ETV Bharat / jammu-and-kashmir
پروفیسر بھیم سنگھ کی اہلیہ جے مالا کی تیسری برسی: فرزند انکت لو سے خاص بات چیت
مقررین نے جے مالا کو بے باک صحافی اور قانون کی ماہر قرار دیتے ہوئے کہاکہ انہوں نے انصاف کےلیے ہمیشہ جرات کا مظاہرہ کیا۔

Published : April 26, 2026 at 9:10 PM IST
|Updated : April 26, 2026 at 9:16 PM IST
جموں : (محمد اشرف گنائی) آج پریس کلب جموں میں معروف تحقیقاتی صحافی اور سپریم کورٹ کی سینئر وکیل جے مالا (1958–2023) کی برسی کے موقع پر ایک پُر وقار تعزیتی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ اس تقریب کی میزبانی ان کے بیٹے انکت لو نے کی، جس میں جے مالا کی زندگی، خدمات اور ان کے دیرپا اثرات کو خراجِ عقیدت پیش کیا گیا۔ اس موقع پر ان کے اہلِ خانہ، ساتھیوں اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی شخصیات نے شرکت کی۔
تقریب میں مقررین نے جے مالا کو ایک بے باک صحافی اور آئینی قانون کی ماہر قرار دیتے ہوئے کہا کہ انہوں نے انصاف کے حصول کے لیے ہمیشہ جرات اور استقلال کا مظاہرہ کیا۔ وہ اپنے شوہر پروفیسر بھیم سنگھ کے ساتھ 1982 میں نیشنل پینتھرز پارٹی کی شریک بانی بھی رہیں اور سیاسی میدان میں خواتین کے لیے نئی راہیں ہموار کیں۔ برسی کی تقریب ایک تاریخی پس منظر بھی رکھتی ہے کیونکہ 26 اپریل کو جموں و کشمیر کے آخری حکمران مہاراجہ ہری سنگھ کی برسی بھی منائی جاتی ہے۔
جے مالا کی قانونی خدمات میں سب سے نمایاں 1985 کا تاریخی مقدمہ "بھیم سنگھ بنام ریاست جموں و کشمیر" رہا، جس میں غیر قانونی حراست کے خلاف شہریوں کے حقِ معاوضہ کو تسلیم کیا گیا یہ فیصلہ آج بھی بھارتی عدالتی نظام میں ایک سنگِ میل کی حیثیت رکھتا ہے اور قانون کے طلبہ کو بطور مثال پڑھایا جاتا ہے۔ سیاسی میدان میں بھی جے مالا نے اہم کردار ادا کیا 1983 کے اسمبلی انتخابات میں انہوں نے ادھم پور حلقہ سے بطور واحد خاتون امیدوار حصہ لیا اور تین ہزار سے زائد ووٹ حاصل کیے جو اس وقت خواتین کے لیے ایک نمایاں کامیابی سمجھی جاتی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: Bhim Singh's Wife Passes Away نیشنل پینتھرس پارٹی کے بانی بھیم سنگھ کی اہلیہ کا انتقال
تقریب کے دوران انکت لو جو ان کے بیٹے ہیں نے کہا کہ جے مالا صرف ایک قانونی ماہر نہیں تھیں بلکہ سچائی کی محافظ تھیں،اور سپریم کورٹ میں ان کی کامیابیاں دراصل ہر شہری کی شہری آزادیوں کی جیت تھیں انہوں نے مزید کہا کہ جے مالا کی جدوجہد ہمیشہ مظلوموں کے حق میں رہی اور انہوں نے ہزاروں بے گناہ افراد کی رہائی میں اہم کردار ادا کیا۔

