ETV Bharat / jammu-and-kashmir

رمبی أرا نالہ شدید آلودگی کا شکار، مقامی لوگوں نے کیا تشویش کا اظہار

لوگوں نے ندی کی بگڑتی ہوئی حالت پر سخت تشویش کا اظہار کیا اور کہا کہ آلودگی انسانی صحت کےلیے بھی خطرہ بن چکی ہے۔

رمبی أرا نالہ شدید آلودگی کا شکار، مقامی لوگوں نے کیا تشویش کا اظہار
رمبی أرا نالہ شدید آلودگی کا شکار، مقامی لوگوں نے کیا تشویش کا اظہار (ETV Bharat)
author img

By ETV Bharat Urdu Team

Published : February 27, 2026 at 6:06 PM IST

3 Min Read
Choose ETV Bharat

پلوامہ : رمبی أرا نالہ جو ضلع پلوامہ اور شوپیان سے گزرتا ہے، اس وقت شدید آلودگی کا شکار ہے۔ ندی میں سڑے ہوئے سیب، پلاسٹک کچرا، بایو میڈیکل فضلہ اور لاسی پورہ کے صنعتی علاقے سے مبینہ طور پر خارج ہونے والا صنعتی فضلہ بڑی مقدار میں شامل ہو رہا ہے، جس کے باعث پانی کا معیار تیزی سے متاثر ہو رہا ہے اور ماحولیاتی نظام کو سنگین خطرات لاحق ہو گئے ہیں۔

مقامی لوگوں نے ندی کی بگڑتی ہوئی حالت پر سخت تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ آلودگی نہ صرف آبی حیات بلکہ انسانی صحت کے لیے بھی خطرہ بن چکی ہے۔ خاص طور پر کولڈ اسٹوریج یونٹس سے نکلنے والے خراب اور گل سڑ چکے سیبوں کو ندی میں یا اس کے کناروں پر پھینکنے کا سلسلہ جاری ہے، جس سے تعفن پھیل رہا ہے اور پانی آلودہ ہو رہا ہے۔ اس کے علاوہ پلاسٹک اور دیگر غیر تحلیل پذیر اشیاء کی موجودگی نے صورتحال کو مزید سنگین بنا دیا ہے۔

ذرائع کے مطابق لاسی پورہ کے صنعتی علاقے سڑکو سے بھی بعض یونٹس کی جانب سے صنعتی فضلہ مناسب ٹریٹمنٹ کے بغیر خارج کیے جانے کی شکایات موصول ہوئی ہیں۔ مقامی باشندوں کا کہنا ہے کہ متعلقہ حکام کو بارہا آگاہ کرنے کے باوجود مؤثر اقدامات دیکھنے میں نہیں آئے۔

ادھر پولیوشن کنٹرول بورڈ کے حکام نے بتایا کہ متعلقہ کولڈ اسٹوریج مراکز (کولڑ اسٹورز) اور دیگر یونٹس کو نوٹس جاری کیے گئے ہیں اور ماحولیاتی قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ تاہم عوام کا الزام ہے کہ لاسی پورہ میں واقع صنعتی انتظامیہ نے مسئلے کی سنگینی کے مطابق فوری اور مؤثر اقدامات نہیں اٹھائے۔

قابل ذکر ہے کہ لاسی پورہ، ضلع پلوامہ کا ایک بڑا صنعتی علاقہ ہے جہاں تقریباً 500 صنعتی یونٹس کام کر رہے ہیں۔ یہ کولڈ اسٹوریج مراکز باغبانی شعبے، خصوصاً سیب کی پیداوار کو محفوظ رکھنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں، لیکن فضلے اور کیمیائی مادوں کی غیر سائنسی تلفی ماحولیاتی آلودگی میں اضافے کا سبب بن رہی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: جموں کشمیر، اسکول احاطے میں نشہ کرنے کے الزام میں ٹیچر معطل


مقامی لوگوں اور سماجی کارکنوں نے مطالبہ کیا ہے کہ رَمبی آرا کی صفائی کے لیے فوری مہم چلائی جائے، صنعتی فضلے کے اخراج کی سخت نگرانی کی جائے اور آلودگی کے ذمہ دار عناصر کے خلاف عملی کارروائی یقینی بنائی جائے تاکہ ماحولیاتی توازن اور عوامی صحت کا تحفظ ممکن بنایا جا سکے۔