ETV Bharat / jammu-and-kashmir
مرکزی حکومت جموں وکشمیر کے لوگوں کو روزگار دینے کے بجائے روزگار سے محروم کر رہی ہے، اے اے پی ترجمان
یہ ریلوے لائن ضلع کے باغبانی شعبہ کے ساتھ ساتھ زراعت شعبہ کو نقصان پہنچا رہا ہے

Published : December 29, 2025 at 4:37 PM IST
|Updated : December 29, 2025 at 6:25 PM IST
پلوامہ: جنوبی کشمیر کے ضلع پلوامہ کے اکثر لوگ باغبانی شعبہ کے ساتھ منسلک ہیں جس سے ضلع کے لوگ ذریعہ معاش حاصل کرتے ہیں۔ اس شعبہ سے یہاں کے مقامی لوگوں کے ساتھ ساتھ دیگر لوگوں کو بھی روزگار حاصل ہوتا ہے۔ تاہم ضلع کے لوگوں کے پاس محدود روزگار کے وصائل ہونے کی وجہ سے لوگ ریلوے منصوبہ کے خلاف اپنا احتجاج درج کررہے ہیں۔
یہ ریلوے لائن ضلع کے کاکاپورہ علاقے سے شروع ہوتا ہے اور ضلع کے کئی دیہات سے ہوتی ہوئی ضلع شوپیان تک جاتی ہے۔ یہ ریلوے لائن ضلع کے باغبانی شعبہ کے ساتھ ساتھ زراعت شعبہ کو نقصان پہنچا رہا ہے جس کی وجہ سے کئی لوگوں کا روزگار متاثر ہوگا۔ جس کے لئے لوگ ریلوے پروجیکٹ کو منسوخ کرنے کی اپیل کررہے ہیں۔
کاکاپورہ شوپیان کے لیے مجوزہ ریلوے لائن پروجیکٹ کو حتمی شکل دی گئی ہے ۔وہیں مقامی لوگ حکومت کے اس فیصلے کے خلاف مسلسل احتجاج کر رہے ہیں۔ لوگوں کے مطابق اس منصوبے سے ان کے بچے بےروزگار ہورہے ہیں۔ریلوے منصوبہ سے زیادہ تر باغبانی شعبہ متاثر ہو رہا ہے جہاں سے اکثریت آبادی اپنی روزی روٹی کما رہے ہیں۔
اس سلسلے میں عام آدمی پارٹی کے ترجمان مدثر حسن نے آج جنوبی کشمیر کے بابہارا علاقے کا دورہ کیا اور کاکا پورہ شوپیان ریلوے لائن پروجیکٹ کے حوالے سے لوگوں کے مطالبات سنے۔ انہوں نے کہا کہ یہ منصوبہ ترقیاتی نہیں ہے ۔ انہوں نے مرکزی حکومت سے درخواست کی کہ وہ اس پراجکٹ پر دوبارہ غور کرے اور اسے جلد از جلد منسوخ کرے تاکہ لوگوں کی کمائی کے ذرائع کو محفوظ بنایا جا سکے۔

