ETV Bharat / jammu-and-kashmir
ترال کو ضلع کا درجہ دیا جائے، پنشنرس فورم جموں و کشمیر کا پرزور مطالبہ
ترال کو ایک تاریخی، جغرافیائی اور انتظامی لحاظ سے موزوں علاقہ قرار دیتے ہوئے ضلع کا درجہ دینے کا مطالبہ کیا جارہا ہے۔


Published : January 11, 2026 at 7:51 PM IST
ترال: پلوامہ ضلع سے منسلک علاقوں ترال اور اونتی پورہ کو الگ ضلع کا درجہ دینے کے مطالبات گزشتہ کئی دنوں سے شدت اختیار کرتے جا رہے ہیں، جو اب عوامی تحریک کی صورت اختیار کر چکا ہے۔ اسی سلسلے میں آج ترال کو ضلع کا درجہ دینے کے مطالبے پر جموں و کشمیر پنشنرز فورم اور سول سوسائٹی ترال کی جانب سے ایک ہنگامی پریس کانفرنس منعقد کی گئی۔
مقررین نے ترال کو ایک تاریخی، جغرافیائی اور انتظامی لحاظ سے موزوں علاقہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ اسے بلا تاخیر ضلع کا درجہ دیا جانا چاہیے۔ پریس کانفرنس میں بتایا گیا کہ ترال نہ صرف تاریخی اہمیت کا حامل علاقہ ہے بلکہ جغرافیائی اعتبار سے بھی ایک الگ ضلع بننے کی تمام صلاحیتیں رکھتا ہے۔ سوسائٹی ترال کے مطابق ایک پہاڑی ضلع کے قیام کے لیے درکار تمام چیزیں پہلے ہی مکمل کر کے متعلقہ حکام کو فائل کی صورت میں پیش کیے جا چکے ہیں، اس کے باوجود حکومتی سطح پر کوئی عملی پیش رفت سامنے نہیں آئی۔
مقررین نے کہا کہ ترال میں تقریباً ڈیڑھ لاکھ آبادی رہائش پذیر ہے اور یہاں 105 سے زائد دیہات آباد ہیں، لیکن آزادی کے بعد سے اب تک یہ علاقہ ترقی کی دوڑ میں بہت پیچھے رہ گیا ہے۔ ضلع کا درجہ ملنے کی صورت میں یہاں انتظامی سہولیات میں بہتری آئے گی، بنیادی ڈھانچے کی ترقی ممکن ہو سکے گی اور عوام کو روزگار، تعلیم اور صحت کے بہتر مواقع میسر آئیں گے۔
دوسری جانب اونتی پورہ کو ضلع کا درجہ دینے کے حامی حلقوں کا مؤقف ہے کہ اونتی پورہ سرینگر-جموں قومی شاہراہ پر واقع ہے، جہاں اس وقت ایمس اسپتال زیر تعمیر ہے۔ اس کے علاوہ ریلوے لائن، قریبی ہوائی اڈہ اور مذہبی و تجارتی اہمیت کے حامل مقامات کی موجودگی اسے انتظامی مرکز بنانے کے لیے موزوں بناتی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: ترال: بجلی فیس میں اضافہ، ستورہ کی عوام نے احتجاج کیا
فی الحال حکومت کی جانب سے حد بندی یا نئے اضلاع کے قیام کے حوالے سے کوئی باضابطہ عمل شروع نہیں ہوا، جس کے باعث یہ واضح نہیں کہ ترال یا اونتی پورہ میں سے کس علاقے کو ضلع کا درجہ دیا جائے گا۔

