ETV Bharat / jammu-and-kashmir

جموں میں سکیورٹی سخت، کرائے داروں کی تصدیق نہ کرانے پر 9 مالکان کے خلاف ایف آئی آر

پولیس رہائشی علاقوں میں لاؤڈ سپیکر سے اعلان کر رہی ہے کہ کرایہ داروں کی تصدیق لازمی ہے۔

SECURITY TIGHTENED IN JAMMU BEFORE JANUARY 26 FIR AGAINST 9 LANDLORDS OVER TENANT VERIFICATION
جموں میں کرائے داروں کی تصدیق نہ کرانے پر 9 مالکان کے خلاف ایف آئی آر (ETV Bharat)
author img

By ETV Bharat Urdu Team

Published : January 7, 2026 at 8:35 AM IST

4 Min Read
Choose ETV Bharat

جموں: (محمد اشرف غنی) جموں پولیس نے 26 جنوری کو یوم جمہوریہ کے پیش نظر حفاظتی انتظامات سخت کر دیے ہیں۔ اس سلسلے میں شہر بھر میں کرایہ داروں کی تصدیق کے عمل کو سختی سے نافذ کیا جا رہا ہے۔ جموں پولیس کے ترجمان کے مطابق گذشتہ ہفتے کے دوران بغیر تصدیق کے مکانات کرایہ پر دینے پر 9 مکان مالکان کے خلاف ایف آئی آر درج کی گئی ہیں۔

جموں میں کرائے داروں کی تصدیق نہ کرانے پر 9 مالکان کے خلاف ایف آئی آر (ETV Bharat)

اس دوران جموں پولیس رہائشی علاقوں میں لاؤڈ سپیکر کا استعمال کر کے عام لوگوں کو بتانے کی کوشش کر رہی ہے کہ کرایہ دار کی تصدیق ضروری ہے۔

کچھ دن پہلے، جموں پولیس نے پہلی بار عوام کو سہولت فراہم کرنے کے لیے ایک آن لائن پورٹل کے ذریعے کرایہ دار کی تصدیق شروع کی تھی۔ اس کے ساتھ قریبی تھانے میں تصدیق کی سہولت بھی برقرار رکھی گئی ہے۔ حال ہی میں پولیس نے شہر بھر میں ایک خصوصی آگاہی مہم بھی چلائی، جس کے تحت سڑکوں پر پولیس نے اعلانات کے ذریعے عوام سے اپیل کی کہ وہ اپنے کرایہ داروں کی بروقت تصدیق کو یقینی بنائیں۔ تاہم اب پولیس مختلف علاقوں میں چھان بین کر رہی ہے اور تصدیق نہ کرانے والے مکان مالکان کے خلاف قانونی کارروائی کی جا رہی ہے۔

جموں میں کرایہ داروں کی تصدیق کے حوالے سے سختی کی سب سے بڑی وجہ گذشتہ برسوں میں پیش آنے والے وہ واقعات ہیں جن میں عسکریت پسندوں نے کرایہ دار کے طور پر رہائش اختیار کی اور بڑی وارداتیں انجام دیں۔ چند سال قبل جموں کے ٹرانسپورٹ نگر میں ایک بڑا دھماکہ ہوا تھا جہاں ملزم بھٹنڈی علاقے میں کرائے کے مکان میں مقیم تھا۔ اس کے علاوہ کئی ایسے معاملات بھی سامنے آئے ہیں جن میں عسکریت پسندوں نے اپنی سرگرمیوں کے لیے کرائے کے مکانات استعمال کیے ہیں۔ ان وجوہات کی وجہ سے پولیس اس معاملے میں پوری سختی سے کام لے رہی ہے۔

دوسری جانب جموں و کشمیر پولیس نے جموں شہر کی مجموعی سکیورٹی کو مضبوط بنانے کے لیے ایک اور اہم قدم اٹھایا ہے۔ پولیس اب شہر کے مختلف حساس مقامات پر نصب پرائیویٹ سی سی ٹی وی کیمروں کو اپنے کیمروں سے مربوط کمانڈ اینڈ کنٹرول سنٹر سے جوڑنے کی تیاری کر رہی ہے۔ اس اقدام کا مقصد یہ ہے کہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے کی صورت میں پولیس فوری طور پر کمانڈ سینٹر سے متعلقہ علاقے کی فوٹیج حاصل کر سکے اور فوٹیج تلاش کرنے کے لیے موقعے پر جا کر وقت ضائع نہ کرے۔

اس سلسلے میں جموں کے ایک سینئر پولیس افسر نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر ای ٹی وی بھارت کو بتایا کہ نجی سی سی ٹی وی کیمروں کو پولیس کے کنٹرول میں لانے کا معاملہ اعلیٰ حکام کی سطح پر اٹھایا گیا ہے، اور یہ خبر درست ہے۔ افسر کے مطابق چونکہ یہ ایک بڑا اور حساس منصوبہ ہے، اس لیے اعلیٰ حکام نے ایک ہی کمانڈ روم سے سی سی ٹی وی کیمروں کی نگرانی کے منصوبے کی منظوری دے دی ہے، تاہم یہ منصوبہ فی الحال عملدرآمد کے مرحلے میں ہے۔ مذکورہ افسر نے ای ٹی وی بھارت سے تصدیق کی کہ سی سی ٹی وی کیمروں کو ایک ہی کمرے کے کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر میں کنٹرول کیا جائے گا۔

اس کے ساتھ ہی سمارٹ سٹی مشن کے تحت جموں شہر میں سکیورٹی کے نظام کو مضبوط کیا گیا ہے۔ شہر کے مختلف اہم ٹریفک چوراہوں، داخلی و خارجی راستوں اور حساس مقامات پر کل 633 سی سی ٹی وی کیمرے نصب کیے گئے ہیں۔ ان تمام کیمروں کو سینٹرل کمانڈ اینڈ کنٹرول روم سے براہ راست مانیٹر کیا جا رہا ہے جس سے کسی بھی مشکوک سرگرمی یا ناخوشگوار واقعے پر فوری کارروائی کی جا سکتی ہے۔ پولیس حکام کے مطابق نگرانی کا یہ جدید نظام اے آئی پر مبنی چہرے کی شناخت کی ٹیکنالوجی سے لیس ہے جو کہ مطلوب افراد کی شناخت اور مشکوک حرکات پر نظر رکھنے میں انتہائی کارگر ثابت ہو رہا ہے۔

مزید پڑھیں:

جموں میں کرایہ داروں اور ملازمین کی سات دنوں کے اندر تصدیق لازمی، ڈی ایم نے جاری کی ہدایت

آر ایس پورہ میں کرایہ داروں کی تصدیق نہ کرانے پر دو مکان مالکان کے خلاف مقدمہ درج