ETV Bharat / jammu-and-kashmir
سیاحت کو فروغ دینے کے لیے پہلگام میں پانچ روزہ ونٹر کارنیول کا آغاز
پانچ روزہ ونٹر کارنیول کے دوران سیاحوں کے محظوظ ہونے اور مقامی روزگار میں اضافہ ہونے کی امید ہے۔

Published : December 25, 2025 at 7:35 PM IST
|Updated : December 25, 2025 at 7:47 PM IST
پہلگام (فیاض لولو): سیاحتی سرگرمیوں کے فروغ اور سیاحوں کو کشمیر راغب کرنے کی غرض سے حکام نے جمعرات کو معروف سیاحتی مقام پہلگام میں پانچ روزہ ’’ونٹر کارنیول‘‘ کا آغاز کیا۔ حکام کے بتایا کہ کارنیول کے انعقاد کا مقصد سیاحت کو فروغ دینا اور کشمیر کی ثقافت کا جشن منانا ہے۔ ونٹر کارنیوال کا افتتاح پہلگام ڈیولپمنٹ اتھارٹی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) نے کیا جس کے بعد مختلف پروگرامز منعقد کیے گئے۔
حکام نے بتایا کہ ’’ونٹر کارنیول‘‘ کے دوران مختلف تفریحی سرگرمیاں منعقد کی جائیں گیں، جن میں ثقافتی پروگرامز، موسیقی، رقص، ایڈونچر اسپورٹس، برف و یخ پر مختلف کھیل پروگرامز کے علاوہ روایتی پکوان بھی شامل کیے گئے ہیں۔ ’’یہ سرگرمیاں سیاحوں کے لیے ایک یادگار تجربہ فراہم کریں گیں اور کشمیر کی خوبصورتی اور مہمان نوازی سے بھی انہیں روشناس کرائیں گیں۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے سی ای او پہلگام نے مزید کہا کہ ونٹر کارنیول میں کشمیری ثقافت اور روایت کی نمائش پر خاص توجہ دی گئی ہے۔ مقامی فنکاروں اور دستکاروں کو اپنے فن کا مظاہرہ کرنے کا موقع ملے گا، جس سے سیاح کشمیری لوک فن، روایتی لباس اور موسیقی کو قریب سے دیکھنے، جاننے اور سمجھنے کا موقع ملے گا۔ یہ سرگرمیاں نہ صرف سیاحوں کے لیے دلچسپی کا باعث ہوں گی بلکہ مقامی ہنرمندوں کو اپنے سامان کی نمائش اور فروخت کا بھی موقع فراہم کریں گی۔

پہلگام ڈیولپمنٹ اتھارٹی کے سی ای او نے امید ظاہر کی کہ ’’یہ کارنیول علاقے میں سیاحت کے فروغ میں اہم کردار ادا کرے گا۔ ان کے مطابق سیاحوں کی بڑھتی تعداد مقامی نوجوانوں کے لیے روزگار کے مواقع پیدا کرے گی اور علاقے کی معیشت میں بھی بہتری لائے گی۔‘‘
کارنیول کے دوران انتظامیہ نے سیکیورٹی، ٹرانسپورٹ، رہائش اور صفائی ستھرائی کے خصوصی انتظامات کیے ہیں۔ مقامی ہوٹل مالکان، ٹور آپریٹرز اور تاجروں نے اس اقدام کا خیرمقدم کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ ’’یہ کارنیول پہلگام کو ایک نمایاں سرمائی سیاحتی مقام بنا دے گا۔‘‘

حکام کو امید ہے کہ یہ پانچ روزہ ونٹر کارنیول نہ صرف سیاحوں کے لیے تفریح کا ذریعہ بنے گا بلکہ ثقافتی ہم آہنگی اور پائیدار سیاحت کے فروغ میں بھی اہم کردار ادا کرے گا۔
یہ بھی پڑھیں:

