ETV Bharat / jammu-and-kashmir

وادی کشمیر میں عید میلاد النبی ﷺ کی روح پرور تقریبات: مساجد، درگاہوں اور خانقاہوں میں عاشقان رسول ﷺ کا جم غفیر

وادی کشمیر کے مختلف علاقوں میں منعقدہ تقریبات کا مرکزی پیغام محبت رسول ﷺ، امن، اخوت، بھائی چارہ، رحم دلی اور انسانیت کی خدمت رہا۔

وادی کشمیر میں عید میلاد النبی ﷺ کی روح پرور تقریبات، مساجد، درگاہوں اور خانقاہوں میں عاشقان رسول ﷺ کا جم غفیر
وادی کشمیر میں عید میلاد النبی ﷺ کی روح پرور تقریبات، مساجد، درگاہوں اور خانقاہوں میں عاشقان رسول ﷺ کا جم غفیر (ETV Bharat)
author img

By ETV Bharat Urdu Team

Published : August 26, 2026 at 8:04 PM IST

|

Updated : August 27, 2026 at 1:35 PM IST

6 Min Read
Choose ETV Bharat

سری نگر / اننت ناگ: (اشفاق میر) دنیا کے مختلف خطوں کی طرح جموں و کشمیر میں بھی عید میلاد النبی حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ مذہبی عقیدت، احترام اور جوش و خروش کے ساتھ منائی گئی۔ وادی کشمیر کے مختلف اضلاع میں مساجد، درگاہوں، خانقاہوں اور دیگر مذہبی مراکز پر خصوصی محافل میلاد، وعظ و تبلیغ، نعت خوانی، درود و اذکار اور دعائیہ مجالس منعقد ہوئیں، جبکہ متعدد علاقوں میں پُرامن جلوس بھی نکالے گئے۔

وادی کشمیر میں عید میلاد النبی ﷺ کی روح پرور تقریبات، مساجد، درگاہوں اور خانقاہوں میں عاشقان رسول ﷺ کا جم غفیر (ETV Bharat)

وادی میں عید میلاد النبی ﷺ کی بڑی تقریبات میں آثار شریف درگاہ حضرت بل، سری نگر کی تقریب نمایاں رہی، جہاں بڑی تعداد میں عقیدت مندوں نے شرکت کی۔ جنوبی کشمیر میں بھی درگاہ حضرت بل کھرم اور کعبہ مرگ سمیت کیموہ کولگام، پلوامہ اور شوپیاں کے مختلف اہم درگاہوں اور خانقاہوں میں خصوصی اجتماعات کا انعقاد کیا گیا۔ ان مذہبی اجتماعات میں علمائے کرام نے سیرت طیبہ اور حیات مبارکہ کے مختلف پہلوؤں پر روشنی ڈالی اور رسول اکرم ﷺ کی تعلیمات، اخلاق حسنہ، محبت، اخوت، امن اور انسانیت کی خدمت کے پیغام کو عام کرنے پر زور دیا۔

وادی کشمیر میں عید میلاد النبی ﷺ کی روح پرور تقریبات
وادی کشمیر میں عید میلاد النبی ﷺ کی روح پرور تقریبات (ETV Bharat)

جنوبی کشمیر میں عید میلاد النبی ﷺ کے سلسلے میں درگاہ حضرت بل کھرم اور کعبہ مرگ میں خصوصی اجتماعات منعقد ہوئے، جہاں وادی کے مختلف علاقوں سے بڑی تعداد میں عاشقان رسول ﷺ پہنچے۔ زائرین نے فجر، ظہر اور عصر کی نمازوں کے بعد مقدس موئے مبارک اور دیگر تبرکات کی زیارت کی۔ ان روح پرور اجتماعات میں لوگوں نے درود و سلام، اذکار اور خصوصی دعاؤں میں شرکت کی۔ درگاہ حضرت بل کھرم میں جمعہ تک موئے مقدس اور دیگر تبرکات کی زیارت کا سلسلہ جاری رہنے کی اطلاع ہے۔

وادی کشمیر میں عید میلاد النبی ﷺ کی روح پرور تقریبات
وادی کشمیر میں عید میلاد النبی ﷺ کی روح پرور تقریبات (ETV Bharat)

ضلع پلوامہ کے پتی پورہ علاقے میں حاجی سید حسن سمنانی رحمۃ اللہ علیہ کے آستانہ عالیہ پر بھی عید میلاد النبی ﷺ کے موقع پر ایک روح پرور اجتماع منعقد ہوا، جس میں وادی کے مختلف علاقوں سے ہزاروں عقیدت مندوں نے شرکت کی۔ نماز ظہر کے بعد مردوں، خواتین اور بچوں سمیت بڑی تعداد میں زائرین پتی پورہ پہنچے۔ اس موقع پر عقیدت مندوں نے حضور اکرم ﷺ اور حضرت فاروق اعظم رضی اللہ عنہ سے منسوب مقدس تبرکات کی زیارت کی اور درود و سلام پیش کیا۔

وادی کشمیر میں عید میلاد النبی ﷺ کی روح پرور تقریبات
وادی کشمیر میں عید میلاد النبی ﷺ کی روح پرور تقریبات (ETV Bharat)

اوقاف کمیٹی پتی پورہ کی جانب سے زائرین کے لیے کھانے پینے اور رات بھر قیام کے انتظامات کیے گئے تھے، جبکہ انتظامیہ نے سکیورٹی، ٹریفک اور دیگر ضروری سہولیات کا بھی انتظام کیا۔ جامع مسجد پتی پورہ کے امام و خطیب سمیع اللہ صوفی نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ تمام جہانوں کے لیے رحمت بن کر تشریف لائے اور آپ ﷺ کی تعلیمات پوری انسانیت کے لیے مشعل راہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ رسول اکرم ﷺ نے انسانیت کو محبت، اخوت، بھائی چارے، امن اور رحم دلی کا درس دیا۔ انہوں نے زور دیا کہ مسلمانوں کو اپنی زندگیوں میں سیرت طیبہ کی تعلیمات کو اختیار کرنا چاہیے۔

وادی کشمیر میں عید میلاد النبی ﷺ کی روح پرور تقریبات
وادی کشمیر میں عید میلاد النبی ﷺ کی روح پرور تقریبات (ETV Bharat)

عید میلاد النبی ﷺ کے موقع پر ضلع پلوامہ کے مختلف علاقوں میں بھی پُرامن جلوس نکالے گئے۔ مختلف علاقوں سے آنے والے عاشقان رسول ﷺ نے ان جلوسوں میں شرکت کی اور درود و سلام اور نعت خوانی کے ذریعے اپنی عقیدت کا اظہار کیا۔ مختلف مساجد اور مذہبی مراکز میں خصوصی مجالس کا بھی اہتمام کیا گیا، جہاں علما نے سیرت النبی ﷺ کے مختلف پہلوؤں پر روشنی ڈالی۔

وادی کشمیر میں عید میلاد النبی ﷺ کی روح پرور تقریبات
وادی کشمیر میں عید میلاد النبی ﷺ کی روح پرور تقریبات (ETV Bharat)

ضلع گاندربل کے بیشتر علاقوں میں بھی عید میلاد النبی ﷺ کے موقع پر مساجد، درگاہوں اور خانقاہوں میں خصوصی محافل منعقد ہوئیں۔ نعت خوانی، درود و اذکار اور وعظ و تبلیغ کی مجالس میں بڑی تعداد میں لوگوں نے شرکت کی۔ ضلع کی بڑی تقریبات میں تاریخی میرانی جامع مسجد دودھر ہامہ کی تقریب نمایاں رہی، جہاں وادی کے علما نے رسول اکرم ﷺ کی ولادت باسعادت اور سیرت طیبہ کے مختلف گوشوں پر خطاب کیا۔

نماز ظہر کے بعد میرانی جامع مسجد دودھر ہامہ سے ایک بڑا جلوس نکالا گیا، جس میں اطراف و اکناف سے آئے ہوئے عاشقان رسول ﷺ نے شرکت کی۔ جلوس مختلف راستوں سے ہوتا ہوا جامع مسجد بی ہامہ پہنچا، جہاں پُرامن طور پر اختتام پذیر ہوا۔ اس موقع پر شرکاء نے نعت خوانی، درود و سلام اور خصوصی دعاؤں میں شرکت کی۔ ضلع انتظامیہ گاندربل کی جانب سے عید میلاد النبی ﷺ کے پیش نظر صفائی ستھرائی کے خصوصی انتظامات کیے گئے تھے، جبکہ جلوسوں اور اجتماعات کے دوران ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے لیے بھی انتظامات کیے گئے۔

جموں و کشمیر کے پہاڑی ضلع رامبن میں بھی ہر سال کی طرح اس سال عید میلاد النبی ﷺ مذہبی عقیدت و احترام اور جوش و خروش کے ساتھ منائی گئی۔ ضلع کے مختلف علاقوں، بشمول گول، بانہال، بٹوت اور رامبن میں خصوصی محافل میلاد اور جلوسوں کا اہتمام کیا گیا۔ 12 ربیع الاول کی مناسبت سے مساجد، مذہبی مراکز اور مختلف مقامات کو خوبصورت روشنیوں سے سجایا گیا۔ مساجد سے نکالے گئے جلوس مختلف راستوں سے گزرے، جن میں مقامی لوگوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

شرکاء نے درود و سلام کا ورد کیا اور امت مسلمہ کی سلامتی، خوشحالی، امن و استحکام کے لیے خصوصی دعائیں مانگیں۔ اس موقع پر مختلف مقررین نے رسول اکرم ﷺ کی سیرت طیبہ، اخلاق حسنہ اور انسانیت کے لیے آپ ﷺ کے پیغام پر روشنی ڈالی اور کہا کہ حضور اکرم ﷺ کی بعثت پوری انسانیت کے لیے رحمت اور ہدایت کا ذریعہ ہے۔ تقریبات کے دوران امن و امان برقرار رکھنے کے لیے سکیورٹی کے بھی خصوصی انتظامات کیے گئے تھے۔

یہ بھی پڑھیں: اننت ناگ میں عید میلاد النبی ﷺ کے سلسلے میں عظیم الشان جلوس، ہزاروں عاشقانِ رسول ﷺ کی شرکت

عید میلاد النبی ﷺ کے موقع پر وادی کشمیر کے مختلف علاقوں میں منعقدہ تقریبات کا مرکزی پیغام محبت رسول ﷺ، امن، اخوت، بھائی چارہ، رحم دلی اور انسانیت کی خدمت رہا۔ علمائے کرام نے اپنے خطابات میں زور دیا کہ رسول اکرم حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ کی حیات طیبہ مسلمانوں کے لیے عملی نمونہ ہے اور آپ ﷺ کی تعلیمات پر عمل ہی محبت رسول ﷺ کا حقیقی تقاضا ہے۔

Last Updated : August 27, 2026 at 1:35 PM IST