ETV Bharat / jammu-and-kashmir
جموں کشمیر، لداخ میں مزید برفباری کی پیشگوئی
کشمیر اور لداخ کے بیشتر علاقوں میں شبانہ درجہ حرارت نقطہ انجماد کے نیچے درج کیا گیا ہے۔

By ETV Bharat Jammu & Kashmir Team
Published : December 30, 2025 at 11:18 AM IST
ٍسرینگر: جموں و کشمیر کی گرمائی دارالحکومت سرینگر میں سردی کا زور بدستور جاری ہے جہاں گزشتہ شب کا کم سے کم درجہ حرارت صرف 1 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ جبکہ یونین ٹیریٹری لداخ کے لیہہ ضلع میں سب سے زیادہ سرد رات ریکارڈ ہوئی جہاں درجہ حرارت منفی 8.4 درجے تک گر گیا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق وادی کشمیر کے کئی علاقوں میں رات کا درجہ حرارت بیشتر علاقوں میں نقطہ انجماد کے آس پاس ریکارڈ ہوا۔ معروف سیاحتی مقام پہلگام میں درجہ حرارت منفی 1.2, گلمرگ میں منفی 1.6 اور پلوامہ میں منفی 1.1 ڈگری ریکارڈ ہوا۔ سرینگر ایئرپورٹ پر کم سے کم درجہ حرارت 0.8 ڈگری رہا۔
جنوبی کشمیر کے اننت ناگ 0.8, شوپیان 0.2 اور قاضی گنڈ میں پارہ 1.4 رہا۔ وہیں شمالی کشمیر کے کپوارہ، بارہمولہ اور بانڈی پورہ میں درجہ حرارت 1 تا 2 ڈگری کے درمیان رہا جبکہ وسطی کشمیر کے سونہ مرگ میں 0.4 ڈگری درج کیا گیا۔
جموں خطے میں موسم نسبتاً گرم رہا، جموں شہر میں کم از کم 8.6 جبکہ کٹرا میں 9.8 ڈگری ریکارڈ کیا گیا۔ تاہم پہاڑی علاقوں میں سردی کی شدت جاری رہا، کشتواڑ میں منفی 1.5 اور بھدرواہ میں 3.8 ڈگری ریکارڈ ہوا۔
لداخ میں سردی کا قہر جاری: یونین ٹیریٹری لداخ میں لیہہ ضلع سب سے سرد رہا، اس کے بعد کرگل منفی 7.9 اور نوبرا ویلی میں پارہ منفی 4.2 ڈگری ریکارڈ ہوا۔
محکمہ موسمیات نے آج سے یکم جنوری تک جموں و کشمیر کے کئی مقامات پر ہلکی سے درمیانہ درجے کی برفباری کی پیشگوئی کی ہے، خاص طور پر بالائی علاقوں پر برفباری متوقع ہے۔ آج موسم عام طور پر ابر آلود رہنے کا امکان ہے اور شام تک ہلکی بارش یا برفباری ہو سکتی ہے۔
محکمہ موسمیات نے مزید کہا ہے کہ یکم جنوری تک زیادہ تر مقامات پر ہلکی بارش یا برفباری کا امکان ہے، جبکہ شمالی و وسطی کشمیر کے چند بلند علاقوں میں درمیانہ درجے کی برفباری بھی ہو سکتی ہے۔ زوجی لا، دراس اور سیاچن جیسے علاقوں میں زیادہ برفباری متوقع ہے، جبکہ کرگل، زنسکار اور لیہہ کے بالائی علاقوں میں بھی ہلکی سے درمیانہ درجے کی برفباری کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
زوجی لا پر اس دوران 10 انچ تک برفباری کا امکان ظاہر کیا گیا ہے، جس کی وجہ سے 31 دسمبر کو شاہراہ پر عارضی طور پر ٹریفک متاثر ہو سکتا ہے۔ حکام نے بتایا ہے کہ موجودہ موسمی صورتحال کی وجہ سے پروازیں بھی منسوخ ہو سکتی ہیں۔
ماہرین موسمیات کے مطابق برفباری کا آغاز منگل کی سہ پہر سے ممکن ہے اور 31 دسمبر کی صبح تک جاری رہ سکتا ہے۔ اگر دوران شب وقفے وقفے دار بارشوں یا برفباری کا سلسلہ جاری رہا تو بعض نشیبی علاقوں میں ہلکی برفباری کا 40 فیصد امکان بھی ہے۔ برفباری کے عروج کے دوران موسم سرد اور ابر آلود رہنے کا بھی امکان ظاہر کیا ہے، جبکہ یکم جنوری کی دوپہر کے بعد موسم میں بہتری آ سکتی ہے اور 12 جنوری تک کوئی بڑی موسمی سرگرمی متوقع نہیں ہے۔
مزید پڑھیں:

