ETV Bharat / jammu-and-kashmir

پلوامہ: ترچھل کے نوجوانوں کی دیرینہ مانگ پوری، کھیل کا میدان تیار

ترچھل کے نوجوان کئی برسوں سے ایک معیاری کھیل کا میدان تعمیر کرنے کا مطالبہ کر رہے تھے تاکہ وہ اپنی صلاحیتوں کو نکھار سکیں۔

نوجوانوں کی دیرینہ مانگ پوری، کھیل کا میدان تیار کیا گیا
نوجوانوں کی دیرینہ مانگ پوری، کھیل کا میدان تیار کیا گیا (ETV BHARAT)
author img

By ETV Bharat Urdu Team

Published : January 5, 2026 at 3:13 PM IST

2 Min Read
Choose ETV Bharat

پلوامہ (سید عادل مشتاق): جنوبی کشمیر کے ضلع پلوامہ کے ترچھل علاقے کے نوجوانوں کی برسوں پرانی مانگ بالآخر پوری ہوگئی ہے۔ علاقے میں کھیل کا میدان تعمیر کیا گیا ہے، جس کے بعد نوجوان روزانہ یہاں کھیل کود میں مصروف نظر آ رہے ہیں۔

ترچھل کے نوجوانوں کا کہنا ہے کہ وہ کئی سالوں سے مطالبہ کر رہے تھے کہ علاقے میں ایک معیاری کھیل کا میدان تعمیر کیا جائے، تاکہ نوجوان اپنی صلاحیتوں کو نکھارنے کے ساتھ ساتھ منفی سرگرمیوں سے دور رہ سکیں۔

نوجوانوں کی دیرینہ مانگ پوری، کھیل کا میدان تیار کیا گیا (ETV BHARAT)

ان کے مطابق پہلے انہیں کھیلنے کے لیے دور دراز علاقوں کا رخ کرنا پڑتا تھا، جس سے والدین بھی پریشان رہتے تھے، جبکہ کئی نوجوان مناسب جگہ نہ ہونے کے باعث کھیل کود سے دور رہ جاتے تھے۔


نوجوانوں نے بتایا کہ انہوں نے متعدد بار سرکار اور ضلع انتظامیہ سے اپیل کی تھی کہ علاقے میں کھیل کا میدان قائم کیا جائے۔ ان کی اپیل پر توجہ دیتے ہوئے ضلع انتظامیہ پلوامہ نے کھیل کود کو فروغ دینے کے مقصد سے ترچھل میں کھیل کے میدان کی تعمیر کے لیے اقدامات اٹھائے اور سال 2025-26 میں اس کا تعمیراتی کام مکمل کرلیا گیا۔

مزید پڑھیں: رامبن میں منعقدہ ٹی 20 کرکٹ ٹورنمنٹ کا اختتام

اس دوران ایک مقامی شخص نے بھی بات کرتے ہوئے کہا کہ اگرچہ کھیل کا میدان تیار کیا گیا ہے، تاہم ابھی بھی اس میں مزید بہتری اور کچھ اضافی کام کی ضرورت ہے تاکہ یہ میدان مکمل طور پر معیاری بن سکے اور دیگر علاقوں کے نوجوان بھی یہاں آکر کھیل سکیں۔