ETV Bharat / jammu-and-kashmir
جموں کے اسکولوں اور تعلیمی اداروں میں جنک فوڈ کی فروخت، تشہیر اور استعمال پر پابندی
کینٹین، ٹک شاپ، کیفے ٹیریا، فوڈ آؤٹ لیٹس سے ممنوعہ اشیاء اور ان سےمتعلق تشہیری مواد فوری طور پر ہٹانے کی ہدایت دی گئی ہے۔

By ETV Bharat Jammu & Kashmir Team
Published : September 3, 2026 at 10:06 AM IST
جموں (محمد اشرف گنائی): ڈائریکٹوریٹ آف اسکول ایجوکیشن جموں نے بچوں اور طلبہ کی صحت، غذائیت اور جسمانی نشوونما کو مدنظر رکھتے ہوئے جموں ڈویژن کے تمام سرکاری و نجی تسلیم شدہ اسکولوں، کوچنگ سینٹروں اور دیگر تعلیمی اداروں میں جنک اور فاسٹ فوڈ کی فروخت، ذخیرہ، نمائش، تشہیر اور تقسیم پر فوری طور پر پابندی عائد کرنے کی ہدایات جاری کی ہیں۔
ڈائریکٹوریٹ کی جانب سے جاری سرکلر کے مطابق اسکولوں اور تعلیمی اداروں کے احاطے میں کاربونیٹیڈ اور شکر کی زیادہ مقدار والے مشروبات، چاکلیٹس و کنفیکشنری، انسٹنٹ یا پیک شدہ نوڈلز، پیزا، برگر، چپس، پیک شدہ تلی ہوئی اور نمکین اشیا، زیادہ چینی، چکنائی یا نمک والی دیگر غذاؤں کی فروخت اور تشہیر ممنوع ہوگی۔ سرکلر میں کہا گیا ہے کہ اسکولوں کے مرکزی دروازے سے 50 میٹر کے دائرے میں بھی بچوں کو متعلقہ ایچ ایف ایس ایس یعنی زیادہ چکنائی، چینی اور نمک والی غذائیں فروخت کرنے پر پابندی ہوگی، جس پر فوڈ سیفٹی سے متعلق نافذ ضوابط کے مطابق عمل درآمد کیا جائے گا۔

محکمہ تعلیم نے اسکولوں، کوچنگ سینٹروں اور دیگر تعلیمی اداروں میں جنک فوڈ سے متعلق اشتہارات، پوسٹرز، بینرز، برانڈنگ، اسپانسرشپ اور تشہیری مواد پر بھی پابندی عائد کردی ہے۔ ایسے تجارتی اداروں کو تعلیمی عمارتوں، کھیلوں کے سامان، یونیفارم، نوٹس بورڈز، ڈیجیٹل پلیٹ فارمز اور دیگر ادارہ جاتی وسائل کو برانڈنگ یا تشہیر کے لیے استعمال کرنے کی اجازت نہیں ہوگی۔
تمام اداروں کے سربراہان کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ کینٹین، ٹک شاپ، کیفے ٹیریا، وینڈنگ پوائنٹس اور دیگر فوڈ آؤٹ لیٹس سے ممنوعہ اشیاء اور ان سے متعلق تشہیری مواد فوری طور پر ہٹا دیں۔ کینٹین اور دیگر فوڈ آؤٹ لیٹس کو فوڈ سیفٹی، حفظان صحت، لائسنسنگ اور غذائی معیار سے متعلق مقررہ اصولوں پر عمل کرنا ہوگا۔ سرکلر میں تعلیمی اداروں کو تازہ پھل اور سبزیاں، مکمل اناج اور باجرہ، دالیں، دودھ اور دودھ سے بنی اشیا، کم پراسیس شدہ غذائیں، مقامی و روایتی صحت بخش کھانے اور صاف پینے کے پانی کے استعمال کو فروغ دینے کی ہدایت بھی دی گئی ہے طلبہ، والدین، اساتذہ، عملے، کینٹین آپریٹرز اور دکانداروں میں متوازن غذا، غذائی تحفظ اور جنک فوڈ کے زیادہ استعمال کے مضر اثرات سے متعلق باقاعدگی سے آگاہی پروگرام منعقد کرنے کی ہدایت بھی دی گئی ہے۔

محکمہ نے ہر اسکول اور تعلیمی ادارے میں ایک ذمہ دار افسر یا شخص مقرر کرنے کی ہدایت دی ہے، جو ان احکامات پر عمل درآمد کی نگرانی کرے گا۔ کینٹین، ٹک شاپس اور دیگر فوڈ آؤٹ لیٹس کا باقاعدگی سے معائنہ کیا جائے گا، جبکہ خلاف ورزی کی صورت میں معاملہ متعلقہ مجاز اتھارٹی کے نوٹس میں لایا جائے گا۔ چیف ایجوکیشن افسران کو اپنے متعلقہ اضلاع میں ان ہدایات کی نگرانی اور عمل درآمد یقینی بنانے کے ساتھ ڈائریکٹوریٹ کو وقتاً فوقتاً تعمیلی رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ سرکلر ڈائریکٹر اسکول ایجوکیشن جموں کی جانب سے جاری کیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں:

