ETV Bharat / jammu-and-kashmir

کشتواڑ میں المناک حادثہ: وی ڈی جی ممبر کا نوعمر بیٹا حادثاتی طور پر گولی لگنے سے ہلاک

واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی ٹیم موقع پر پہنچی اور لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے چترو اسپتال منتقل کیا گیا۔

کشتواڑ میں المناک حادثہ: وی ڈی جی ممبر کا نوعمر بیٹا حادثاتی طور پر گولی لگنے سے ہلاک
کشتواڑ میں المناک حادثہ: وی ڈی جی ممبر کا نوعمر بیٹا حادثاتی طور پر گولی لگنے سے ہلاک (ETV Bharat)
author img

By ETV Bharat Urdu Team

Published : January 11, 2026 at 6:05 PM IST

2 Min Read
Choose ETV Bharat

جموں: ( محمد اشرف گنائی) جموں و کشمیر کے ضلع کشتواڑ میں ایک دلخراش حادثے میں ویلیج ڈیفنس گارڈ (وی ڈی جی) کے ایک اہلکار کی رائفل سے حادثاتی طور پر گولی چلنے کے نتیجے میں اس کا 16 سالہ بیٹا موقع پر ہی جاں بحق ہو گیا۔ پولیس کے مطابق یہ واقعہ ہفتہ کی رات پیش آیا۔ قابل ذکر ہے کہ ماضی میں بھی ویلیج ڈیفنس گارڈز کی جانب سے اسلحے کے غیر محتاط استعمال اور غلط ہینڈلنگ کے باعث اس نوعیت کے کئی حادثات پیش آ چکے ہیں، جس پر وقتاً فوقتاً سوالات اٹھتے رہے ہیں۔

پولیس ترجمان نے بتایا کہ وی ڈی جی پیارے لال ہفتہ کی رات تقریباً ساڑھے نو بجے مغل میدان کے لویی دھار گاؤں میں اپنے گھر پر اپنی رائفل کی صفائی کر رہے تھے کہ اسی دوران اچانک فائر ہو گیا۔ گولی ان کے بیٹے انوج کمار کو لگی، جو شدید زخمی ہو کر موقع پر ہی دم توڑ گیا۔ انوج کمار دسویں جماعت کا طالب علم تھا۔

واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی ٹیم موقع پر پہنچی اور لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے چترو اسپتال منتقل کیا گیا۔ پولیس کے مطابق واقعے کی وجوہات جاننے کے لیے انکوائری کارروائی شروع کر دی گئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: کشمیر، دو فوجی پورٹرز نالے میں جا گرے، ریسکیو آپریشن جاری


پولیس نے بتایا کہ اسلحہ ضبط کر کے فارنسک جانچ کے لیے بھیج دیا گیا ہے جبکہ متوفی کے اہل خانہ کے بیانات بھی قلمبند کیے جا رہے ہیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ تمام پہلوؤں سے واقعے کی تحقیقات کی جا رہی ہیں تاکہ حادثاتی فائرنگ کے حالات کا تعین کیا جا سکے۔