ETV Bharat / jammu-and-kashmir

یومِ جمہوریہ سے قبل ریلوے اسٹیشنوں پر سیکورٹی کے سخت انتظامات

اننت ناگ ریلوے اسٹیشن پر سیکورٹی انتظامات کو حتمی شکل دے دی گئی ہے جہاں انتہائی چوکسی کے ساتھ نگرانی کی جا رہی ہے۔

یومِ جمہوریہ سے قبل ریلوے اسٹیشنوں پر سیکورٹی کے سخت انتظامات
یومِ جمہوریہ سے قبل ریلوے اسٹیشنوں پر سیکورٹی کے سخت انتظامات (ETV Bharat)
author img

By ETV Bharat Urdu Team

Published : January 10, 2026 at 4:03 PM IST

2 Min Read
Choose ETV Bharat

وادیٔ کشمیر میں یومِ جمہوریہ کی تقریبات کو پُرامن اور محفوظ انداز میں منعقد کرنے کے لیے گورنمنٹ ریلوے پولیس (جی آر پی) اور ریلوے پروٹیکشن فورس (آر پی ایف) کی جانب سے مختلف ریلوے اسٹیشنوں پر سیکورٹی کے سخت ترین انتظامات کیے گئے ہیں۔ ان اقدامات کا مقصد عوام کی جان و مال کی حفاظت کو یقینی بنانا اور مسافروں کو محفوظ سفری سہولیات فراہم کرنا ہے۔

اننت ناگ ریلوے اسٹیشن پر سیکورٹی انتظامات کو حتمی شکل دے دی گئی ہے جہاں انتہائی چوکسی کے ساتھ نگرانی کی جا رہی ہے۔ اسٹیشن کے داخلی و خارجی راستوں پر تعینات اہلکار ہر آنے جانے والے شخص کی باریک بینی سے تلاشی لے رہے ہیں۔ اس کے علاوہ سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے مسلسل نگرانی جاری ہے تاکہ کسی بھی مشتبہ سرگرمی پر فوری کارروائی عمل میں لائی جا سکے۔

ریلوے اسٹیشنوں پر سیکورٹی کے سخت انتظامات
ریلوے اسٹیشنوں پر سیکورٹی کے سخت انتظامات (ETV Bharat)

ریلوے ٹریکس اور دیگر اہم تنصیبات کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے خصوصی گشت ٹیمیں تعینات کی گئی ہیں، جو دن رات اسٹیشن اور اس کے اطراف میں گشت کر رہی ہیں۔ بم ڈسپوزل اسکواڈ اور ڈاگ اسکواڈ کی موجودگی بھی یقینی بنائی گئی ہے تاکہ کسی بھی ممکنہ خطرے سے نمٹا جا سکے۔

حکام کے مطابق یہ سخت سیکورٹی انتظامات ایک جامع حکمتِ عملی کا حصہ ہیں، جس کا مقصد یومِ جمہوریہ کے موقع پر امن و امان برقرار رکھنا اور مسافروں کی محفوظ آمد و رفت کو یقینی بنانا ہے۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ سیکورٹی اہلکاروں کے ساتھ تعاون کریں اور کسی بھی مشتبہ سرگرمی کی فوری اطلاع متعلقہ حکام کو دیں۔

ہر آنے جانے والے شخص کی باریک بینی سے تلاشی
ہر آنے جانے والے شخص کی باریک بینی سے تلاشی (ETV Bharat)

انتظامیہ نے یقین دہانی کرائی ہے کہ یومِ جمہوریہ کے موقع پر تمام ضروری اقدامات بروئے کار لائے گئے ہیں تاکہ تقریبات خوش اسلوبی اور پُرامن ماحول میں منعقد ہو۔