ETV Bharat / jammu-and-kashmir

سال 2025 اننت ناگ میں منشیات کے خلاف بڑی کارروائیوں کا سال ثابت

اننت ناگ میں گزشتہ منشیات کے خلاف سخت کاروائی کرتے ہوئے این ڈی پی ایس ایکٹ کے تحت 124 مقدمات درج کیے گئے۔

سال 2025 اننت ناگ میں منشیات کے خلاف بڑی کارروائیوں کا سال ثابت
سال 2025 اننت ناگ میں منشیات کے خلاف بڑی کارروائیوں کا سال ثابت (ETV Bharat)
author img

By ETV Bharat Urdu Team

Published : January 1, 2026 at 10:44 PM IST

3 Min Read
Choose ETV Bharat

اننت ناگ : سال 2025 کے دوران ضلع اننت ناگ میں منشیات کے بڑھتے ہوئے خطرے کے خلاف ایک غیر معمولی اور ہمہ جہت کریک ڈاؤن دیکھنے میں آیا، جس کے تحت قانون نافذ کرنے والے اداروں نے نہ صرف منشیات فروشوں کی گرفتاری بلکہ ان کے مالی اور تنظیمی نیٹ ورکس کے خلاف حکمت عملی سے کام لیا۔

گزشتہ برس کی مسلسل کارروائی کے نتیجے میں این ڈی پی ایس ایکٹ کے تحت 124 مقدمات درج کیے گئے جبکہ 149 ملزمان کو گرفتار کیا گیا، جس سے ضلع بھر میں سرگرم منشیات کی سپلائی چینز کو شدید نقصان پہنچا۔ شہری اور دیہی علاقوں میں باقاعدہ چھاپوں، ناکہ بندیوں اور مخصوص کارروائیوں کے دوران منشیات اور نشہ آور اشیاء کی بڑی مقدار ضبط کی گئی، جن میں 7.938 کلوگرام چرس، 150 کلوگرام بھنگ پاؤڈر، 37 کلوگرام گانجا، 95 کلوگرام فکی، 351 کلوگرام پوست بھوسہ، 128 گرام براؤن شوگر اور 61 گرام ہیروئن شامل ہیں۔ اس کے علاوہ ادویاتی نشہ آور اشیاء کی بھی بھاری مقدار برآمد کی گئی، جن میں 903 نشہ آور بوتلیں اور 600 کیپسول شامل ہیں۔

منشیات کی پیداوار کے خلاف نچلی سطح پر کاری ضرب لگاتے ہوئے متعلقہ حکام نے 186.88 کنال اراضی پر پھیلی غیر قانونی بھنگ کی فصل کو تلف کیا، جس سے مقامی سطح پر منشیات کی کاشت میں ملوث نیٹ ورکس کو بڑا دھچکا پہنچا۔ اسی دوران پولیس نے منظم منشیات فروش گروہوں کی مالی بنیادیں کمزور کرنے پر بھی خصوصی توجہ دی۔ این ڈی پی ایس ایکٹ کے تحت کارروائی کرتے ہوئے تقریباً 3.66 کروڑ روپے مالیت کی غیر منقولہ جائیدادیں ضبط کی گئیں، جن میں 14 رہائشی مکانات، ایک شاپنگ کمپلیکس، تین دکانیں، ایک گؤ خانہ ، تین کنال اراضی اور چھ گاڑیاں شامل ہیں، جو منشیات کی کمائی سے حاصل کی گئی تھیں۔

یہ بھی پڑھیں: اننت ناگ ماسٹر پلان کا خیر مقدم، وسیع عوامی مشاورت جاری، جائزہ مدت بڑھانے کا مطالبہ

مالی کارروائی کے تحت 1,18,850 روپے نقد ضبط کیے گئے جبکہ 193 بینک کھاتے منجمد کیے گئے اور تقریباً 59 لاکھ روپے کی رقم فریز کی گئی۔ حکام کے مطابق سال 2025 کے دوران اصل توجہ منظم منشیات نیٹ ورکس کی کمر توڑنے، نوجوانوں کو نشے کی لت سے محفوظ رکھنے اور عوامی سلامتی کو یقینی بنانے پر مرکوز رہی۔ دیگر سیکورٹی ایجنسیوں کے ساتھ بہتر تال میل، سابقہ ملزمان اور منشیات کے حساس علاقوں پر کڑی نگرانی نے ان کارروائیوں کو مزید مؤثر بنایا۔