ETV Bharat / jammu-and-kashmir
سوشل میڈیا پر قابل اعتراض مواد پوسٹ کرنے کے الزام میں ٹیچر معطل
ایک مخصوص برادری کے خلاف مواد پوسٹ کرنے پر ہوئی تشویش کے پیش نظر یہ کارروائی انجام دی گئی۔

By ETV Bharat Jammu & Kashmir Team
Published : December 11, 2025 at 5:36 PM IST
جموں ( محمد اشرف گنائی) : چیف ایجوکیشن آفیسر (سی ای او) رام بن نے بدھ کے روز ایک حکم نامہ جاری کرتے ہوئے محکمہ تعلیم کے ایک استاد کو فوری طور پر معطل کرنے کے احکامات صادر کیے۔ حکمنامہ کے مطابق ’’معطلی کی یہ کارروائی جموں و کشمیر سیول سروسز (کلاسیفکیشن، کنٹرول اینڈ اپیل) رولز 1956 کے رول نمبر 31 کے تحت عمل میں لائی گئی۔‘‘
سرکاری حکمنامے کے مطابق ’’بلونت سنگھ، ٹیچر گریڈ۔II، جو گورنمنٹ پرائمری اسکول کلاسری، زون بٹوٹ، ضلع رام بن میں تعینات تھے، کو معطل کر کے چیف ایجوکیشن آفیسر رام بن کے دفتر کے ساتھ منسلک کر دیا گیا ہے۔‘‘ حکم نامے میں مزید کہا گیا ہے کہ معطلی کی مدت کے دوران متعلقہ استاد سی ای او دفتر رام بن میں ہی رہیں گے۔ وہیں زونل آفیسر کو اس معاملے میں ضروری فالو اَپ اقدامات کی بھی ہدایات دی گئی ہیں۔

سرکاری ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ کارروائی اس وقت عمل میں لائی گئی جب متعلقہ استاد کے خلاف سوشل میڈیا پر مبینہ طور ایک مخصوص برادری (مذہب) کو نشانہ بنانے والا مواد پوسٹ کرنے کی شکایات موصول ہوئیں۔ ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ ان پوسٹس سے مقامی سطح پر کافی تشویش پیدا ہوئی جس کے نتیجے میں انتظامیہ نے نوٹس لیتے ہوئے یہ کارروائی انجام دی ہے۔
یاد رہے کہ اس سے قبل بھی سماجی رابطہ گاہ پر ’قابل اعراض‘ مواد اپلوڈ یا شیئر کرنے والے کئی سرکاری ملازمین کے خلاف کارروائیاں کی گئی ہیں۔ وہیں بعض ملازمین کو نوکریوں سے بھی برطرف کر دیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں:

