ETV Bharat / jammu-and-kashmir
کشمیر میں بدھ سے ہونگی تعلیمی سرگرمیاں بحال، سرینگر اور بڈگام کا فیصلہ پابندیوں سے مشروط
خامنہ ای کی ہلاکت کے بعد ہوئے احتجاج کے پیش نظر انتظامیہ نے پیر اور منگل کو اسکول بند رکھنے کا فیصلہ کیا تھا۔

By ETV Bharat Jammu & Kashmir Team
Published : March 3, 2026 at 4:00 PM IST
سرینگر (نیوز ڈیسک) : جموں کشمیر حکومت نے منگل کو اعلان کیا کہ کشمیر کے آٹھ اضلاع میں اسکول اور کالجز آئندہ کل سے تعلیمی سرگرمیوں کے لئے دوبارہ کھل جائیں گے۔ جبکہ سرینگر اور بڈگام میں تعلیمی ادارے کھولنے کا فیصلہ پابندیوں کی صورتحال پر منحصر ہوگا۔
وزیر تعلیم سکینہ ایتو نے خبر رساں ایجنسیز کو بتایا کہ وادی کے دس اضلاع میں سے آٹھ اضلاع میں بدھ سے تعلیمی ادارے معمول کے مطابق کام شروع کر دیں گے۔
انہوں نے واضح کیا کہ سرینگر اور بڈگام میں اسکول اور کالجز کھولنے کا فیصلہ وہاں کے حالات اور انتظامیہ کی جانب سے عائد پابندیوں پر منحصر ہے۔
وزیر تعلیم نے کہا: "اگر کل بھی پابندیاں برقرار رہیں تو سرینگر اور بڈگام میں اسکول نہیں کھلیں گے۔ اور اگر پابندیاں نہیں ہوئیں تو تعلیمی ادارے معمول کے مطابق کام کریں گے۔"
یاد رہے کہ ہفتہ اور اتوار کی درمیانی شب اسرائیل اور امریکہ کے حملوں میں ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای ہلاک کیے گئے جس کے بعد وادی میں احتجاجی مظاہرے پھوٹ پڑے اور انتظامیہ نے مزید احتجاجوں اور مظاہروں کو روکنے کے لئے پابندیاں عائد کیں۔ انتظامیہ نے اسی روز پیر اور منگل کو احتیاطی اقدامات کے طور پر اسکول بند رکھے جانے کے احکامات صادر کیے تھے۔ تاہم اب بیشتر علاقوں میں حالات بتدریج بہتر ہو رہے ہیں جس کے بعد حکام نے آٹھ اضلاع میں تعلیمی سرگرمیاں بحال کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ سرینگر اور بڈگام کے بارے میں حتمی فیصلہ زمینی صورتحال کا جائزہ لینے کے بعد کیا جائے گا اور اس حوالے سے مزید اطلاع بروقت جاری کی جائے گی۔
یہ بھی پڑھیں:

