ETV Bharat / jammu-and-kashmir

کشمیری پنڈتوں کا مستقبل کشمیر میں محفوظ، تاریخ اور حقائق کو چھپایا نہیں جا سکتا: اشوک کول

بی جے پی رہنما نے کہاکہ جموں کشمیر کے حالات میں نمایاں تبدیلی آئی ہے، امید ہے امن، بھائی چارے کی فضا مزید مضبوط ہوگی۔

کشمیری پنڈتوں کا مستقبل کشمیر میں محفوظ ہے، تاریخ اور حقائق کو چھپایا نہیں جا سکتا: اشوک کول
کشمیری پنڈتوں کا مستقبل کشمیر میں محفوظ ہے، تاریخ اور حقائق کو چھپایا نہیں جا سکتا: اشوک کول (ETV BHARAT)
author img

By ETV Bharat Urdu Team

Published : August 24, 2026 at 2:13 PM IST

4 Min Read
Choose ETV Bharat

شوپیاں (شاہد ٹاک): بی جے پی جموں و کشمیر کے جنرل سکریٹری اشوک کول نے کہا ہے کہ کشمیر میں کشمیری پنڈتوں کا مستقبل محفوظ ہے اور ماضی میں ان کے ساتھ پیش آنے والے واقعات کی حقیقت اور تاریخ کو کسی بھی صورت میں چھپایا نہیں جا سکتا۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اشوک کول نے کہا کہ تاریخ اپنے حقائق کے ساتھ ہمیشہ زندہ رہتی ہے، اور سچ کو زیادہ دیر تک پردے میں نہیں رکھا جا سکتا۔

کشمیری پنڈتوں کا مستقبل کشمیر میں محفوظ ہے، تاریخ اور حقائق کو چھپایا نہیں جا سکتا: اشوک کول (ETV BHARAT)



اشوک کول نے کہا کہ کشمیری پنڈتوں کے ساتھ ماضی میں جو کچھ ہوا، وہ کشمیر کی تاریخ کا ایک اہم باب ہے۔ ان کے مطابق اقلیتی برادری کو درپیش مشکلات، ہجرت اور دیگر واقعات کے حقائق آج پوری دنیا کے سامنے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان واقعات کو سیاسی رنگ دینے کے بجائے حقیقت کو تسلیم کرتے ہوئے مستقبل کے لیے ایک پُرامن اور محفوظ ماحول تیار کرنے کی ضرورت ہے۔

بی جے پی رہنما نے کہا کہ جموں و کشمیر میں حالات میں نمایاں تبدیلی آئی ہے اور حکومت کی جانب سے امن و امان کی صورتحال کو بہتر بنانے کے لیے متعدد اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ آنے والے وقت میں وادی کشمیر میں امن، استحکام اور بھائی چارے کی فضا مزید مضبوط ہوگی۔

صحافیوں کے سوال کا جواب دیتے ہوئے اشوک کول نے کہا کہ سیکیورٹی کا مسئلہ صرف جموں و کشمیر تک محدود نہیں ہے،بلکہ موجودہ عالمی حالات میں دنیا کے مختلف خطوں کو مختلف نوعیت کے سیکیورٹی چیلنجز کا سامنا ہے۔ انہوں نے امریکہ، روس۔یوکرین تنازع اور مشرق وسطیٰ کی صورتحال کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ آج دنیا کے کسی بھی حصے میں مکمل سیکیورٹی کی ضمانت دینا آسان نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ چیلنجز ہر جگہ موجود ہیں، تاہم ان سے خوفزدہ ہونے کے بجائے ان کا مقابلہ کرنے اور حالات کو بہتر بنانے کے لیے مسلسل کوششیں کرنا ضروری ہے۔ اشوک کول کے مطابق دہشت گردی اور ٹارگٹ کلنگ کا بنیادی مقصد لوگوں میں خوف پیدا کرنا اور معاشرے میں عدم تحفظ کی کیفیت پیدا کرنا ہوتا ہے، لیکن ایسے واقعات کے باوجود لوگوں کے حوصلے پست نہیں ہونے چاہئیں۔

کشمیری پنڈتوں کی واپسی کے حوالے سے اشوک کول نے کہا کہ حکومت ان کی سیکیورٹی، آبادکاری اور بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لیے اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری پنڈتوں کا اپنی آبائی سرزمین سے تعلق مضبوط ہے اور وہ امید کرتے ہیں کہ حالات سازگار ہونے کے ساتھ بڑی تعداد میں لوگ دوبارہ کشمیر کا رخ کریں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ کشمیر کی سرزمین ہمیشہ سے مختلف مذاہب اور ثقافتوں کے لوگوں کے درمیان باہمی رواداری اور بھائی چارے کی علامت رہی ہے۔ ان کے مطابق وادی میں دیرپا امن کا قیام نہ صرف جموں و کشمیر بلکہ پورے ملک کے مفاد میں ہے۔

اشوک کول نے کہا کہ وہ وقت دور نہیں جب وادی کشمیر میں مکمل امن اور بھائی چارے کی فضا بحال ہوگی اور کشمیری پنڈت اپنے آبائی علاقوں میں واپس آکر اپنے مذہبی اور ثقافتی تہوار روایتی جوش و جذبے کے ساتھ منائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اور سماج دونوں کی مشترکہ ذمہ داری ہے کہ ایسا ماحول پیدا کیا جائے جہاں ہر برادری خود کو محفوظ اور باعزت محسوس کرے۔

مزید پڑھیں: کشمیری پنڈتوں کو نئی دہشت گردانہ دھمکیاں، حکومت کی کشمیر پالیسی پر کانگریس کی سخت تنقید


بی جے پی جنرل سکریٹری نے امید ظاہر کی کہ کشمیر میں امن، ترقی اور سماجی ہم آہنگی کے عمل کو مزید آگے بڑھایا جائے گا اور ماضی کے تلخ تجربات سے سبق لیتے ہوئے ایک ایسا مستقبل تعمیر کرنے کی کوشش کی جائے گی جس میں تمام برادریاں امن و امان کے ساتھ زندگی گزار سکیں۔ان باتوں کا اظہار انہوں شوپیان ضلع کے ناگہ بل علاقے میں قائم تیرتھ راج کپال موچن مندر میں کیا۔