ETV Bharat / jammu-and-kashmir
موسم کی خراب صورتحال، آپریشنل مسائل کی وجہ سے سری نگر ہوائی اڈے پر چھ پروازیں منسوخ
حکام نے بتایا کہ بدھ کے روز جموں و کشمیر کے سرینگر ہوائی اڈے پر کل چھ آنے اور روانگی کی پروازیں منسوخ کردی گئیں۔

Published : December 31, 2025 at 4:26 PM IST
بڈگام: شیخ العالَم بین الاقوامی ہوائی اڈے پر خراب موسمی حالات کے باعث بدھ کے روز چھ آنے اور روانگی کی پروازیں منسوخ کر دی گئیں۔ ہوائی اڈے کے حکام کے مطابق یہ صورتحال جموں اور شمالی ہندوستان کے دیگر حصوں میں گھنی دھند اور بعض آپریشنل مسائل کے سبب پیدا ہوئی۔Body:حکام نے بتایا کہ موسم کی خرابی کی وجہ سے انڈیگو کی ایک، ایئر انڈیا کی تین اور ایئر انڈیا ایکسپریس کی ایک پرواز منسوخ کی گئی، جبکہ اسپائس جیٹ کی ایک پرواز آپریشنل وجوہات کی بنا پر منسوخ ہوئی۔
ایکس پر جاری بیان میں مسافروں کو مشورہ دیا گیا کہ وہ ہوائی اڈے روانہ ہونے سے قبل اپنی متعلقہ ایئر لائن سے فلائٹ اسٹیٹس کی تصدیق کریں۔ بیان کے مطابق ایئر انڈیا ایکسپریس کی فلائٹ 1271/1272 (جموں–سری نگر–دہلی)، جس کی متوقع آمد 1:45 بجے اور روانگی 2:20 بجے تھی، جموں میں متوقع خراب موسم کے باعث بھی منسوخ کر دی گئی۔

ادھر ایئرپورٹس اتھارٹی آف انڈیا (اے اے آئی) نے ایڈوائزری جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ گھنی دھند کے باعث شمالی ہندوستان کے چند ہوائی اڈوں پر کم مرئیت کی وجہ سے فلائٹ آپریشن متاثر ہو رہے ہیں، جس سے تاخیر کا امکان ہے۔ مسافروں کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ براہِ راست ایئر لائنز سے اپ ڈیٹس حاصل کریں اور معمول سے پہلے ہوائی اڈے پہنچیں۔
یہ بھی پڑھیں: خراب موسم کے سبب سرینگر ہوائی اڈے پر 15 پروازیں منسوخ
واضح رہے کہ منگل کی صبح دہلی کے اندرا گاندھی بین الاقوامی ہوائی اڈے پر بھی گھنی دھند کے باعث فلائٹ آپریشن میں شدید خلل پڑا، جہاں تقریباً 60 آمد اور 58 روانگی کی پروازیں منسوخ کی گئیں، جبکہ 16 پروازوں کو متبادل شہروں کی جانب موڑ دیا گیا۔

