ETV Bharat / jammu-and-kashmir
ترال: بجلی فیس میں اضافہ، ستورہ کی عوام نے احتجاج کیا
مظاہرین کا کہنا تھا کہ محکمہ کی جانب سے بجلی فیس میں بے تحاشہ اضافہ کیا گیا ہے جو ان کے ساتھ سراسر زیادتی ہے۔

Published : January 10, 2026 at 11:02 PM IST
ترال: جنوبی کشمیر کےکئی علاقوں میں محکمہ بجلی نے فیس میں اضافہ کرکے صارفین کو پریشانیوں میں مبتلا کر دیا ہے۔ جس کی وجہ سے جگہ جگہ احتجاجی مظاہروں کا سلسلہ بھی شروع ہوگیا ہے۔ اس حوالے سے آج پلوامہ ضلع کے ترال کے دور افتادہ علاقے ستورہ میں مقامی لوگوں نے محکمہ پی ڈی ڈی کے خلاف ایک خاموش احتجاج کیا اور فیس میں اضافہ کو لیکر شدید ناراضگی کا اظہار کیا۔
مظاہرین کا کہنا تھا کہ محکمہ کی جانب سے بجلی فیس میں بے تحاشہ اضافہ کیا گیا ہے جو ان کے ساتھ سراسر زیادتی ہے۔ لوگوں کے مطابق بڑھتی ہوئی بجلی فیس کی وجہ سے انہیں شدید مالی مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ مظاہرین کے بقول علاقہ کافی پسماندہ ہے اور وہ ہر ماہ بجلی محکمہ کی جانب سے اضافہ کو قطعی برداشت نہیں کریں گے وہ فلیٹ ریٹ کے حساب سے ۱۶۸۰ روپے ماہوار ادا کرتے تھے لیکن دسمبر کی بلوں میں اب اضافہ درج کیا گیا ہے اور اب انھیں اٹھارہ سو سے اکیس سو روپے کی بلیں تھما دی گئی ہیں۔
ان لوگوں کا کہنا ہے کہ وہ یہ سمجھنے سے قاصر ہیں کہ ایسا کیوں ہو رہا ہے۔ ایک طرف وزیر اعلیٰ کہتے ہیں کہ بجلی فیس میں اضافہ ہی نہیں کیا گیا ہے تو پھر یہاں کونسا قانون چلتا ہے۔ مظاہرین نے مطالبہ کیا کہ بجلی فیس میں فوری کمی کی جائے تاکہ عوام کو راحت مل سکے۔ مظاہرین مانگ کر رہے تھے کہ اگر بجلی فیس میں کمی نہیں ہوگی تو پھر ترسیلی لائنوں کو ہی یہاں سے ہٹایا جائے یا میٹر نصب کیے جاییں۔

