑک یوجنا کے تحت متعلقہ فورم کے سامنے اٹھایا تھا، جس کے بعد اس سڑک کو منظوری مل چکی ہے۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ آئندہ مارچ ماہ میں سڑک کی تعمیر کا کام شروع کر دیا جائے گا۔

