ETV Bharat / jammu-and-kashmir
پیر کی گلی و دبجن میں برفباری، تاریخی مغل روڈ بند
انتظامیہ نے مسافروں اور مقامی لوگوں سے اپیل کی ہے کہ وہ موسم کی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے غیر ضروری سفر سے گریز کریں


Published : January 6, 2026 at 5:53 PM IST
شوپیان (شاہد ٹاک): جنوبی کشمیر کے ضلع شوپیان کو صوبہ جموں کے پونچھ اور راجوری اضلاع سے جوڑنے والی تاریخی مغل روڈ پر پیر کی گلی اور دبجن کے علاقوں میں آج صبح سے وقفہ وقفہ سے جاری برفباری کے باعث ٹریفک کی آمدو رفت مکمل طور پر بند کر دی گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق مغل روڈ پر پیر کی گلی اور دبجن میں اب تک تین سے چار انچ تک برف جمع ہو چکی ہے، جبکہ برفباری کا سلسلہ تاحال جاری ہے۔ مسلسل برفباری اور پھسلن کے پیش نظر احتیاطی اقدام کے طور پر سڑک کو ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بند کیا گیا ہے تاکہ کسی بھی ممکنہ حادثے سے بچا جا سکے۔
ادھر ضلع شوپیان کے ہیرپورہ علاقے میں بھی ہلکی برفباری شروع ہو گئی ہے، جس کے باعث سردی میں مزید اضافہ ریکارڈ کیا جا رہا ہے۔ وہیں مغل روڈ کے متعلقہ محکمہ کے مطابق برفباری رکنے کے بعد ہی سڑک کی بحالی کا کام شروع کیا جائے گا، جس کے لیے متعلقہ محکمے الرٹ پر ہیں۔
انتظامیہ نے مسافروں اور مقامی لوگوں سے اپیل کی ہے کہ وہ موسم کی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور سرکاری ہدایات پر عمل کریں۔ مغل روڈ کی بحالی کا فیصلہ موسم بہتر ہونے اور سڑک سے برف صاف کرنے کے بعد کیا جائے گا۔

