ETV Bharat / jammu-and-kashmir

تعمیراتی بے ضابطگیاں یا ٹھیکیدار کی لاپروائی؟ نمبلن میں زیرِ تعمیر فٹ برج کے ستونوں مین دراڑیں

نمبلن میں زیر تعمیر فٹ برج کے ستونوں پر سوالات کھڑے کیے جارہے ہیں کہ کیا یہ تعمیراتی بے ضابطگی ہے یا ٹھیکیدار کی غفلت؟

سیاحتی مقام نامبلن میں زیرِ تعمیر فٹ برج کے ستونوں میں مبینہ دراڑیں
سیاحتی مقام نامبلن میں زیرِ تعمیر فٹ برج کے ستونوں میں مبینہ دراڑیں (Etv Bharat)
author img

By ETV Bharat Jammu & Kashmir Team

Published : July 6, 2026 at 2:15 PM IST

|

Updated : July 6, 2026 at 3:10 PM IST

2 Min Read
Choose ETV Bharat

پلوامہ (سید عادل مشتاق): جنوبی کشمیر کے ضلع پلوامہ کے خوبصورت سیاحتی مقام نامبلن میں زیرِ تعمیر فٹ برج کے ستونوں میں مبینہ دراڑیں اور تعمیراتی بے ضابطگیاں سامنے آنے کے بعد مقامی لوگوں نے منصوبے کے معیار پر سنگین سوالات اٹھائے ہیں۔

علاقے کو بہتر رابطہ فراہم کرنے اور سیاحت کو فروغ دینے کے مقصد سے محمکہ دیہی نے چند برس قبل اس فٹ برج پر تعمیراتی کام شروع کیا تھا۔

مقامی افراد کا کہنا ہے کہ اگر تعمیراتی معیار پر سمجھوتہ کیا گیا تو مستقبل میں یہ پل حفاظتی خطرات کا سبب بن سکتا ہے (Etv Bharat)

منصوبے کا پہلا مرحلہ لاکھوں روپے کی لاگت سے مکمل کیا گیا، جبکہ دوسرے مرحلے پر کام جاری ہے۔ تاہم دوسرے مرحلے کے دوران رومشی نالہ پر تعمیر کیے جا رہے پل کے ستون میں مبینہ دراڑیں اور دیگر بے ضابطگیاں سامنے آنے کے بعد مقامی باشندوں اور سیاحوں میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے۔

سیاحتی مقام نامبلن میں زیرِ تعمیر فٹ برج کے ستونوں میں مبینہ دراڑیں
سیاحتی مقام نامبلن میں زیرِ تعمیر فٹ برج کے ستونوں میں مبینہ دراڑیں (Etv Bharat)



مقامی افراد کا کہنا ہے کہ نمبلن اپنی قدرتی خوبصورتی، صاف پانی ، سرسبز جنگلات، خوشگوار موسم اور دلکش مناظر کی وجہ سے ضلع پلوامہ کا ایک اہم سیاحتی مقام بن چکا ہے، جہاں ہر سال بڑی تعداد میں مقامی اور غیر مقامی سیاح آتے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ اگر تعمیراتی معیار پر سمجھوتہ کیا گیا تو مستقبل میں یہ پل حفاظتی خطرات کا سبب بن سکتا ہے، خصوصاً اس لیے کہ رومشی نالہ بارشوں کے دوران اکثر طغیانی کی صورت اختیار کر لیتا ہے۔

نمبلن میں زیرِ تعمیر فٹ برج کے ستونوں مین دراڑیں
نمبلن میں زیرِ تعمیر فٹ برج کے ستونوں مین دراڑیں (Etv Bharat)



مقامی رہائشی ریاض احمد کوہلی نے کہا کہ تعمیراتی بے ضابطگیاں انتہائی تشویشناک ہیں اور متعلقہ حکام کو کسی بھی ممکنہ حادثے سے پہلے فوری کارروائی کرنی چاہیے تاکہ عوام کی جان و مال کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔

اس حوالے سے بی ڈی او اچگوزہ محمد اشرف نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مبینہ بے ضابطگیوں کی مکمل جانچ کی جائے گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ تعمیراتی کام میں کسی بھی قسم کی بے ضابطگی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی اور منصوبہ معیاری تعمیراتی اصولوں کے مطابق مکمل کیا جائے گا تاکہ علاقے میں سیاحت کو محفوظ اور مؤثر انداز میں فروغ دیا جا سکے۔
یہ بھی پڑھیں:

Last Updated : July 6, 2026 at 3:10 PM IST