ETV Bharat / jammu-and-kashmir

جموں سے کشمیر راست ٹرین سروس، جمعرات کو ہوگا تاریخی افتتاح

جموں کشمیر کے دونوں دارالحکومتوں کے مابین ٹرین سروس سے نہ صرف سفر آسان ہوگا بلکہ سیاحت اور معیشت کو بھی فروغ ملے گا۔

ا
وندے بھارت ٹرین (فائل فوٹو: ای ٹی وی بھارت)
author img

By ETV Bharat Jammu & Kashmir Team

Published : April 29, 2026 at 5:48 PM IST

6 Min Read
Choose ETV Bharat

جموں(عامر تانترے): سرینگر اور جموں کے درمیان ریل کے ذریعے سفر کا خواب اب حقیقت بننے کے بالکل قریب ہے۔ ناردن ریلویز کی جانب سے 30 اپریل 2026 بروز جمعرات کو (یعنی آئندہ کل) جموں سے خصوصی وندے بھارت ٹرین (نمبر 02601) چلاکر تاریخ رقم کرنے سے محض چند ہی گھنٹے دور ہے۔ابھی تک صرف کشمیر سے کٹرا تک ہی ریل سروس دستیاب تھی۔

ریلوے کے مرکزی وزیر، اشونی ویشنو، وزیر مملکت برائے وزیر اعظم آفس ڈاکٹر جتیندر سنگھ، جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا اور وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ اس خصوصی ٹرین کو ہری جھنڈی دکھائیں گے۔ اور یہ جموں و کشمیر میں ریلوے کے لیے ایک تاریخی سنگ میل اور تاریخی لمحہ ہوگا۔

اس افتتاح کے بعد 2 مئی سے جموں اور سرینگر کے درمیان باقاعدہ ٹرین سروس شروع ہوگی۔ یہ ٹرین منگل کے علاوہ ہفتے میں چھ دن چلے گی۔ ابتدائی شیڈول کے مطابق ٹرین صبح 6:50 بجے جموں سے روانہ ہو کر 11:10 بجے سرینگر پہنچے گی، جبکہ سرینگر سے صبح 8 بجے روانہ ہو کر 12:40 بجے جموں پہنچے گی۔ تاہم موسم کے ساتھ ہی شیڈول میں پھیر بدل کیا جائے گا۔

گزشتہ سال 6 جون کو وزیر اعظم نریندر مودی نے کٹرا سے وندے بھارت ٹرین کو روانہ کیا تھا۔ وہیں اب وادی کشمیر کو جموں سے راست ریل کے ذریعے جوڑنے کا خواب پورا ہو رہا ہے اور لوگوں کو اب کٹرا سے آگے سفر کے لیے سڑک کا سہارا نہیں لینا پڑے گا۔ ریلوے وزیر جموں توی ریلوے اسٹیشن کے پلیٹ فارم نمبر سات سے اس ٹرین کو روانہ کریں گے، جو کہ کشمیر کے لیے مخصوص ہے۔

پہلے وندے بھارت ٹرین میں صرف 8 کوچز تھے، جس سے نشستیں بھی محدود تھیں تاہم اب کوچز کی تعداد بڑھا کر 20 کر دی گئی ہے، جس سے مسافروں کی گنجائش میں دوگنا سے بھی زیادہ کا اضافہ ہوگا۔

یہ ٹرین 267 کلومیٹر کا سفر طے کرے گی اور مشکل جغرافیائی راستوں، سرنگوں، دریائے چناب پر دنیا کے سب سے اونچے ریلوے پل، اور انجی کھڈ پل سے گزرتے ہوئے وادی کشمیر میں داخل ہوگی۔ ریلوے حکام کے مطابق اس ٹرین میں جدید سہولیات فراہم کی جائیں گیں اور مسافروں کی حفاظت کو اولین ترجیح دی جائے گی۔

ا
وندے بھارت ٹرین (فائل فوٹو: ای ٹی وی بھارت)

سینئر ڈویژنل کمرشل منیجر جموں، اُچت سِنگھل کے مطابق یہ ٹرین دیسی ٹیکنالوجی سے تیار کی گئی ہے اور مسافروں کو عالمی معیار کا سفر فراہم کرے گی۔ اس میں ’کَوچ‘ حفاظتی نظام، جی پی ایس معلوماتی نظام اور آرام دہ گھومنے والی نشستیں شامل ہیں۔ یہ سروس نہ صرف سفر کا وقت کم کرے گی بلکہ مقامی معیشت اور سیاحت کو بھی فروغ دے گی۔

سیاحت کے استحکام کی امید
جموں تک ٹرین سروس کی توسیع سے سیاحت کو بڑا فائدہ ہونے کی امید ہے، کیونکہ سیاح جموں توی اسٹیشن سے ملک کے مختلف حصوں کے لیے آسانی سے ٹرین حاصل کر سکیں گے اور کشمیر کے سفر کی منصوبہ بندی بہتر انداز میں کر سکیں گے۔

یہ سروس جموں و کشمیر کے لوگوں کے لیے گیم چینجر ثابت ہوگی۔ اگر جموں-سرینگر قومی شاہراہ بند بھی ہو جائے تو لوگ آسانی سے ٹرین کے ذریعے سفر کر سکیں گے۔

اس سے پہلے لوگوں کو کئی دن تک شاہراہ کھلنے کا انتظار کرنا پڑتا تھا یا مہنگے ہوائی ٹکٹ خریدنے پڑتے تھے۔ ٹریفک جام کی وجہ سے چھ گھنٹے کا سفر 12 سے 15 گھنٹے یا اس سے بھی زیادہ طویل ہو جاتا تھا۔

کشمیر کے لوگ اکثر جموں کے راستے سے ملک کے دیگر حصوں کا سفر کرتے ہیں، خاص طور پر سردیوں میں جب 'دربار مو' (سرکاری دفاتر)جموں منتقل ہوتا ہے۔ اب ان کا سفر بھی آسان ہو جائے گا۔ 30 اپریل کو دربار جموں سے سرینگر منتقل ہوگا اور ملازمین بھی اس ٹرین سروس سے فائدہ اٹھا سکیں گے۔

جموں کے کئی ملازمین جو دربار موو دفاتر سے وابستہ ہیں، طویل سڑک سفر اور مصروفیات کے باعث ہفتوں اپنے گھروں نہیں جا پاتے تھے، لیکن اب وہ وندے بھارت کے ذریعے ہفتہ وار چھٹیوں میں گھر جا کر پیر کو واپس آ سکیں گے۔

شیڈول:

  • ٹرین نمبر 26401: صبح 6:20 بجے جموں سے روانگی، 11:10 بجے سرینگر پہنچے گی
  • ٹرین نمبر 26402: دوپہر 2 بجے سرینگر سے روانگی، شام 6:40 بجے جموں پہنچے گی
  • ٹرین نمبر 26403: دوپہر 1:20 بجے جموں سے روانگی، شام 6 بجے سرینگر پہنچے گی
  • ٹرین نمبر 26404: صبح 8 بجے سرینگر سے روانگی، 12:40 بجے جموں پہنچے گی

ٹرین نمبر 26401 اور 26402 منگل کے علاوہ ہفتے میں چھ دن چلیں گی جبکہ 26403 اور 26404 بدھ کے علاوہ چھ دن چلیں گی۔

جموں و کشمیر میں ریلوے کی تاریخ:
جموں و کشمیر میں ریلوے کی تاریخ 1890 سے شروع ہوتی ہے جب جموں اور سیالکوٹ کے درمیان ٹرین سروس چلائی گئی۔ 1965 کی جنگ کے بعد جموں کو پنجاب سے براہ راست جوڑنے کا کام شروع ہوا۔

1972 میں پہلی ٹرین جموں پہنچی جس کا نام سرینگر ایکسپریس تھا، جو اب جہلم ایکسپریس ہے۔ 1981 میں جموں-ادھم پور ریل منصوبہ شروع ہوا اور 1983 میں اندرا گاندھی نے اس کا سنگ بنیاد رکھا۔

13 اپریل 2005 کو منموہن سنگھ نے ادھم پور تک ٹرین سروس کا افتتاح کیا۔ بعد میں 2009 سے کشمیر میں مقامی ٹرین سروس شروع ہوئی اور 2014 میں کٹرا تک براہ راست ٹرین چلائی گئی۔

6 جون 2025 کو وزیر اعظم نریندر مودی نے وندے بھارت ٹرین کے ذریعے کشمیر کو کٹرا سے جوڑا۔

یہ بھی پڑھیں:

  1. وندے بھارت سری نگر جموں ٹرین میں جی پی ایس انفارمیشن سسٹم
  2. سرینگر-کٹرہ وندے بھارت ٹرین اب جموں تک، 30اپریل کو ہوگا افتتاح