ETV Bharat / jammu-and-kashmir

کشمیر میں شبانہ درجہ حرارت نقطہ انجماد سے نیچے، گلمرگ میں پارہ منفی 6.5ڈگری ریکارڈ

وادی کشمیر کے بیشتر علاقوں میں شبانہ درجہ حرارت نقطہ انجماد سے نیچے درج کیا جا رہا ہے۔

ا
سونہ مرگ میں حالیہ برفباری کا ایک منظر (فائل فوٹو: ای ٹی وی بھارت)
author img

By ETV Bharat Jammu & Kashmir Team

Published : January 3, 2026 at 12:02 PM IST

2 Min Read
Choose ETV Bharat

سرینگر: وادی کشمیر میں شبانہ درجہ حرارت بدستور نقطہ انجماد کے قریب ریکارڈ کیا جا رہا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق سرینگر جمعہ اور ہفتہ کی درمیانی شب کم سے کم درجہ حرارت منفی 1.5 ڈگری سیلسیش ریکارڈ کیا گیا، جبکہ لداخ کے کئی علاقوں میں پارہ منفی گیارہ ڈگری سیلسیش سے بھی نیچے گر گیا۔

جموں کشمیر کے گرمائی دارالحکومت میں جہاں شبانہ درجہ حرارت نقطہ انجماد سے ذرا نیچے ریکارڈ کیا گیا وہیں معروف سکی ریزارٹ گلمرگ وادی کا سب سے سرد مقام رہا جہاں درجہ حرارت منفی 6.5ڈگری سیلسیش تک گر گیا۔

ادھر، لداخ میں بھی چالیس روزہ سخت سردی کے ایام ’’چلہ کلان‘‘ کی شدت پوری طرح محسوس کی جا رہی ہے اور ضلع کرگل میں پارہ منفی 11.2ڈگری سیلسیش اور لیہہ میں منفی 10.6ڈگری سیلسیش ریکارڈ کیا گیا۔

جنوبی کشمیر کے معروف سیاحتی مقام پہلگام میں شبانہ درجہ حرارت منفی 5.2ڈگری سیلسیش رہا، جبکہ شوپیاں میں منفی 4.7ڈگری سیلسیش، پلوامہ میں منفی 3.9ڈگری سیلسیش، اننت ناگ میں منفی 3.0ڈگری سیلسیش اور قاضی گنڈ میں منفی 2.6ڈگری سیلسیش درج ہوا۔

وادی سے باہر جموں ڈویژن کے میدانی علاقوں میں اگرچہ درجہ حرارت نسبتاً معتدل رہا، تاہم وہاں بھی سردی کا اثر دیکھنے کو ملا۔ جموں شہر میں کم سے کم درجہ حرارت 7.9ڈگری سیلسیش جبکہ بانیہال میں 2.7ڈگری سیلسیش ریکارڈ کیا گیا۔

محکمہ موسمیات کے حکام کے مطابق اگلے 48 گھنٹوں کے دوران موسم خشک رہنے کا امکان ہے، تاہم 5 یا 6 جنوری کو ایک کمزور ویسٹرن ڈسٹربنس (زمستانی ہوائیں) خطے کا رخ کر سکتی ہیں، جس سے شمالی اور وسطی کشمیر بالائی علاقوں پر ہلکی برفباری متوقع ہے۔

ماہرین کے مطابق 5 جنوری تک آسمان ابر آلود رہ سکتا ہے، اس دوران وقفے وقفے سے دھوپ نکلنے کے امکانات بھی طاہر کیے گئے ہیں۔ 6 جنوری کو بعض بعالائی مقامات پر ہلکی برفباری ہو سکتی ہے، جبکہ 7 جنوری سے 15 جنوری تک موسم جزوی طور پر ابر آلود رہنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

دریں اثنا، محکمہ کے مطابق جموں ڈویژن کے میدانی علاقوں میں آئندہ تین روز کے دوران کہیں کہیں شدید دھند چھائے رہنے کا امکان ہے، جس سے ٹرانسپورٹ سروسز اور معمولات زندگی متاثر ہو سکتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں:

سرینگر میں درجہ حرارت 2.3 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا، یکم جنوری تک برف باری کی پیشن گوئی