ETV Bharat / jammu-and-kashmir

چھڑی مبارک مقدس امرناتھ گھپا کی جانب روانہ، امرناتھ یاترا 2026 آخری مرحلے میں داخل

مہنت دپیندر گری نے عقیدت مندوں کے جذبات کے پیشِ نظر امرناتھ یاترا کو شراون پورنیما تک جاری رکھنے کا مطالبہ کیا۔

چھڑی مبارک مقدس امرناتھ گھپا کی جانب روانہ
چھڑی مبارک مقدس امرناتھ گھپا کی جانب روانہ (ETV Bharat)
author img

By ETV Bharat Urdu Team

Published : August 22, 2026 at 4:15 PM IST

5 Min Read
Choose ETV Bharat

اننت ناگ (میر اشفاق) سالانہ امرناتھ یاترا 2026 اپنے آخری مرحلے میں داخل ہو گئی ہے۔ مذہبی روایات کے مطابق، چھڑی مبارک کو سنیچر کے روز مقدس امرناتھ گپھا کی جانب روانہ کیا گیا، جس کی قیادت چھڑی مبارک کے نگراں مہنت دپیندر گری کر رہے ہیں۔ مذہبی روایات کے تحت چھڑی مبارک ہفتے کے روز ضلع اننت ناگ کے تاریخی مارٹنڈ سوریا مندر (مٹن) پہنچی، جہاں کشمیری پنڈتوں نے اس کا والہانہ اور مذہبی جوش و خروش کے ساتھ استقبال کیا۔ اس موقع پر مسلم اور سکھ برادری سے تعلق رکھنے والے افراد بھی موجود تھے، جس نے اس تقریب کو فرقہ وارانہ ہم آہنگی اور بھائی چارے کی ایک خوبصورت مثال بنا دیا۔

چھڑی مبارک کے نگراں مہنت دپیندر گری کا بیان (ETV Bharat)

مارٹنڈ تیرتھ ٹرسٹ کی جانب سے تاریخی سوریا مندر کے احاطے میں ایک بڑی مذہبی تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں جموں و کشمیر کے علاوہ ملک کے مختلف علاقوں سے تعلق رکھنے والے کشمیری پنڈتوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ تقریب کے دوران بھجن کیرتن، خصوصی پوجا اور پرشاد کی تقسیم کا بھی اہتمام کیا گیا۔ چھڑی مبارک کے نگراں مہنت دپیندر گری کی قیادت میں جب چھڑی مبارک مارٹنڈ سوریا مندر پہنچی، تو وہاں تمام مذہبی رسومات کی ادائیگی کے بعد اسے روایتی اسنان دیا گیا۔ خصوصی پوجا، اشنان اور دیگر مذہبی لوازمات کی تکمیل کے بعد چھڑی مبارک کو پہلگام کے گوری شنکر مندر کی جانب روانہ کر دیا گیا۔

چھڑی مبارک مقدس امرناتھ گھپا کی جانب روانہ
چھڑی مبارک مقدس امرناتھ گھپا کی جانب روانہ (ETV Bharat)

روایتی سفر کے دوران چھڑی مبارک گنیش بل مندر (پہلگام) پہنچے گی، جہاں سے اسے چندن واڑی لے جایا جائے گا۔ مختلف پڑاؤ طے کرنے کے بعد چھڑی مبارک شیش ناگ پہنچے گی اور پھر مذہبی روایات کے مطابق، شراون پورنیما کے دن مقدس امرناتھ گپھا پہنچے گی۔ مقدس گپھا میں خصوصی پوجا اور مذہبی رسومات کی ادائیگی کے بعد چھڑی مبارک کو واپس دشنامی اکھاڑہ، سرینگر لایا جائے گا، جس کے ساتھ ہی مذہبی اور روایتی اعتبار سے سالانہ امرناتھ یاترا 2026 کا باقاعدہ اختتام ہو جائے گا۔

چھڑی مبارک مقدس امرناتھ گھپا کی جانب روانہ
چھڑی مبارک مقدس امرناتھ گھپا کی جانب روانہ (ETV Bharat)

قابلِ ذکر ہے کہ اگرچہ حکومت کی جانب سے خراب موسمی حالات کے پیشِ نظر 9 اگست کو ہی یاترا ختم کرنے کا اعلان کر دیا گیا تھا، جبکہ اس کا طے شدہ اختتام 28 اگست کو ہونا تھا، تاہم صدیوں پرانی مذہبی روایات کے مطابق یاترا کا روایتی اختتام شراون پورنیما کے دن چھڑی مبارک کے مقدس امرناتھ گپھا پہنچنے اور وہاں مذہبی رسومات کی تکمیل کے بعد ہی تصور کیا جاتا ہے۔ سالانہ امرناتھ یاترا رواں برس 3 جولائی کو شروع ہوئی تھی اور اس میں اب تک 4 لاکھ 70 ہزار سے زائد یاتری مقدس امرناتھ گپھا میں حاضری دے کر پوتر شیو لنگم کے درشن کر چکے ہیں۔ مذہبی روایات کے مطابق، چھڑی مبارک کے مقدس گپھا پہنچنے کے ساتھ ہی 28 اگست کو 57 روز پر محیط اس یاترا کا روایتی اور رسمی اختتام عمل میں آئے گا۔

چھڑی مبارک مقدس امرناتھ گھپا کی جانب روانہ
چھڑی مبارک مقدس امرناتھ گھپا کی جانب روانہ (ETV Bharat)

چھڑی مبارک کے نگراں مہنت دپیندر گری نے کہا کہ رواں برس مختصر مدت کے دوران بھی لاکھوں یاتریوں کو مقدس امرناتھ گپھا میں قدرتی شیو لنگم کے درشن کا موقع ملا۔ انہوں نے یاترا کے دوران بہترین انتظامات پر حکومت اور متعلقہ انتظامیہ کا شکریہ بھی ادا کیا۔ تاہم، انہوں نے اصرار کیا کہ یاترا کا ایک اہم مذہبی پہلو بھی ہے جس پر خصوصی توجہ دی جانی چاہیے۔ ان کے مطابق، گزشتہ کئی برسوں سے امرناتھ یاترا کو شراون پورنیما سے قبل ہی معطل کر دیا جاتا ہے، جس سے ملک بھر کے ان عقیدت مندوں کے مذہبی جذبات کو ٹھیس پہنچتی ہے جو خاص طور پر شراون پورنیما کے دن مقدس گپھا میں درشن کے لیے آنا چاہتے ہیں۔

چھڑی مبارک مقدس امرناتھ گھپا کی جانب روانہ
چھڑی مبارک مقدس امرناتھ گھپا کی جانب روانہ (ETV Bharat)

مہنت دپیندر گری نے مزید کہا کہ ملک کے مختلف حصوں سے آنے والے عقیدت مندوں کو شراون پورنیما کے مقدس موقع پر درشن کے ان کے مذہبی حق سے محروم نہیں کیا جانا چاہیے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ امرناتھ یاترا کم از کم ایک ماہ کی مقررہ مدت تک لازمی جاری رکھی جائے، اور اگر یاترا کو طویل مدت کے لیے منعقد کرنا مقصود ہو، تو اس کے لیے بنیادی ڈھانچے اور دیگر ضروری سہولیات میں مناسب توسیع کی جانی چاہیے۔

چھڑی مبارک مقدس امرناتھ گھپا کی جانب روانہ
چھڑی مبارک مقدس امرناتھ گھپا کی جانب روانہ (ETV Bharat)

مزید پڑھیں:

امرناتھ یاترا 2026: چھڑی مبارک کا سفر شروع، 2051 یاتری جموں سے بالتل روانہ، موسم کی وارننگ جاری

رامبن: سالانہ سروادھار چھڑی یاترا 2026 کو اکھڑال سے جھنڈی دکھا کر روانہ کیا گیا

امرناتھ یاترا 2026: چھڑی مبارک کو پہلگام پہنچایا گیا، گوری شنکر مندر میں بھومی پوجن اور خصوصی رسومات ادا کی

جموں کشمیر کے ایل جی منوج سنہا نے بڈھا امرناتھ یاترا کو جھنڈی دکھا کر کیا روانہ

امرناتھ یاترا: 4.70 لاکھ کا ہندسہ عبور کرتے ہوئے 1,801 یاتری بالتل کے لیے روانہ