ETV Bharat / jammu-and-kashmir

کہرے کے بیچ دراندازی کو ناکام بنانے کے لیے سرحد پر سیکورٹی مزید سخت

جموں میں بین الاقوامی سرحد پر بی ایس ایف نے سردیوں کے دوران سیکورٹی مزید بڑھا دی ہے۔

ا
بی ایس ایف اہلکار جموں آئی بی پر نگرانی کرتے ہوئے (ای ٹی وی بھارت)
author img

By ETV Bharat Jammu & Kashmir Team

Published : December 30, 2025 at 3:54 PM IST

3 Min Read
Choose ETV Bharat

جموں (محمد اشرف گنائی) : موسم سرما میں شدید ٹھنڈ اور گھنے کہرے کے بیچ بارڈر سکیورٹی فورس (بی ایس ایف) نے جموں خطے میں بین الاقوامی سرحد (آئی بی) کے تمام حساس علاقوں میں گشت مزید سخت کر دیا ہے تاکہ ’’دہشت گرد اس موسم کا فائدہ اٹھا کر دراندازی یا اسلحہ و منشیات کی اسمگلنگ نہ کر سکیں۔‘‘

کہرے کے بیچ دراندازی کو ناکام بنانے کے لیے سرحد پر سیکورٹی مزید سخت (ای ٹی وی بھارت)

ماہرین کا کہنا ہے کہ ٹھنڈے موسم میں گہری دھند کی وجہ سے حد نگاہ سمٹ جاتی ہے اور دہشت گرد اسی کا فائدہ اٹھا کر سرحد کے اس پار آنے یا ہتھیار ومنشیات اسمگل کرنے کی تاک میں رہتے ہیں۔ تاہم بی ایس ایف ہر سال کی طرح امسال بھی موسم سرما کے دوران ممکنہ دراندازی کو روکنے کے لیے سخت اقدامات اٹھا رہی ہے۔

بی ایس ایف کی خواتین اہلکار بھی مرد اہلکاروں کے شانہ بشانہ سرحدی علاقوں میں گشت انجام دے رہی ہیں۔ جموں میں سرحد پر کسی بھی مشکوک نقل و حرکت پر نظر رکھنے کے لیے جدید الیکٹرانک آلات نصب کیے گئے ہیں جو گھنے کہرے کے باوجود نگرانی کے اہل ہیں۔ سرحدی علاقوں کے دورے پر آئے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے بی ایس ایف اہلکاروں نے بتایا کہ ’’پاکستان سے ملحقہ جموں، سانبہ اور کٹھوعہ اضلاع میں اضافی دستے تعینات کیے گئے ہیں اور چوبیس گھنٹے گشت انجام دیا جا رہا ہے۔ زیر آب علاقوں، خالی جگہوں اور ویک پوائنٹس (Weak Points) کی نشاندہی کرکے خصوصی توجہ دی جا رہی ہے تاکہ کسی بھی ممکنہ دراندازی کی کوشش کو بر وقت ناکام بنایا جا سکے۔‘‘

خواتین بی ایس ایف اہلکاروں نے صحافیوں کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ’’گھنے کہرے کے باعث سیکورٹی مزید الرٹ پر ہے، تاہم عوام کو فکر مند ہونے کی ضرورت نہیں اور وہ نئے سال کی تقریبات بلا خوف منا سکتے ہیں کیونکہ سرحدوں کی مستعد نگرانی کی جا رہی ہے۔‘‘ انہوں نے واضح کیا کہ ’’سخت سردی اور کہرا بی ایس ایف کے حوصلے پست نہیں کر سکتا اور دن ہو یا رات، گشت کا سلسلہ بلا تعطل اور ہمیشہ جاری رہتا ہے۔‘‘

ا
آئی بی، جموں (ای ٹی وی بھارت)

ادھر، محکمہ موسمیات نے منگل سے جموں و کشمیر کے مختلف علاقوں میں ہلکی سے درمیانہ درجے کی برف باری کا امکان ظاہر کیا ہے۔ موسمی خرابی، شدید سردی اور گھنی دھند کے پیش نظر بھی بی ایس ایف نے بین الاقوامی سرحد پر نگرانی کو مزید سخت کر دیا ہے تاکہ ’’کوئی بھی شدت پسند یا اسمگلر موسم کا فائدہ اٹھا کر دراندازی نہ کر پائے۔‘‘

بی ایس ایف کے مطابق سرحد کے اس پار ہونے والی سرگرمیوں پر کڑی نظر رکھنے کے لیے جدید ٹیکنالوجی سے لیس کثیر تعداد میں جدید آلات نصب کیے گئے ہیں، جن میں کہرے کے اثر کو ناکام بنانے والی جدید ٹیکنالوجی بھی شامل ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ سرحد پر دہشت گردوں کی موجودگی سے متعلق خفیہ اطلاعات موصول ہوئی ہیں جس میں سردیوں کے دوران کہرے کا فائدہ اٹھا کر دراندازی کی منصوبہ بندی کا اشارہ دیا گیا ہے۔ دوسری جانب جموں کشمیر پولیس کے اسپیشل گروپ کی طرف سے بھی روزانہ بنیادوں پر سرحدی علاقوں میں تلاشی مہم چلائی جا رہی ہے۔

کہرے کے بیچ دراندازی کو ناکام بنانے کے لیے سرحد پر سیکورٹی مزید سخت
کہرے کے بیچ دراندازی کو ناکام بنانے کے لیے سرحد پر سیکورٹی مزید سخت (ای ٹی وی بھارت)

یہ بھی پڑھیں:

جموں: بین الاقوامی سرحد پر دراندازی کی کوشش ناکام، ایک درانداز ہلاک