ETV Bharat / jammu-and-kashmir
محکمہ زراعت کی جانب سے ضلع سطحی زرعی نمائش، کسان میلہ اور پھل و سبزیوں کی نمائش کا انعقاد
جموں وکشمیر کے ضلع پلوامہ میں جدید زرعی طریقوں کو فروغ دینے، زرعی پیداوار بڑھانے کے لیے جدید تکنیکی طریقوں سے واقف کروایا گیا۔


Published : November 22, 2025 at 4:38 PM IST
|Updated : November 22, 2025 at 5:32 PM IST
پلوامہ (سید عادل مشتاق): محکمہ زراعت پروڈکشن اینڈ فارمرز ویلفیئر نے آج گورنمنٹ ڈگری کالج (بوائز) پلوامہ میں ایک روزہ ضلع سطحی زرعی نمائش، کسان میلہ اور پھل و سبزیوں کی نمائش کا کامیاب انعقاد کیا۔ اس پروگرام کا مقصد جدید زرعی طریقوں کا فروغ، مقامی پیداوار کی نمائش، اور کسانوں کو متعلقہ محکموں کے ماہرین سے براہِ راست تبادلہ خیال کا موقع فراہم کرنا تھا۔
تقریب کا باقاعدہ افتتاح ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (اے ڈی سی) پلوامہ محمد اشرف نے کیا۔ انہوں نے محکمہ زراعت کی جانب سے کسانوں کو بااختیار بنانے، جدید معلومات فراہم کرنے اور عملی تربیت کو فروغ دینے کے اقدامات کی سراہنا کی۔ ان کا کہنا تھا کہ زرعی پیداوار بڑھانے اور پائیدار کھیتی کو یقینی بنانے کے لیے جدید تکنیکی طریقوں کو اپنانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔
اس موقع پر چیف ایگریکلچر آفیسر پلوامہ وحید الرحمان سمیت محکمہ کے دیگر افسران اور اہلکار بھی موجود تھے۔ ضلع بھر سے بڑی تعداد میں کسانوں نے اس میلے میں شرکت کی۔
نمائش میں موجود مختلف اسٹالوں پر اعلیٰ پیداوار دینے والی فصلوں کے اقسام، پھل و سبزیوں کے نمونے، جدید زرعی مشینری، پودوں کے تحفظ کا سامان، اور سرکاری اسپانسرڈ اسکیموں سے متعلق معلومات فراہم کی گئیں۔ ماہرین نے کسانوں سے تبادلہ خیال کرتے ہوئے کیڑے کنٹرول، مٹی کی صحت، مربوط کاشتکاری اور مارکیٹ سے متعلق رہنمائی فراہم کی۔
ترقی پسند کاشتکاروں اور جدید تکنیک اپنانے والے کسانوں نے اپنی بہترین پیداوار نمائش کے لیے پیش کی، جسے آنے والے مہمانوں اور افسران کی جانب سے خوب سراہا گیا۔ اس دوران آگاہی سیشن بھی منعقد کیے گئے جن میں زرعی تنوع، نامیاتی کاشتکاری اور قدر میں اضافہ (ویلیو ایڈیشن) کی اہمیت پر روشنی ڈالی گئی۔
مزید پڑھیں: وادیٔ کشمیر میں رات کے درجۂ حرارت میں واضح کمی، سری نگر میں منفی دو ڈگری ریکارڈ و
کسانوں نے ایسے پروگراموں کے انعقاد پر محکمہ زراعت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ان سے انہیں جدید ٹیکنالوجی اور بازار کے رجحانات سے متعلق مفید معلومات حاصل ہوتی ہیں۔ اے ڈی سی پلوامہ نے یقین دہانی کرائی کہ ضلعی انتظامیہ زرعی پیداوار میں اضافہ اور دیہی روزگار کے مواقع بڑھانے کے لیے ہر ممکن تعاون فراہم کرتی رہے گی۔

