ETV Bharat / jammu-and-kashmir
شوپیان میں وکست بھارت یوتھ پارلیمنٹ اور یووا کنیکٹ پروگرام منعقد، طلبہ نے فرضی پارلیمانی اجلاس منعقد کیا
پروگرام کوآرڈینیٹر مدثر اقبال نے اپنے خطاب میں کہا کہ اس اقدام سے طلبہ کو پارلیمانی نظام کے عملی پہلوؤں سے واقفیت حاصل ہوئی۔

Published : February 25, 2026 at 4:08 PM IST
شوپیان: (شاہد ٹاک) جنوبی کشمیر کے شوپیان ضلع کے ڈگری کالج میں’’وکست بھارت یوتھ پارلیمنٹ اور یووا کنیکٹ‘ کے عنوان سے ایک پروقار پروگرام منعقد کیا گیا۔ اس پروگرام کا انعقاد میرا یووا بھارت شوپیان اور این ایس ایس گورنمنٹ ڈگری کالج شوپیان نے منسٹری آف یوتھ اینڈ اسپورٹس کے زیر اہتمام کیا۔
پروگرام کا مقصد نوجوانوں کو جمہوری عمل اور پالیسی سازی کے مباحث سے جوڑنا اور انہیں ترقی یافتہ بھارت کے وژن سے ہم آہنگ کرنا تھا۔ اس موقع پر کالج کے آڈیٹوریم میں طلبہ کی جانب سے مکمل پارلیمانی اجلاس منعقد کیا گیا۔
اجلاس کے دوران طلبہ نے اراکینِ پارلیمنٹ کے کردار ادا کرتے ہوئے ترقی، روزگار، تعلیم اور نوجوانوں کو بااختیار بنانے جیسے اہم موضوعات پر پُرجوش بحث کی۔ طلبہ نے نہایت سنجیدگی اور ذمہ داری کے ساتھ پارلیمانی کارروائی میں حصہ لیا۔
کالج کے ایک سینئر پروفیسر نے اسپیکر کی حیثیت سے اجلاس کی صدارت کی۔ انہوں نے کارروائی کو منظم انداز میں چلانے کو یقینی بنایا اور طلبہ کو پارلیمانی قواعد و ضوابط اور ایوانی آداب سے آگاہ کیا۔
پروگرام کوآرڈینیٹر مدثر اقبال نے اپنے خطاب میں کہا کہ اس اقدام سے طلبہ کو پارلیمانی نظام کے عملی پہلوؤں سے واقفیت حاصل ہوئی اور ان میں قیادت کی صلاحیتوں کو فروغ ملا۔ انہوں نے طلبہ کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایسے پروگرام نوجوانوں میں خود اعتمادی، تنقیدی سوچ اور مؤثر اظہارِ خیال کی صلاحیت کو مضبوط بناتے ہیں۔اس دوران اڈیٹوریم میں سینکڑوں کی تعداد میں طلبہ معزز شہریوں اساتذہ اور دیگر لوگوں نے شرکت کی۔

