ETV Bharat / jammu-and-kashmir

چہرے کی شناخت کی مدد سے تین او جی ڈبلیوز پہلگام یاترا روٹ پر گرفتار

پروجیکٹ ہاک آئی کے تحت اہم مقامات پر پانچ ڈرون ڈیٹیچمنٹس تعینات کیے گئے ہیں، جو حقیقی وقت میں نگرانی انجام دیں گے۔

چہرے کی شناخت کی مدد سے تین او جی ڈبلیوز پہلگام یاترا روٹ پر گرفتار
چہرے کی شناخت کی مدد سے تین او جی ڈبلیوز پہلگام یاترا روٹ پر گرفتار (Image: ETV Bharat)
author img

By ETV Bharat Urdu Team

Published : July 8, 2026 at 3:35 PM IST

4 Min Read
Choose ETV Bharat

اننت ناگ: (میر اشفاق) شری امرناتھ جی یاترا 2026 کے دوران جدید نگرانی نظام کے مؤثر استعمال سے اننت ناگ پولیس نے تین اوور گراؤنڈ ورکرس کو گرفتار کیا ہے۔ پہلگام کے سربل علاقے میں نصب فیشل ریکگنیشن سسٹم (ایف آرایس) نے تین مشتبہ افراد کی موجودگی سے متعلق بروقت الرٹ جاری کیا، جس کے بعد پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے انہیں روک کر شناخت کی تصدیق کی۔پولیس کی جانب سے کی گئی جانچ کے دوران تینوں افراد کی شناخت اوور گراؤنڈ ورکرز (او جی ڈبلیوز) کے طور پر ہوئی۔ فیشل ریکگنیشن سسٹم سے حاصل ہونے والی معلومات اور بعد ازاں کی گئی تصدیق کی بنیاد پر ان تینوں کو گرفتار کر لیا گیا۔

پولیس کے مطابق گرفتار افراد کے خلاف متعلقہ قانونی کارروائی عمل میں لائی جا رہی ہے اور مزید تفتیش جاری ہے۔اننت ناگ پولیس نے کہا کہ یہ کامیابی یاترا کے دوران جدید ٹیکنالوجی پر مبنی بہتر سکیورٹی نظام کا واضح ثبوت ہے۔ فیشل ریکگنیشن سسٹم جیسے جدید نگرانی کے نظام سیکیورٹی گرڈ کو مزید مضبوط بنانے، مشتبہ عناصر کی بروقت نشاندہی کرنے اور شری امرناتھ یاترا کو محفوظ، پُرامن اور بلا رکاوٹ بنانے میں اہم کردار ادا کر رہا ہے ۔

پولیس کا کہنا ہے کہ یاترا کے دوران یاتریوں کی جان و مال کے تحفظ، امن و امان کے قیام اور کسی بھی ممکنہ خطرے سے نمٹنے کے لیے جدید ٹیکنالوجی اور مؤثر سیکیورٹی انتظامات کا استعمال آئندہ بھی جاری رکھا جائے گا۔

واضح رہے کہ روایتی پہلگام یاترا روٹ پر رواں برس غیر معمولی سکیورٹی کے انتظامات کئے گئے ہیں۔ کھنہ بل سے لے کر پہلگام تک حساس مقامات، پارکنگ ایریاز، رہائشی مراکز اور دیگر اہم تنصیبات پر خصوصی ٹیمیں اینٹی سبوتاژ چیکنگ، ایریا ڈومینیشن اور سینیٹائزیشن مہمات انجام دے رہی ہیں۔ ان کارروائیوں میں بم ناکارہ بنانے والے دستے، سنفر ڈاگ اسکواڈز اور تکنیکی نگرانی کی ٹیمیں بھی شامل ہیں۔وہیں انتظامیہ کی جانب سے یاترا روٹس پر فضائی پابندی (ایئریل رسٹرکشنز ) عائد کر دی گئیں ہیں جبکہ رواں برس ہیلی کاپٹر سروس کو بھی معطل رکھا گیا ہے۔

یاترا سے وابستہ سروس فراہم کرنے والوں، بشمول گھوڑا بانوں، پٹھوؤں اور دیگر کارکنان کی شناخت اور نگرانی کے نظام کو مزید مؤثر بنانے کے لیے کیو آر کوڈ پر مبنی تصدیقی نظام بھی متعارف کیا گیا ہے۔

یاتریوں کی سلامتی کو مزید مستحکم بنانے کے لیے اننت ناگ پولیس نے پروجیکٹ ہاک آئی کے نام سے ایک جدید اور جامع نگرانی و سیکورٹی منصوبہ متعارف کرایا ہے۔ اس منصوبے کے تحت فضائی نگرانی، جدید فیشل ریکگنیشن سسٹم، اسنائپر ٹیموں اور سی سی ٹی وی کیمروں پر مشتمل ایک مضبوط سیکورٹی نیٹ ورک قائم کیا گیا ہے۔

پروجیکٹ ہاک آئی کے تحت اہم مقامات پر پانچ ڈرون ڈیٹیچمنٹس تعینات کیے گئے ہیں، جو حقیقی وقت میں نگرانی انجام دیں گے۔ اس کے علاوہ حساس مقامات پر 28 مچان مورچے قائم کیے گئے ہیں جبکہ 22 خصوصی تربیت یافتہ اسنائپر ٹیمیں بھی مختلف اہم مقامات پر تعینات کی گئی ہیں۔ یاترا روٹ پر 416 ہائی ریزولوشن سی سی ٹی وی کیمرے نصب کیے گئے ہیں اور فیشل ریکگنیشن سسٹم (ایف آر ایس ) کو بھی فعال کیا گیا ہے، جس کے ذریعے مشتبہ نقل و حرکت اور سرگرمیوں کی بروقت نشاندہی ممکن ہو سکے گی۔

یاترا کیمپوں میں جدید ترین حفاظتی آلات نصب کئے ہیں۔ ان میں پورٹیبل آر سی آئی ای ڈی جیمرز، ڈیپ سرچ میٹل ڈیٹیکٹرز، دھماکہ خیز مواد کا پتہ لگانے والے آلات، نان لائنر جنکشن ڈیٹیکٹرز، ملٹی ٹائپ سی سی ٹی وی سسٹمز، ایکس رے بیگیج انسپیکشن سسٹمز (ایکس بی آئی ایس )، ڈور فریم میٹل ڈیٹیکٹرز، ہینڈ ہیلڈ میٹل ڈیٹیکٹرز اور دیگر جدید آلات شامل ہیں، جن کا مقصد رسائی پر کنٹرول، نگرانی، اسکریننگ اور اینٹی سبوتاژ اقدامات کو مزید مؤثر بنانا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: امرناتھ یاتریوں کی حفاظت ضروری، مگر ہائی وے پر لوگوں کی مشکلات نظر انداز نہ کی جائیں: سینئر کانگریس لیڈر