ETV Bharat / jammu-and-kashmir
ناقص معیار کے گتے کے کارٹن سیب کی پیکنگ کے لیے استعمال نہ کیے جائیں
وادی کے مختلف اضلاع سے مختلف اقسام کے سیب کو سوپور فروٹ منڈی لایا جاتا اور یہاں سے ملک کی مختلف ریاستوں میں جاتا ہے۔

Published : August 26, 2026 at 5:24 PM IST
بارہمولہ، جموں وکشمیر (کوثر عرفات): وادیٔ کشمیر کا سیب پورے ملک کے ساتھ ساتھ بیرونِ ملک بھی اپنی کوالٹی (معیار) کے لیے کافی مقبول ہیں۔ ایسے میں سرکار اور مقامی فروٹ گروورس (پھل پیدا کاروں) کی یونین اس کے تحفظ اور معیار کو برقرار رکھنے کے حوالے سے کافی پہل کرتی رہتی ہے۔ دراصل ضلع بارہمولہ کی سوپور فروٹ منڈی میں سال کے اس وقت سیب کا سیزن شروع ہو چکا ہے اور وادی کے مختلف اضلاع سے مختلف اقسام کے سیب سوپور فروٹ منڈی میں لائے جاتے ہیں، جہاں سے پھر انہیں ہندوستان کی مختلف ریاستوں میں بھیجا جاتا ہے۔
اس ضمن میں فروٹ منڈی کی بائرز یونین (Buyers Union) کے صدر مدثر احمد نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس وقت فروٹ منڈی سوپور میں پیکنگ سیزن چل رہا ہے، لیکن ہمارے پاس یہ شکایت آ رہی ہے کہ مارکیٹ میں اس وقت جو کارڈ بورڈ (گتہ) دستیاب ہے، وہ بہترین معیار کا نہیں ہے۔ ہم فروٹ منڈی میں اس وقت 95 فیصد اسی کارڈ بورڈ کے ڈبوں کا استعمال کرتے ہیں اور اس کے معیار میں کمی ہونے کی وجہ سے ہم پریشان ہیں کیونکہ اس سے ہمارے سیب کو نقصان پہنچ رہا ہے۔
بہتر معیار کے کارڈ بورڈ ڈبوں کا استعمال
انہوں نے کہا کہ ہم اپنے فروٹ گروورس سے گزارش کرتے ہیں کہ وہ بہتر معیار کے کارڈ بورڈ ڈبوں کا استعمال کریں کیونکہ اس سیب کو ملک کی مختلف ریاستوں میں جانا ہوتا ہے اور ہم نہیں چاہتے کہ خراب پیکنگ کی وجہ سے خریدار کو سڑا ہوا سیب ملے اور وہ خریداری سے انکار کرے۔

کم تر معیار کے کارڈ بورڈ کا استعمال بند کریں
انہوں نے کہا کہ فروٹ گروورس کو چاہیے کہ وہ اپنے سیب کے لیے اعلیٰ قسم کے کارڈ بورڈ کا استعمال کریں تاکہ مارکیٹ میں ان کے دام اچھے لگیں۔ انہوں نے بتایا کہ آج ہم نے اس سلسلے میں فروٹ منڈی سوپور میں ایک اہم میٹنگ کی جس میں کارڈ بورڈ انڈسٹری سے وابستہ افراد نے بھی شرکت کی۔ ہم چاہتے ہیں کہ مارکیٹ میں موجود کم تر معیار کے کارڈ بورڈ کا استعمال بند کیا جائے کیونکہ اس کا سارا نقصان ہمیں ہی اٹھانا پڑتا ہے۔
وقت کے ساتھ گتے کے ڈبوں کے استعمال میں اضافہ
واضح رہے کہ وادی کے مختلف اضلاع میں گزشتہ سالوں تک فروٹ گروورس سیب کی پیکنگ کے لیے لکڑی کے ڈبوں کا استعمال کرتے تھے، لیکن وقت کے ساتھ اب گتے کے ڈبوں کا استعمال بڑھ گیا ہے۔ یہ ڈبے زیادہ مہنگے بھی نہیں ہیں اور مقامی فروٹ گروورس بھی اس بات سے خوش ہیں کہ مارکیٹ میں کارڈ بورڈ یعنی گتے کے ڈبے آسانی سے دستیاب ہیں۔

