ETV Bharat / jammu-and-kashmir
پنر ترال میں امریکہ اور اسرائیل کے خلاف احتجاج
جموں و کشمیر کے ترال میں ایران کے سپریم لیڈر آیت الللہ علی خامنہ ای کی موت کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔

Published : March 2, 2026 at 7:37 AM IST
ترال(شبیر بٹ): ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ سید علی خامنہ ای کی شہادت کی ایرانی سرکاری میڈیا کی جانب سے تصدیق کے بعد جموں و کشمیر کے مختلف اضلاع میں بڑے پیمانے پر احتجاجی مظاہرے دیکھنے میں آئے۔
سرینگر سے لے کر رامبن، اننت ناگ اور بانڈی پورہ تک ہزاروں افراد سڑکوں پر نکل آئے، سوگ منایا اور امریکہ و اسرائیل کے خلاف نعرے بازی کی۔ انتظامیہ نے صورت حال کے پیش نظر سکیورٹی ہائی الرٹ پر رکھتے ہوئے کئی احتیاطی اقدامات کئے ہیں۔ اس حوالے سے جنوبی کشمیر کے پنر جاگیر ترال علاقے میں بھی شعیہ برادری نے احتجاج کیا اور امریکہ اور اسرائیل کے خلاف پر زور نعرہ بازی کی۔
مظاہرین نے کہا کہ 'سید علی خامنہ ای کو دھوکے سے شہید کیا گیا۔ اس مرد حر نے تمام تر سازشوں کے باوجود اسلام کی آبیاری کے لیے خود کو پیش کیا۔'
اس موقعے پر ایک احتجاجی نے کہا کہ امریکہ دنیا میں اپنی چودھراہٹ قائم کرنے کی کوشش کر رہا ہے لیکن حسینی مشن اور حسینی کردار ہمیشہ باطل کے خلاف سینہ سپر ہوگا، جس طرح ہمارے رہبر نے ثابت کر کے دکھایا ہے۔
مزید پڑھیں: ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای کون ہیں
واضح رہے کہ امریکہ اور اسرائیل کے مشترکہ حملوں میں ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای کی ہلاکت کے بعد جموں و کشمیر سمیت ملک کی متعدد ریاستوں میں شدید احتجاجی مظاہرے کیے گئے۔

