ETV Bharat / jammu-and-kashmir

اننت ناگ میں آسمانی بجلی کا قہر، دو نوعمر جاں بحق، دو زخمی

واقعے کے فوراً بعد مقامی لوگوں نے متاثرین کو طبی امداد کے لیے پرائمری ہیلتھ سینٹر لارنو منتقل کیا۔

اننت ناگ میں آسمانی بجلی کا قہر، دو نوعمر جاں بحق، دو زخمی
اننت ناگ میں آسمانی بجلی کا قہر، دو نوعمر جاں بحق، دو زخمی (IMAGE: ETV BHARAT)
author img

By ETV Bharat Urdu Team

Published : August 13, 2026 at 7:45 PM IST

1 Min Read
Choose ETV Bharat

اننت ناگ: (دین عمران) جنوبی کشمیر کے ضلع اننت ناگ کے لارنو کوکرناگ علاقے میں جمعرات کو آسمانی بجلی گرنے کے ایک دلخراش واقعے میں دو نوعمر لڑکے جاں بحق جبکہ دو دیگر زخمی ہوگئے۔

ذرائع کے مطابق یہ واقعہ لارنو تحصیل کے گاؤرن نرد علاقے میں پیش آیا، جہاں چار نوجوان آسمانی بجلی کی زد میں آگئے۔ واقعے کے فوراً بعد مقامی لوگوں نے متاثرین کو طبی امداد کے لیے پرائمری ہیلتھ سینٹر لارنو منتقل کیا۔

اس حادثے میں گاؤرن کے رہائشی 18 سالہ فیضان احمد، ولد محمد یعقوب چارڈ، اور ریڈوانی گاؤرن کے رہائشی 16 سالہ بلال احمد بٹان، ولد نذیر احمد، جاں بحق ہوگئے۔ وہیں زخمیوں کی شناخت 15 سالہ سجاد احمد بٹانہ، ولد سائی بٹانہ، اور شریف احمد بٹانہ، ولد جمعہ، دونوں ساکنان ریڈونی گاؤرن کے طور پر ہوئی ہے۔ دونوں زخمیوں کو فوری طور پر پی ایچ سی لارنو منتقل کیا گیا، جہاں ان کا علاج جاری ہے۔

واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور مقامی انتظامیہ نے موقعے کا نوٹس لیتے ہوئے کارروائی شروع کردی ہے۔ حکام کی جانب سے واقعے کے مزید حقائق جمع کیے جا رہے ہیں۔ آسمانی بجلی گرنے کے اس المناک واقعے سے علاقے میں غم کی لہر دوڑ گئی ہے، جبکہ دونوں نوجوانوں کی اچانک موت پر اہل خانہ اور مقامی لوگوں میں شدید صدمہ پایا جا رہا ہے۔

مزید تفصیلات کا انتظار ہے۔