ETV Bharat / jammu-and-kashmir
ڈورو ویری ناگ سالڈ ویسٹ منیجمنٹ پلانٹ بد انتظامی کا شکار، علاقہ کوڑا دان میں تبدیل
اننت ناگ میں سالڈ ویسٹ منیجمنٹ پلانٹ شہر کو صاف بنانے کیلئے قائم کیا گیا، اسکے برعکس ہر طرف کچرے کا انبار نظر آرہا ہے۔

Published : February 28, 2026 at 10:38 AM IST
|Updated : March 3, 2026 at 6:51 AM IST
اننت ناگ (میر اشفاق): ضلع اننت ناگ کے ڈورو ویری ناگ میں قائم سالڈ ویسٹ منیجمنٹ پلانٹ، جس کا بنیادی مقصد علاقے کو صاف و شفاف رکھنا اور سائنسی بنیادوں پر کوڑا کرکٹ کو ٹھکانے لگانا ہے، آج خود مقامی آبادی کے لئے دردِ سر بنتا جا رہا ہے۔ بدانتظامی، عملے کی کمی اور مناسب نگرانی کے فقدان کے باعث پلانٹ کے اطراف کا علاقہ عملی طور پر کوڑا دان میں تبدیل ہو چکا ہے، جس سے ماحولیاتی اور صحت عامہ کے سنگین مسائل جنم لے رہے ہیں۔
ڈورو ویری ناگ کے تقریباً سترہ وارڈس کا کوڑا کرکٹ اس پلانٹ میں لایا جاتا ہے، تاہم کوڑا کرکٹ کی باقاعدہ گریڈنگ (علیحدگی) کا عمل مؤثر انداز میں انجام نہیں دیا جا رہا۔ نتیجتاً پلانٹ کے باہر کوڑے کے بڑے بڑے انبار جمع ہو گئے ہیں۔ ان ڈھیروں پر درجنوں آوارہ کتے منڈلاتے رہتے ہیں، جو نہ صرف شہریوں کے لئے خطرہ بن چکے ہیں بلکہ گندگی کو مزید پھیلانے کا سبب بھی بن رہے ہیں۔ مزید برآں، پلاسٹک اور پالتھین کے ڈھیروں کو نذرِ آتش کیا جا رہا ہے، جس سے زہریلا دھواں اٹھتا ہے اور فضائی آلودگی میں خطرناک حد تک اضافہ ہو رہا ہے۔ علاقہ سیاحتی اعتبار سے کافی خوبصورت ہے ماحول گندہ ہونے کے سبب علاقہ کی سیاحت پر بھی منفی اثرات مرتب ہو سکتے ہیں۔

پلانٹ میں قائم کمپوسٹ یونٹ کی صورتحال بھی تسلی بخش نہیں۔ کمپوسٹنگ کے لئے بنائے گئے پیٹس میں بغیر گریڈنگ کے مخلوط کوڑا ڈالا گیا ہے، جس کے باعث تمام پیٹس بھر چکے ہیں اور مطلوبہ نامیاتی مواد کی علیحدگی نہ ہونے سے ورم کمپوسٹ کھاد تیار کرنے کا عمل تقریباً معطل ہو کر رہ گیا ہے۔ اس طرح پلانٹ کا بنیادی مقصد ہی ختم ہوتا دکھائی دے رہا ہے۔

حیران کن امر یہ ہے کہ پلانٹ کے ایک جانب کھیل کا میدان موجود ہے اور دوسری طرف محکمہ زراعت کا ایک وسیع لیونڈر فارم قائم ہے، جبکہ اطراف میں مقامی آبادی بھی رہائش پذیر ہے۔ اس کے باوجود پلانٹ سے اٹھنے والی بدبو، دھواں اور گندگی نے پورے علاقے کو متاثر کر رکھا ہے۔ مقامی نوجوانوں کا کہنا ہے کہ کھیل کے میدان کی تعمیر ان کی دیرینہ جدوجہد کا نتیجہ ہے، کیونکہ علاقے میں بے پناہ ٹیلنٹ موجود ہے۔ مگر بدبو، دھوئیں اور آوارہ کتوں کی وجہ سے کھلاڑیوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے، جو ان کے حوصلے پست کرنے کے مترادف ہے۔ وہ اس پلانٹ کو دوسری جگہ منتقل کرنے کا مطالبہ کر رہے ہیں۔

اس حوالے سے جب ای ٹی وی بھارت نے سالڈ ویسٹ منیجمنٹ کے انچارج سید عبدالرشید بخاری سے بات کی تو انہوں نے اعتراف کیا کہ کمپوسٹ یونٹ کے تمام پیٹس بھر چکے ہیں اور پلانٹ کو آؤٹ سورس کیا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ باقاعدہ گریڈنگ کی جاتی ہے، تاہم جگہ کی تنگی اور عملے کی کمی کے باعث بعض اوقات کوڑا کرکٹ باہر ڈالنا پڑتا ہے۔

مجموعی طور پر یہ صورتحال اس امر کی متقاضی ہے کہ متعلقہ حکام فوری طور پر سنجیدہ مداخلت کریں، پلانٹ میں عملے کی کمی کو دور کیا جائے، کوڑا کرکٹ کی سائنسی بنیادوں پر گریڈنگ یقینی بنائی جائے اور کمپوسٹ یونٹ کو مکمل فعال کیا جائے۔ بصورت دیگر نہ صرف ماحولیات کو ناقابلِ تلافی نقصان پہنچے گا بلکہ مقامی آبادی کی صحت اور نوجوانوں کی سرگرمیاں بھی بری طرح متاثر ہوتی رہیں گی۔

