ETV Bharat / jammu-and-kashmir

’انتقامی کارروائی‘: سونم وانگچک  کا لداخ انتظامیہ پر ڈیزرٹ فلاور اسکول کو نشانہ بنانے کا الزام

گزشتہ روزلداخ انتظامیہ نے کورٹ میں جاری سماعت کا حوالہ دیتے ہوئے ڈیزرت فلاور اسکول کو نئی سرگرمیوں سے باز رہنے کی ہدایت دی تھی۔

سونم وانگچک اپنی اہلیہ گیتانجلی انگمو کے ساتھ ایک پریس کانفرنس کے دوران
سونم وانگچک اپنی اہلیہ گیتانجلی انگمو کے ساتھ ایک پریس کانفرنس کے دوران (فائل فوٹو: اے این آئی)
author img

By Mir Farhat Maqbool

Published : November 4, 2026 at 8:30 PM IST

|

Updated : November 4, 2026 at 8:57 PM IST

7 Min Read
Choose ETV Bharat

سرینگر: لداخ انتظامیہ کی جانب سے ہمالین انسٹی ٹیوٹ آف آلٹرنیٹوز لداخ (HIAL) کو لیہہ میں واقع اپنے ڈیزرٹ فلاور اسکول کی تمام سرگرمیاں بند کرنے کی ہدایت دینے کے ایک روز بعد، ادارے کے بانی اور ماہر تعلیم و موجد سونم وانگچک نے اس کارروائی کو انتظامیہ کی جانب سے ’وِچ ہنٹنگ‘ (کسی کو جان بوجھ کر نشانہ بنانے اور ہراساں کرنے کا معاملہ) قرار دیا ہے۔

انتظامیہ نے یہ کہتے ہوئے اسکول کی سرگرمیاں روکنے کی ہدایت دی تھی کہ HIAL کو زمین الاٹ کرنے کا معاملہ جموں و کشمیر اور لداخ ہائی کورٹ میں زیرِ سماعت ہے۔ سونم وانگچک اور ان کی اہلیہ گیتانجلی انگمو نے کہا کہ انہوں نے HIAL کی عمارت میں اسکول شروع کیا ہے اور رواں سال اس میں 50 بچوں کو داخلہ بھی دیا گیا ہے۔

سونم وانگچک اپنی اہلیہ ڈاکٹر گیتانجلی جے انگمو کے ہمراہ آن لائن پریس کانفرنس کے دوران (Special Arrangement)

آن لائن پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے دونوں نے کہا: "ہم نے اسکول کی رجسٹریشن اور انتظامیہ سے منظوری حاصل کرنے کے لیے تمام دستاویزات جمع کرائیں اور مقررہ طریقہ کار پر عمل کیا، لیکن سرکاری افسران کی جانب سے اس عمل میں تاخیر ہوئی۔"

وانگچک نے الزام عائد کیا کہ لیفٹیننٹ گورنر ونے کمار سکسینہ کی قیادت والی موجودہ انتظامیہ ان کی جانب سے لداخی عوام کے حقوق کے لیے آواز اٹھانے کے بعد انہیں نشانہ بنا رہی ہے۔ واضح رہے کہ گزشتہ سال لداخ کے حقوق، چھٹے شیڈول اور ریاستی درجے کے مطالبات پر ہونے والے احتجاج کے دوران چار مظاہرین کی ہلاکت کے بعد وانگچک کو نیشنل سکیورٹی ایکٹ (NSA) کے تحت گرفتار کرکے جیل بھیج دیا گیا تھا۔

انہوں نے ان مطالبات کے حق میں بھوک ہڑتال بھی کی تھی، جن کی حمایت لیہہ اپیکس باڈی اور کرگل ڈیموکریٹک الائنس کر رہے ہیں۔ یہ دونوں تنظیمیں مرکزی وزارت داخلہ کے ساتھ مشترکہ طور پر مذاکرات کر رہی ہیں۔

لیہہ کے تحصیلدار کی جانب سے جاری نوٹس میں انتظامیہ نے HIAL کی بانی اور چیف ایگزیکٹو آفیسر (CEO) ڈاکٹر گیتانجلی جے انگمو سے کہا کہ وہ اسکول میں کلاسیں شروع کرنے اور دیگر سرگرمیاں چلانے سے گریز کریں، کیونکہ ادارے کو زمین الاٹ کرنے کا معاملہ جموں و کشمیر اور لداخ ہائی کورٹ میں زیرِ سماعت ہے۔

انتظامیہ نے HIAL کو یہ بھی ہدایت دی کہ وہ موجودہ صورتحال برقرار رکھے اور کوئی ایسا قدم نہ اٹھائے جس سے ہائی کورٹ میں زیرِ سماعت معاملے پر اثر پڑ سکتا ہو۔ یہ پیش رفت لداخ انتظامیہ اور HIAL کے درمیان ادارے کو زمین الاٹ کرنے کے معاملے پر جاری قانونی تنازع کے دوران سامنے آئی ہے۔

انتظامیہ نے اگست 2025 میں HIAL کو زمین الاٹ کرنے کا فیصلہ منسوخ کر دیا تھا۔ اس کے بعد ادارے نے اس فیصلے کو ہائی کورٹ میں چیلنج کیا۔ گیتانجلی انگمو کے مطابق زمین سے متعلق یہ معاملہ 7 دسمبر کو عدالت میں سماعت کے لیے مقرر ہے۔

انگمو نے کہا کہ اسکول کی سرگرمیاں روکنے کا انتظامی نوٹس مبینہ طور پر دو وجوہات کی بنیاد پر جاری کیا گیا ہے، جن میں ضروری منظوریوں کی عدم موجودگی اور اس زمین سے متعلق زیر سماعت تنازع شامل ہیں جہاں ادارہ قائم ہے۔ تاہم، انہوں نے ان دونوں الزامات کو گمراہ کن قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کے پاس اپنے موقف کے حق میں دستاویزی ثبوت موجود ہیں۔

زمین کے تنازع پر بات کرتے ہوئے انگمو نے کہا کہ HIAL نے لیز ڈیڈ (معاہدہ) مکمل کرنے کے لیے بار بار انتظامیہ سے رابطہ کیا، لیکن کوئی جواب نہیں ملا، کیونکہ حکومت نے ابھی تک لیز پالیسی کو حتمی شکل نہیں دی تھی۔ انہوں نے بتایا کہ ادارے نے لیز سے متعلق کارروائی مکمل کرنے کے لیے انتظامیہ کو پانچ خطوط بھیجے، سرکاری دفاتر کے 10 دورے کیے اور افسران کے ساتھ تقریباً 50 مرتبہ ٹیلی فون پر بات چیت کی۔

انگمو نے کہا کہ انہوں نے ڈپٹی کمشنر اور ڈائریکٹر اسکول ایجوکیشن کو بھی چھ خطوط لکھے، جن میں 30 اکتوبر کو بھیجا گیا خط بھی شامل ہے۔ اس خط میں انہیں بتایا گیا تھا کہ اسکول 2 نومبر سے کام شروع کرنے والا ہے۔ تاہم، ان کے مطابق کسی بھی خط کا جواب نہیں دیا گیا۔ ’’حیرت کی بات یہ ہے کہ ہمیں جو نوٹس 2 نومبر کو بھیجا گیا، وہ یکم نومبر یعنی اتوار کے روز ہی تیار کر لیا گیا تھا۔"

انگمو نے سوال اٹھایا کہ افسران ہفتے کی چھٹی کے دن نوٹس جاری کر سکتے ہیں، لیکن کئی مہینوں کے دوران اسکول کی منظوری کے عمل کو آگے کیوں نہیں بڑھا سکے۔

انہوں نے لداخ کے لیفٹیننٹ گورنر اور اعلیٰ انتظامی افسران کو چیلنج کیا کہ وہ ڈیزرٹ فلاور اسکول جیسا رہائشی اسکول قائم کرکے دکھائیں۔ ان کا کہنا تھا کہ HIAL نے صرف دو سال میں اسکول کا یہ ماڈل تیار کیا ہے۔

پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سونم وانگچک نے الزام عائد کیا کہ اسکول کے خلاف کارروائی دراصل لداخ میں انتظامیہ کی پالیسیوں پر سوال اٹھانے والوں کو نشانہ بنانے کے ایک بڑے سلسلے کا حصہ ہے۔

انہوں نے اس کارروائی کو حالیہ احتجاج اور انتظامیہ کی پالیسیوں پر ہونے والی عوامی تنقید سے بھی جوڑا۔ ان کا کہنا تھا کہ شراب کے لائسنس، سیاحت، زمین اور ماحولیاتی منصوبوں، جن میں دریائے سندھ پر راک ڈیم بنانے کے منصوبے بھی شامل ہیں، کے حوالے سے سوال اٹھانے والوں کو نشانہ بنایا جا رہا ہے۔

سونم وانگچک نے کہا، ’’یہ انتقامی کارروائی ہے۔‘‘ انہوں نے الزام لگایا کہ انتظامیہ والدین کے درمیان الجھن پیدا کرنا اور ادارے کی ساکھ کو نقصان پہنچانا چاہتی ہے۔ ادارے نے یہ دعویٰ بھی کیا کہ والدین نے اسکول کی حمایت میں انتظامیہ کو تحریری درخواستیں دی ہیں اور عدالت سے بھی رجوع کیا ہے۔

ڈیزرٹ فلاور اسکول HIAL کے مجوزہ ’اسکول آف ایکسپیرینشل ایجوکیشن‘ (تجرباتی تعلیم کے اسکول) کا حصہ ہے۔

گیتانجلی انگمو نے بتایا کہ اس اسکول کو کنڈرگارٹن سے لے کر بارہویں جماعت تک قائم کرنے کا منصوبہ ہے، جبکہ چھٹی جماعت سے بچوں کے لیے رہائشی سہولیات بھی فراہم کی جائیں گی۔ موجودہ تعلیمی سیشن میں اسکول نے تین سے پانچ سال کی عمر کے بچوں کے لیے پری پرائمری کلاسوں کے ساتھ کام شروع کیا ہے۔

انگمو نے کہا کہ ڈیزرٹ فلاور ایک نجی اور غیر منافع بخش ادارہ ہے، جس کے اخراجات تنظیم اپنے وسائل اور بیرونی تعاون سے پورے کرتی ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ اسکول کی تعمیر 2023 میں شروع کی گئی تھی اور اس کام میں ایک سرکاری شعبے کے ادارے (PSU) نے بھی تعاون کیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں:

سونم وانگچک غیر قانونی طور اسکول چلا رہے ہیں؟لداخ انتظامیہ نے سرگرمیاں بند رکھنے کی دی ہدایت

Last Updated : November 4, 2026 at 8:57 PM IST